Inquilab Logo

ممبئی میں ۲۰؍ میں سے ۳؍ ’’بلیک اسپاٹ‘‘ پر کام شروع کرنے کی منظوری

Updated: April 12, 2024, 10:56 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بی ایم سی نے مزید ۷؍ ایسے بلیک اسپاٹ پر کام شروع کرنے کی محکمہ ٹریفک سے اجازت مانگی گئی ہے جہاں دیگر مقامات کے مقابلے زیادہ سڑک حادثات اور اموات ہوتی ہیں۔

A place in Jogeshwari which has been called the `Black Spot`. Photo: INN
جوگیشوری میں واقع وہ مقام جسے ’بلیک اسپاٹ ‘ قرار دیا گیا ہے۔ تصویر:انقلاب،ستیج شندے

شہر و مضافات میں گاڑیوں کی برھتی تعداد اور سڑک حادثات کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے ایسے ۲۰؍ مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں سب سے زیادہ حادثات ہوتے ہیں اور ان مقامات پر حادثات کی روک تھام کیلئے سڑک کے ڈیزائن میں تبدیلی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت محکمہ ٹریفک نے ۳؍ مقامات پر کام شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ دیگر ۷؍ جگہوں پر کام شروع کرنے کی اجازت کیلئے بی ایم سی نے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کو درخواست بھیج دی ہے اور منظوری ملنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔
ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں بلیک اسپاٹ کی نشان دہی کرنے کیلئے بی ایم سی نے ’ورلڈ ری سورسیز انسٹی ٹیوٹ انڈیا ‘ اور ’گلوبل ڈیزائننگ سیٹیز انیشیٹیو‘ کے ذریعہ سروے کروایا تھا جنہوں نے ۲۰؍ مقامات کی نشاندہی کی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر اپریل ۲۰۲۳ء میں ایک میٹنگ لے کر ان ۲۰؍ مقامات کے ڈیزائن میں ایسی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ یہاں سڑک حادثات کم ہوجائیں۔ اس کے بعد ان مقامات پر ڈیزائن تبدیل کرنے کیلئے بی ایم سی نے ’بلوم برگ فلنتھراپیز انیشیٹیو‘ سے منصوبہ بندی اور خاکہ تیار کروایا۔ ٹریفک پولیس نے ۳؍ مقامات پر نئے ڈیزائن کے حساب سے تبدیلیاں کرنے کی اجازت دے دی ہے اور ان مقامات پر چھوٹے موٹے کام شروع بھی کردیئے گئے ہیں۔ البتہ مزید ۷؍ مقامات کے ڈیزائن تبدیل کروانے کیلئے بی ایم سی نے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے پاس منظوری کیلئے ڈیزائن بھیجے ہیں۔ جبکہ باقی بچے مقامات کے ڈیزائن تیار کروائے جارہے ہیں۔
 ڈیزائن تیار کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ پیدل چلنے والوں کو زیادہ جگہ دستیاب ہوسکے اور سڑک پار کرنے کا محفوظ نظم ہوسکے۔

یہ بھی پڑھئے: ’مودی کی گیارنٹی‘ پر کھرگے کا شدید حملہ، وزیراعظم پر کانگریس کی نقل کا الزام عائد کیا

 بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق جن بلیک اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں سے چند مقامات پر میٹرو کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے میٹرو کے ذمہ داران کو بلا کر ان مقامات کا جائزہ لیا گیا اور یہاں ضروری اقدام کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 بلیک اسپاٹ کی فہرست
 امر محل جنکشن(تلک نگر، گھاٹ کوپر)، ایسٹرن اکسپريس ہائی وے اور جوگیشوری-وکھرولی لنک روڈ پر کانجور مارگ کا چوراہا، ویسٹرن اکسپريس ہائی وے پر سائن-باندرہ کو جوڑنے والا چوراہا کلا نگر چوک (باندرہ)، گھاٹ کوپر میں ایسٹرن اکسپريس ہائی وے پر گھاٹ کوپر اندھیری لنک روڈ کا چوراہا، سائن-چمبور پریہ درشنی چوک، ایسٹرن اکسپریس ہائی وے پر جوگیشوری (مشرق) میں جوگیشوری-وکھرولی کو جوڑنے والا چوراہا، سائن مغرب میں چوراہا، کاندیولی (مشرق) میں ویسٹرن اکسپريس ہائی وے اور آکورلی کا چوراہا، ماٹنگا (مشرق) کنگس سرکل، کرلا (مغرب) میں لال بہادر شاستری مارگ پر سانتا کروز-چمبور کو جوڑنے والے راستے پر چوراہا، گھاٹ کوپر (مغرب) میں چھیڈا نگر چوک، اندھیری (مشرق) ساکی ناکہ چوک، لال بہادر شاستری مارگ پر گھاٹ کوپر-اندھیری کو جوڑنے والا چوراہا، سانتا کروز (مشرق) ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے اور جواہر لال نہرو روڈ، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر گوریگائوں ملنڈ لنک روڈ گوریگائوں (مشرق)، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے اور این ایس فڑکے مارگ، اندھیری (مشرق)، سائن۔پنویل ہائی وے اور گھاٹ کوپر۔مانخورد لنک روڈ، بوریولی (مشرق) سنجے گاندھی نیشنل پارک کا راستہ، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے اور سوامی وویکا نند مارگ، دہیسر (مشرق)، گوونڈی (مغرب) ایسٹرن فری وے اور گھاٹ کوپر-مانخورد کو جوڑنے والے چوراہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK