Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے کا رہنے والا گرفتار ملزم ۱۵؍ ہزارافراد کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا

Updated: June 29, 2026, 10:21 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی پولیس نے محرم میں عاشورہ کے جلوس کے دوران لوگوں کو زہریلی کیپسول دینے کے جرم میں جس فیاض پریم جی کو گرفتار کیا ہے۔

Fayyaz Premji. Photo: INN
فیاض پریم جی۔ تصویر: آئی این این

عاشورہ کے موقع پر نکلنے والے جلوس میں شریک ہونےوالوں کو بیمار پڑنے پر کیپسول دینے والے گرفتارشخص سے کی گئی پوچھ تاچھ کے بعد بائیکلہ پولیس نے سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے کیپسول میں موجود سفوف میں چوہے مارنے کی دوا ملائی تھی اور ۱۵؍ ہزار افراد کو مارنے کا ارادہ رکھتا تھا ۔ تاہم تفتیش میں پیش رفت اور ملزم سے مزید پوچھ تاچھ کے لئے کورٹ میں پیش کرکے پولیس نے دو دن کی پولیس تحویل حاصل کی ہے ۔

وہیں معاملہ کی سنگینی پر حیرت اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی ایم آئی ایم کے لیڈر وارث پٹھان نے مذکورہ معاملہ میںغیر جانبدارانہ جانچ کی اپیل کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لوکل ٹرین قتل کیس کا ملزم چاقو سے متعلق بار بار بیان بدل رہا ہے

ممبئی پولیس نے محرم میں عاشورہ کے جلوس کے دوران لوگوں کو زہریلی کیپسول دینے کے جرم میں جس فیاض پریم جی کو گرفتار کیا ہے ، وہ پونے کا رہنے والا ہے اوراعلیٰ تعلیم یافتہ ہے ۔ بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کا ڈگری یافتہ ملزم سے کی گئی پوچھ تاچھ کے بعد پولیس نے انتہائی سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی تحویل سے جو کیپسول ضبط کیا گیا ہے ، اس میں موجود سفوف میں چوہے مارنے کی دوا ملائی گئی تھی ۔ یہی نہیں پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وہ ۱۵؍ ہزارافراد کو مارنے کا ارادہ رکھتا تھا ۔ایران اور عراق میں ملازمت کرنے والا شخص محرم سے ۱۵؍ دن قبل ممبئی آیا تھا اور ڈونگری کے ایک لاج میں مقیم تھا ۔

پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ان ۱۵؍ دنوں کے دوران ۳۰؍ ہزار خالی اینٹی بائیو ٹی کیپسول اورچوہےمارنےکیلئےاستعمال ہونےوالی زنک فاسفائیڈ ۵۰؍ کلو گرام آن لائن پلیٹ فارم سے منگائی تھی ۔یہی نہیں پولیس کے بقول ۱۵؍ ہزار افراد کو مارنے کا ارادہ رکھنے والا ملزم خصوصی طور پر خواتین کو نشانہ بنانا چاہتا تھا ۔مذکورہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب رے روڈ پر رحمت آباد قبرستان کے قریب جلوس میں ملزم نے کئی کیپسول پھینکا تھا ۔ وہیں جلوس میں شامل خاتون نے اسے کھول کر دیکھا اور جب اسے شبہ ہوا تو اس نے بائیکلہ پولیس کو اس بات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد پولیس نے نہ صرف ملزم کو حراست میں لیا اور گرفتار کیا تھا بلکہ اس کی تحویل سے ۱۴؍ ہزار ۹؍ سو کیپسول بھی ضبط کئے تھے ۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی ای ٹی پیپر لیک پر اپوزیشن کی تنقید، شدید برہمی کا اظہار

موصولہ اطلاع کے مطابق ضبط شدہ کیپسول میں رکھا گیا سفوف دل ، جگر ، پھیپھڑوں اور دماغ کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے ۔بعد ازیں مذکورہ معاملہ میں مزید تفتیش کے لئے پولیس نے ملزم کو مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا تھا جہاں کورٹ نے ملزم کو دو دن کی پولیس تحویل میں دینے کا حکم سنایا ہے۔ملزم فیاض نثار پریم جی کے تعلق سے آلٹ نیوز کے فاؤنڈر محمد زبیر نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وہ مرتد ہے ۔ یہی نہیں اس نے رائٹ ونگ چینلوں کو دیئے گئے انٹر ویو میں اہل تشیع کو سنی مسلمانوں سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK