بھوک ہڑتال کے ۱۵؍ویں دن منوج جرنگے کی طبیعت مزید بگڑگئی ، آج انتروالی سراٹی میں اہم جلسہ۔
EPAPER
Updated: September 12, 2026, 1:44 PM IST | Jalna
بھوک ہڑتال کے ۱۵؍ویں دن منوج جرنگے کی طبیعت مزید بگڑگئی ، آج انتروالی سراٹی میں اہم جلسہ۔
مراٹھا ریزرویشن کے نفاذ سمیت مختلف مطالبات کیلئے انتروالی سراٹی میں منوج جرنگے پاٹل کی جانب سے جاری غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جمعہ کو مسلسل ۱۵؍ ویں روز بھی جاری رہی۔ گزشتہ دو ہفتوں سے کھانے کا ایک نوالہ بھی نہ لینے کے باعث جرنگے پاٹل کی طبیعت انتہائی ناساز بتائی جارہی ہے۔ اس باعث جرنگے کا جسم لاغر ہوچکا ہے۔ ان کی آواز کمزور پڑ گئی ہے۔ بات کرتے ہوئے ان کا سانس پھولنے لگتا ہے۔
جرنگے نے جمعہ کے دن اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مراٹھا سماج کو پیغام دیا کہ ’’یہ فیصلہ کن لڑائی ہے۔ کوئی بھی گھر پر نہ بیٹھے۔ سب لوگ کل انتروالی پہنچیں۔ آپ کے گھر پر بیٹھے رہنے سے غلط پیغام جا سکتا ہے۔ اسلئے کل اپنی طاقت کی جھلک دکھائیں۔‘‘خیال رہے کہ کل(آج) دوپہر۱۲؍ بجے انتروالی سراٹی میں ریاست گیر اجلاس منعقد ہوگا۔ جرنگے نے مہاراشٹر کے ہر گاؤں سے مراٹھا برادری کے افراد سے اس اجلاس میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ولادیمیر پوتن یوکرین کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں: ڈونالڈ ٹرمپ
جرنگے پاٹل نے کہا کہ’’مراٹھا سماج کی طاقت نظر آنی چاہیے۔ اب فیصلہ کن مقابلہ ہے اور مراٹھا برادری کی لڑائی حتمی مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی جانے کیلئے جو راستہ طے کیا جائے گا، اس راستے پر بھی مہاراشٹر بھر سے مراٹھا برادری کے افراد بڑی تعداد میں موجود رہیں۔انہوں نے ان لوگوں سے بھی اپیل کی جو لوگ پورے سفر میں شامل نہیں ہوسکتے کہ وہ کم از کم ایک دن کا وقت نکال کر ممبئی جانے والے راستے پر پہنچیں، احتجاج میں شرکت کریں اور تحریک کو اپنا تعاون دیں۔جرنگے پاٹل کی اس اپیل کے بعد آئندہ ممبئی احتجاج کے پس منظر میں انتروالی سراٹی میں ہونے والے ریاست گیر اجلاس اور اس میں لیے جانے والے آئندہ فیصلوں پر پورے مہاراشٹر کی نظریں مرکوز ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب ریاستی حکومت کی جانب سے مسلسل یہ موقف دہرایا جارہا ہے کہ حکومت مراٹھا سماج کو اس کا جائز حق دلانے کیلئے پوری طرح پابند عہد ہے۔ریاستی وزیر ادے سامنت اور رکن اسمبلی پرساد لاڈ نے جمعرات کو کہا کہ مراٹھواڑہ میں مراٹھا سماج کے افراد کو کنبی ذات کے سرٹیفکیٹ اور ذات کی تصدیق کے دستاویزات جاری کرنے کا انتظامی عمل انتہائی تیزی سے جاری ہے۔
دِپکے کی جرنگے سے ملاقات
کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ ابھجیت دپکے نے بھی انتروالی سراٹی پہنچ کر منوج جرنگے پاٹل سے ملاقات کی۔ دپکے نےریاستی حکومت پر تنقید کی اورالزام عائد کیا کہ بے حس حکومت نے عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا ہے۔ آپ کتنے ہی دن یہاں بیٹھے رہیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘