Inquilab Logo

حج کیلئے آن لائن درخواست دینے کا ریاستی حج کمیٹی کےدفتر میں نظم

Updated: December 06, 2023, 10:01 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریاستی حج کمیٹی نے کہا: ضروری دستاویزات کے ساتھ عازمین دفتر آکرمفت میں یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ پہلے دن ۲۵؍ تا ۳۰؍عازمین نےاستفادہ کیا۔

Pilgrims who have come to fill the form at the State Hajj Committee on the first day. Photo : Inquilab
پہلے دن ریاستی حج کمیٹی میں فارم بھرنے کیلئےآئےہوئے عازمین۔ تصویر:انقلاب

حج کیلئے ریاستی حج کمیٹی نے اپنے دفتر میں آن لائن درخواست دینے کی خاطر عازمین کی مفت مدد اور درخواست دینے کا نظم کیا ہے۔ حج کمیٹی کے اعلان کے مطابق اس دفعہ درخواست دینے کیلئے محض ۱۵؍دن کا موقع دیا گیا ہے۔ عازمین۲۰؍دسمبر تک درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل ایک ماہ سے بھی زائد وقت دیا جاتا تھا اور ریاستی حج کمیٹیوں کی درخواست کی بنیاد پر وقت بڑھادیا جاتا تھا۔ اس دفعہ یہ دیکھنا ہوگا کہ اتنے کم وقت میںکتنی درخواستیں موصول ہوتی ہیں، پھر تاریخ میں توسیع کی جاتی ہے یا نہیں۔ حج بیت اللہ کے خواہش مند عازمین حج ’ای سویدھا ایپ‘ کے ذریعے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔اسی کے ساتھ عازمین کو متوجہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات کو بغور پڑھ کر ہی فارم پُر کریں تاکہ غلطی ہونے کےسبب فارم رَد ہونے کا اندیشہ نہ رہے۔ 
 یادرہے کہ حج ۲۰۲۳ء کیلئے ریاست کے الگ الگ حصوں سے ۳۶؍ہزار سے زائددرخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
عازمین کے تین زمرے 
اس دفعہ عازمینِ حج کےتین زمرے بنائے گئے ہیں (۱) ۷۰؍سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین اوران کے ساتھ ایک معاون کو ریزرو کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، اِس ریزرو کیٹیگری میں شامل عازم کی عمر ۳؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو ۷۰؍ سال پوری ہورہی ہو (۲) بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کو بھی ریزرو کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ، ان دونوں زمروں کے عازمین کو ریزرو کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ، ان کی قرعہ اندازی نہیں ہوگی (۳) جنرل کیٹیگری،اگر درخواستیں کوٹہ کے بقدر آئیں تو ٹھیک اوراگر زائد آئیں تو قرعہ اندازی کی جائے گی اوراس کا اعلان بھی درخواست دینے کی تاریخ کے بعد جلد ہی کیا جائے گا۔ 
فارم بھرنے کیلئے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی ؟
آن لائن درخواست کیلئے کچھ ضروری دستاویزات ساتھ لانے کیلئے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے توجہ دلائی گئی ہے (۱)انٹرنیشنل پاسپورٹ ،جس کی میعاد ۳۱؍جنوری ۲۰۲۵ء تک ہو (۲) کینسل چیک کی کاپی (۳) رہائشی پتہ کیلئے آدھار کارڈ ، بینک پاس بک ، ڈرائیونگ لائسنس ، ٹیلی فون بل یا الیکٹرک بل میں سے کوئی ایک (۴) وہائٹ بیک گراؤنڈ والی ۲؍ تصاویر (۵) کورونا کی دونوں خوراک لینے کا سرٹیفکیٹ اور (۶) موبائل نمبر ،جس پرتفصیل بھیجی جاسکے۔
۳۰؍ عازمین نے استفادہ کیا 
 ۴؍دسمبر کو مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے حج ۲۰۲۴ء کیلئے فارم بھرنے کا اعلان کئےجانے کےبعد ۵؍دسمبر کو مہاراشٹر حج کمیٹی نے اپنے دفتر میں آن لائن درخواست دینے کاسلسلہ شروع کیا ہے۔منگل کواس سے۲۵؍ تا ۳۰؍ عازمین نے استفادہ کیا۔ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں عازمین ِ حج کیلئے یہ سہولت کام کے دنوں میںصبح ۱۰؍بجے تا شام ساڑھے ۵؍ بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ تفصیلات ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر امتیازقاضی نے مہیا کرائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عازمین کی سہولت کی خاطر مسلسل کام کیا جائے گا اوریہ کوشش کی جائے گی کہ دفتر آنے والے عازمین کے فارم بلاتاخیر پُر کئے جاسکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK