Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مولانا وستانوی نے دشوار کن مراحل طے کرتے ہوئے علمی مراکز قائم کئے‘‘

Updated: May 06, 2025, 2:02 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

متعدد تعلیمی مراکز کے بانی اور سماجی طور پر فعال عالم دین مولانا غلام محمد وستانوی کے سانحۂ ارتحال پر مالیگائوں کے علماء کا خراج عقیدت۔

Maulana Ghulam Muhammad Vastanvi`s services in the field of education cannot be forgotten. Photo: INN
مولانا غلام محمد وستانوی کی تعلیمی شعبے میں کی گئی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ تصویر: آئی این این

 معروف عالم مولانا غلام محمد وستانوی کی رحلت پر مالیگاؤں میں غم و اندوہ کا ماحول دیکھا گیا۔ اُن کے انتقال کی اطلاع سے قبل ہی مالیگاؤں سے بہت سے افراد اکل کواں ( نندوربار ) پہنچ گئے تھے جبکہ انتقال کی تصدیق ہوجانے کے بعد کثیر تعداد میں نمازِ جنازہ و تدفین میں شریک ہوئے۔ مالیگائوں کے مقامی علمائے کرام نے اُن کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ ارسال کی ہے۔ 
  مفتی محمد اسماعیل قاسمی ( رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند، رکن اسمبلی شہر مالیگاؤں ) نے کہا کہ حضرت وستانوی کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے دشوار کن مراحل طے کرتے ہوئے علوم وفنون کے مراکز قائم کئے۔ نندوربار جیسے علاقے کا انتخاب کرتے ہوئے دینی و عصری علوم کے ادارے تعمیر کئے۔ ‘‘ مفتی اسماعیل کے مطابق ’’اُن کی احسن خدمات سے نسلیں استفادہ کررہی ہیں اور یہ سلسلہ دراز رہے گا۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:’’مولانا غلام محمد وستانوی کا سانحہ ارتحال عظیم خسارہ ہے‘‘

مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی ( سیکریٹری، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ) نے کہا کہ مساجد، مدارس، مکاتب اور جامعات سے منسلک افراد کیلئے یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ مولانا وستانوی نے کم وقفے میں بڑے کام کئے۔ شہر مالیگاؤں میں اُن کے فیض یافتگان کی بہت بڑی تعداد ہے۔ اس مسلم اکثریتی شہر سے انہیں محبت رہی۔ شہر کی علمی ترقی کیلئے وہ ہمہ وقت مددگار بھی بنے رہے۔ 
 مولانا ادریس عقیل ملّی ( صدر وفاق المدارس و مکاتب ) نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا جال پھیلانے میں مولانا وستانوی نے دن رات محنت کی۔ اُن کی علمی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ تعزیت مسنونہ ارسال کرنے والی اہم شخصیات میں مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی( قاضی شرع، مالیگاؤں )، مولانا محب اللہ ندوی، مبشر مشتاق ( متولیان، معہد ملّت )، مولانا انیس الرحمٰن قاسمی ( مدرسہ محمدیہ )، مولانا عبدالقیوم قاسمی ( جمعیۃ علماء، ناسک )، مولانا آصف شعبان ( جمعیۃ علماء، مالیگاؤں ) وغیرہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مالیگاؤں کے بہت سارے مکاتب ومدارس میں مولانا غلام محمد وستانوی کے ایصال ثواب، مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعائیں بھی کی گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK