Inquilab Logo

مانسون کے دوران آنے والی آفت سے سیب کا سیزن متاثر

Updated: September 03, 2023, 12:22 PM IST | Agency | Shimla

ہماچل پردیش میں امسال خراب موسم نے پھولوں پر پولن کو ٹکنے نہیں دیا تو وہیں بعد میں مسلسل بارش اور ژالہ باری نے سیب کا سائز ٹھیک سے بڑھنے نہیں دیا

Apple growers are suffering a lot from bad weather.Photo. INN
سیب کے باغبانوں کو خراب موسم سے بہت نقصان ہورہاہے۔ تصویر:آئی این این

ہماچل میں مانسون کے دوران ہونے والی آفت کا سیب کے سیزن پر بھی بڑا اثر پڑا۔ شروع میں ایسا لگ رہا تھا کہ اس بار سیب کا سیزن بری طرح متاثر ہونے والا ہے۔ لیکن باغبانوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور خراب موسم کے دوران سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے سیب توڑنا روک دیا۔ تاہم اس بار سیب شروع سے ہی موسم کی زد پر رہاہے۔اس کے بعد سے یہ سنبھل نہیں رہا ہے جس سے سیبوں کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ 
موسم سرما میں باغبان کافی خوش تھے کہ اس بار سیب کے چلنگ آور پورے ہونے کی وجہ سے سیب کی فصل اچھی ہوگی لیکن جس وقت پھولوں کو دور تھا اس وقت بھی مسلسل خراب موسم کے باعث پھولوں کی افزائش متاثر ہوئی ہے۔ اس سال مسلسل خراب موسم نے پھولوں پر پولن کو ٹکنے نہیں دیا، تو وہیں بعد میں مسلسل بارش اور ژالہ باری نے سیب کا سائز ٹھیک سے بڑھنے نہیں دیا۔
اگر اس بار سیب کے سیزن کی بات کریں تو سست رفتاری سے شروع سیب کے سیزن میں ۳۰؍ جون سے۳۱؍ اگست یعنی دوماہ میں ریاست کی مختلف منڈیوں میں سیب کی تقریباً ۷۴۴۵۱۰۸؍پیٹیاں پہنچی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے بہت کم ہیں ۔ پچھلے سال میں ۳۱؍ اگست تک۱ء۸۱؍ کروڑ باکس مارکیٹ میں پہنچ چکے تھے۔ یہ اعداد و شمار ایچ پی اسٹیٹ ایگریکلچر مارکیٹنگ بورڈ کے ہیں ، جوکہ پورے ہماچل پردیش میں سیب کی خریداری پر نظر رکھتا ہے۔ اس باربڑے خریدار کے طور پر اے پی ایم سی نے بھی ۳؍ اہم منڈیوں سے سیب کی خریداری شروع کی تھی اور تقریباً۴۰؍ لاکھ سیب کے ڈبے اے پی ایم سی نے خریدے ہیں ۔
غور طلب ہے کہ اس بار حکومت نے ریاست میں کلو کے حساب سے سیب خریدنے کی ہدایات دی ہیں اورجو آڑھتی ان ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا جائے گا اس کا لائسنس منسوخ کرکے سخت کارروائی کی بات بھی باغبانی کے وزیر جگت سنگھ نیگی کئی بار کرچکے ہیں ۔
 ایچ پیاسٹیٹ ایگریکلچر مارکیٹنگ بورڈ کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اس بار ریاست کے مختلف بازاروں میں ابھی تک۷۴۴۵۱۰۸؍ ڈبوں کا کاروبار ہوا ہے۔ ان میں بنیادی طور پرروہڑو، پرمانو، پرالا، دھلی، سولن منڈی میں بڑے پیمانے پر باغبان اپنے سیب لے کر پہنچے ہیں ۔
اے پی ایم سی کے سینئر مارکیٹنگ آفیسر انل چوہان نے کہا کہ اگرچہ اس بار سیب کا سیزن دیر سے شروع ہوا ہے۔ اس کے باوجود، توقع ہے کہ اب موسم صاف ہونے کے بعد سیب کا سیزن رفتار پکڑے گا۔ اس بار سیزن کے تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے اس کی بندش بھی تاخیرسے ہی ہوگی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس بار سیب کا سیزن نومبر کے آخر تک چل سکتا ہے کیونکہ ابھی بھی زیادہ تر باغبانوں نے اپنے سیب کے باغات میں کٹائی مکمل نہیں کی ہے۔ اس بار توقع ہے کہ تقریباً پونے دو کروڑ سیب کے ڈبے بازار میں پہنچیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK