Inquilab Logo

نیرو مودی کیلئے آرتھرروڈ جیل کا اسپیشل سیل تیار

Updated: February 27, 2021, 8:40 AM IST | Agency | Mumbai

برطانوی عدالت میں حوالگی کا مطالبہ منظور ہوتے ہی ممبئی میں جیل حکام نے تمام تیاریاں مکمل کرلیں

Nirav Modi - Pic : INN
نیرو مودی ۔ تصویر : آئی این این

پنجاب نیشنل بینک کو ہزاروں کروڑ کا چونا لگانے کے بعد ملک سے فرار ہوجانے والے ہیروں کے تاجر نیرو مودی کی  حوالگی کے حق  میں  برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں اسے رکھنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جیل حکام نےبتایا  ہے کہ ممبئی لائے جانے کے بعد نیرو مودی کوبیرک نمبر ۱۲؍ کے ۳؍ اسپیشل سیل میں سے کسی ایک میں رکھا جائےگا۔
  یاد رہے کہ جمعرات کو ایک اہم فیصلہ میں برطانوی عدالت نے نیرو مودی کو ہندوستان کے سپرد کرنے کو منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیروں کے بھگوڑے تاجر کو نہ صرف ہندوستانی عدالتوں میں کئی سوالوں کے جواب دینے ہیں بلکہ اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ہندوستان میںانہیں منصفانہ شنوائی کا موقع نہیں ملے گا۔  واضح رہے کہ نیرو مودی حوالگی کے خلاف ۲؍ سال سے برطانوی عدالت میں  مقدمہ لڑرہے تھے۔ مارچ ۲۰۱۹ء   میں گرفتار ی کےبعد  سے وہ جیل میں  ہیں  ۔جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضمانت کی ان کی ایک سے زائد عرضیاں  خارج ہوچکی ہیں۔ 
 اس کی حوالگی کے تعلق سے مرکزی حکومت نے کچھ عرصہ قبل مہاراشٹر کی جیلوں  سے رپورٹ طلب کی تھی کہ اسے کس طرح رکھا جائےگا جس کاتفصیلی جواب دیتے ہوئے یہ بتایاگیاتھا کہ نیرو کو آرتھرروڈ جیل میں رکھنے کے تمام انتظامات موجود ہیں ۔یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ نیرو کو جس بیرک میں رکھا  جائےگاوہاں قیدیوں کی تعداد کم ہوگی۔آرتھر روڈ جیل میں نیرو کو ذاتی استعمال کیلئے ۳۰۰؍ اسکوائر میٹر جگہ دستیاب ہوگی جس میں ایک کاٹن کی چٹائی، ایک تکیہ، چادر اور کمبل فراہم کیا جائےگا۔ یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ نیرو مودی کے کمرے میں روشنی کا خاطر خواہ انتظام ہوگا نیز اسے اپنی ذاتی چیزیں رکھنے کیلئے بھی ٹھیک ٹھاک جگہ فراہم کی جائےگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK