Inquilab Logo

امن مذاکرات کی بازگشت کےدرمیان اسلحہ سازی،فوجی امداد کا اعلان اور پابندیاں

Updated: March 05, 2023, 10:31 AM IST | Washington

بائیڈن انتظامیہ کا یوکرین کیلئے۴۰؍ کروڑ ڈالر کے نئے فوجی پیکیج کا اعلان۔روس نئے اینٹی سب میرین ایئرکرافٹ کی تیاری میں مصروف ۔ ججوں سمیت ۶؍ روسی شہریوں پر پابندی

Emergency relief team active after Russian bombing (AP/PTI)
روسی بمبار ی کے بعد ہنگامی امداد سے متعلق ٹیم سرگرم ۔( اےپی/ پی ٹی آئی)

روس یوکرین تنازع میں   جنگ بندی اور امن مذاکرات کی بازگشت کے درمیان اسلحہ سازی  ، فوجی امداد کا اعلان اور پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔  یاد رہےکہ گزشتہ بر س فروری کے مہینے میں  روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا آغاز ہو اتھا ۔ 
 میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کیلئے۴۰؍ کروڑ ڈالر کے نئے فوجی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں ہیمارس، ہوتزر اور بریڈلی جیسے فائٹنگ وہیکل کیلئے گولہ بارود شامل ہے۔
  بلنکن نے کہا، ’’صدر جو بائیڈن کے ایک  نمائندے کے طور پرمیں یوکرین کیلئے امریکی ہتھیاروں اور آلات کی۳۳؍ ویں کھیپ بھیجنے کا مجاز ہوں جس کی قیمت ۴۰؍ کروڑ ڈالر ہے۔ اس فوجی امدادی پیکیج میں امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ ہیمارس اور ہوتزر توپوں کیلئے مزید گولہ بارود شامل ہے جسے یوکرین مؤثر طریقے سے اپنے دفاع کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ اس میں بریڈلی انفنٹری فائٹنگ وہیکلز کیلئے گولہ بارود، آرمڈ وہیکل لانچ کیلئےپل، مسمار کرنے والا گولہ بارود اور دیگر سامان ہے۔  دیکھ بھال، تربیت  میں بھی  مدد کی جائے گی۔ 
 ادھر ماسکو نےسوویت آئی ایل۳۸؍ کوتبدیل کرنے کیلئے ہتھیاروں کی ایک بڑی رینج کے ساتھ ایک نیا اینٹی سب میرین ایئرکرافٹ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔
میڈیارپورٹس میںذرائع کے حوالے سے بتایاگیا کہ سوویت آئی ایل۳۸؍ کو تبدیل کرنے کیلئے ایک بنیادی اینٹی سب میرین، جاسوسی اور گشتی طیارے بنانے پر ترقیاتی کام شروع ہوگیا ہے۔ نئی مشین اس کلاس کے طیاروں کیلئے۴؍ انجن والے  لے آؤٹ معیار کو برقرار رکھے گی۔ اسے ٹی وی۱۱۷۔۷؍ ٹربوپروپ انجنوں سے  آراستہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نیا طیارہ جدید ترین آن بورڈ آلات سے  آراستہ  ہوگا جس میں نئے سونار بوائے بھی شامل ہیں اور اس کے ہتھیاروں کی رینج کو آئی ایل۳۸؍ کے مقابلے میں بڑھایا جائے گا۔ اہم بات یہ ہےکہ نیا روسی اینٹی سب میرین ایئرکرافٹ تقریباً مکمل طور پر گھریلو الیکٹرانک پرزوں کا استعمال کرتے ہوئے بنایا جائے گا۔
  ادھر  امریکہ نے  روسی حزب اختلاف کے کارکن ولادیمیر کارا مرزا کے معاملے میں ججوں سمیت ۶؍ روسی شہریوں پر’گلوبل میگنٹسکی ایکٹ ‘کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔یہ اطلاع امریکہ کی وزارت خزانہ نے دی ہے۔ سنیچر کو ایک بیان میں، وزارت نے کہا، ’’آج وزارت خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (اوایف اے سی) نے ایلینا اناتولیوینا لینسکایا، آندرے اینڈریوچ زاداچن اور ڈینیلا یوریوچ میخیف  پر  انسانی حقوق کے محافظ، اہم اپوزیشن لیڈر، مصنف اور تاریخ داں ولادیمیر کارا مرزا کے خلاف سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے پابندی لگائی۔ اس کے علاوہ روس کے نائب وزیر انصاف اولیگ سویریڈینکو، جج ڈیانا مشچینکو اور جج الیا کوزلوف پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ا س پابندی کے تحت۶؍ روسی شہریوں کے امریکہ میں داخل ہونے پر  پابندی ہے  اور ان کے  اثاثے منجمد کر دیئے گئےہیں۔ 

ukraine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK