Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین کا متعدد ڈرون طیاروں سے روس پرحملہ،۱۰؍ ہوائی اڈے بند، روس کی جوابی کارروائی

Updated: May 07, 2025, 1:08 PM IST | Agency | Moscow

کیف نے یہ حملہ کریملین کی جانب سے نازی جرمنی پر فتح کی سالانہ تقریب سے صرف تین دن پہلے کیا ،روس کا ۱۹؍ ڈرون طیاروں کو مار گرانے کاد عویٰ، کچھ کا ملبہ ماسکو کی سڑکوں پر بھی گرا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

A Ukrainian soldier with a vehicle equipped with drone protection technology. Photo: Agency
ایک یوکرینی فوجی ڈرون سےتحفظ کی ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی کے ساتھ ۔ تصویر:ایجنسی

روس کے ایک اعلان کے مطابق  یوکرین کی فوج نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اس کے علاقوں کو درجنوں ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا جن میں خاص طور پر دار الحکومت ماسکو شامل ہے۔ اس بڑے فضائی حملے کے نتیجے میں تقریباً ۱۰؍ روسی ہوائی اڈوں پر سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ یہ حملہ کریملین کی جانب سے نازی جرمنی پر فتح کی سالانہ تقریب سے صرف تین دن پہلے کیا گیا ہے۔
 روسی دار الحکومت جمعہ کو ایک عظیم فوجی پریڈ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے جس میں صدر ولادیمیر پوتین  اور ۲۰؍ کے قریب غیر ملکی لیڈر شرکت کریں گے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق، فضائی دفاعی نظام نے دار الحکومت کی فضاؤںمیں ۱۹؍ ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے کچھ کا ملبہ شہر کے جنوبی حصے میں ایک مرکزی سڑک پر گرا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔روسی میڈیا نے سپر مارکیٹ کی ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں اور ایک رہائشی عمارت کی جلی ہوئی بیرونی دیواروں کی تصاویر بھی نشر کیں۔حملے کے بعد روس کی شہری ہوا بازی کی ایجنسی نے بتایا کہ ماسکو کے چار ہوائی اڈوں نے رات کے وقت پروازوں پر عارضی پابندیاں لگا دیں اور کچھ رن وے مکمل طور پر بند کر دیے گئے۔

یہ بھی پڑھئے:غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کیخلاف بے چینی اور ناراضگی

حملے سے ولگا دریا کے کنارے واقع روس کے دیگر بڑے شہروں، جیسے نِژنی نووگورود، سمارا، ساراتوف اور وولگوگراد کے ہوائی اڈوں پر بھی عارضی طور پر سرگرمیاں معطل ہو گئیں ۔ وولگوگراد، جسے ماضی میں اسٹالن گراڈ کہا جاتا تھا، دوسری جنگ عظیم کی شدید ترلڑائی کا مرکز رہا ہے۔ یہاں۱۹۴۳ء-۱۹۴۲ء میں نازی فوج کو تاریخی شکست ہوئی تھی، جو جنگ کا ایک فیصلہ کن موڑ سمجھا جاتا ہے۔
 روسی علاقے وورونِیژ کے حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے۱۸؍ یوکرینی ڈرون طیارے مار گرائے جبکہ پینزا کے حکام نے ۱۰؍ ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، کورسک کے علاقے میں ایک یوکرینی حملے میں۲؍ نوجوان زخمی ہوگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ جوابی کارروائی میں، روسی ڈرون حملے میں یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ یہ بات وہاں کے گورنر نے بتائی۔ واضح رہےکہ روس نے نازی جرمنی پر فتح کی سالگرہ کے موقع  پر۸؍ مئی سے تین دن کی جنگ بندی کی تجویز دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK