Inquilab Logo Happiest Places to Work

عرب لیگ کا انتباہ: مشرقِ وسطیٰ ’دھماکہ خیز لمحے‘ کے قریب، ٹرمپ سے اسرائیل کو لگام دینے کا مطالبہ کیا

Updated: July 27, 2026, 8:07 PM IST | Cairo

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی سمجھوتوں کی طرف ”تیز رفتار واپسی“ اور تنازع کے خاتمے، علاقائی استحکام کی بحالی، پڑوسی ممالک کی خودمختاری کے احترام اور خلیج و بحیرہ احمر کے آبی راستوں کو محفوظ جہاز رانی کیلئے دوبارہ کھولنے کے مقصد سے مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

Nabil Fahmy. Photo: X
نبیل فہمی۔ تصویر: ایکس

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی نے انتباہ دیا کہ مشرقِ وسطیٰ ”دھماکہ خیز لمحے“ کے قریب پہنچ رہا ہے۔ منگل کے دن واشنگٹن میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طے شدہ ملاقات سے قبل، انہوں نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حوالے سے اسرائیل کو لگام دیں۔ فہمی نے ایک بیان میں کہا کہ ”خطے کی صورتِ حال ایک انتہائی خطرناک موڑ کی طرف بڑھ رہی ہے اور ایک سے زائد سطحوں پر دھماکہ خیز لمحے کے قریب پہنچ رہی ہے۔“ انہوں نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار ”مسئلہ فلسطین کو درپیش جمود“ اور ”خلیج میں بحران کی وجہ بننے والی غیر ذمہ دارانہ کشیدگی اور اشتعال انگیزی کی پالیسیوں“ کو قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکیوں کو طویل جنگ کا خدشہ، تہران نے مذاکرات کیلئے حالات ناموزوں قرار دیئے

فہمی نے اعتراف کیا کہ علاقائی سیکوریٹی کی ذمہ داری تمام فریقین پر عائد ہوتی ہے، تاہم انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل پر اپنے اثر و رسوخ کے پیشِ نظر امریکی انتظامیہ پر خاص طور پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ ”اسرائیلی حکومت کے انتہا پسندانہ عزائم کو لگام دیں“ جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد شرم الشیخ میں پیش کی جانے والی امن کی پہل کو ناکام بنانا تھا۔ ان کا اشارہ ستمبر ۲۰۲۵ء کے ٹرمپ کے اپنے ۲۰ نکات پر مشتمل غزہ پیس بورڈ کی طرف تھا۔ اس پلان میں جنگ بندی، قیدیوں کا تبادلہ، غزہ سے اسرائیل کا مرحلہ وار انخلاء، عبوری فلسطینی انتظامیہ اور محصور غزہ کی بازآبادکاری شامل ہے۔

فہمی نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں بار بار ہونے والی اسرائیلی خلاف ورزیوں اور پورے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف حملوں کو روکیں۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور نقل مکانی کے منصوبوں کو جاری رکھ کر ”فلسطینیوں کے وجود کو مکمل طور پر ختم کرنے“ کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے تحفظ کی گیارنٹی دی ہے، نیویارک آؤں گا: نیتن یاہو

عرب لیگ کے سربراہ نے مزید برآں امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی سمجھوتوں کی طرف ”تیز رفتار واپسی“ اور اس تنازع کے خاتمے، علاقائی استحکام کی بحالی، پڑوسی ممالک کی خودمختاری کے احترام اور خلیج و بحیرہ احمر کے آبی راستوں کو محفوظ جہاز رانی کیلئے دوبارہ کھولنے کے مقصد سے مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK