Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ ایک حقیقت ہے کہ لاڈلی بہنوں کو ۲۱۰۰؍ روپے نہیں مل سکتے: سنجے شرساٹ

Updated: May 06, 2025, 2:34 PM IST | Agency | Mumbai

سنجے شرساٹ نے پھر ایک بار اپنے محکمے کی رقم میں تخفیف ہونے پر ناراضگی ظاہر کی، کہا’ اجیت پوار کو اس معاملے میں کسی نے گمراہ کیا ہے۔ ‘

Minister for Social Justice Sanjay Shersat. Photo: INN
وزیر برائے سماجی انصاف سنجے شرساٹ۔ تصویر: آئی این این

مہایوتی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کا سہرا لاڈلی بہن اسکیم کے سر باندھا جاتا ہے۔ لیکن  الیکشن کے دوران مہایوتی کے لیڈران جو وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد لاڈلی بہن اسکیم کی رقم ماہانہ ۱۵۰۰؍ سو  روپے سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے کر دی جائے گی، وہ وعدہ ۶؍ ماہ گزر جانے کے بعد بھی پورا ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ اب  وزیر سنجے شرساٹ نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم ۲۱۰۰؍ روپے نہیں کی جا سکتی۔ 
 یاد رہے کہ ایک روز قبل انہی سنجے شرساٹ نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی تھی کہ وزارت مالیات  اپنی من مانی کر رہا ہے اور اس نے محکمہ سماجی انصاف اور محکمہ بہبودیٔ پسماندہ طبقات کے بجٹ سے رقم وضع کرکے  محکمۂ بہبودی ٔ خواتین و اطفال کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کی ہےتاکہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم تقسیم کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ خواتین کو اپریل کے مہینے میں لاڈلی بہن اسکیم کے پیسے نہیں ملے تھے۔ اپریل کی قسط انہیں مئی  میں دینی شروع کی گئی ہے۔ شرساٹ کا کہنا ہے کہ یہ رقم ان کی وزارت کے بجٹ سے تخفیف کرکے دی جا رہی ہے۔ پیر کے روز انہوں نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ ’’فروری کے مہینے میں میرے پاس فائل آئی تھی لیکن میں نے واضح طور پر یہ لکھ کر منع کر دیا تھا کہ اس طرح سے رقم نہیں دی جاسکتی۔ اس کے باوجود اگر ایسا کیا جا رہا ہے تو یہ غلط ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ہماری کوشش ہے کہ مہاراشٹر سیاحت کے میدان میں اول مقام حاصل کرے

 اس سے قبل سنجے شرساٹ نے براہ راست  وزارت مالیات کہہ کر الزام لگایا تھا جو کہ اجیت پوار کا محکمہ ہے لیکن پیر کے روز انہوں نے اپنے بیان میں تھوڑی نرمی پیدا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مجھے نہیں لگتا کہ اجیت پوار دانستہ طور پر ایسا کر رہے ہوں گے۔ ضرور انہیں کسی (افسر) نے گمراۃ کیا ہوگا۔ یاد رہے کہ اجیت پوار گزشتہ ۳؍ دہائیوں سے  ۵؍ سال کا عرصہ چھوڑ کر مسلسل اقتدار میں رہے ہیں۔ ایسی صورت میں شرساٹ کا یہ کہنا کہ کوئی انہیں گمراہ کر رہا ہے یہ اپنے آپ میں مضحکہ خیز بات ہے۔ 
  البتہ انہوں نے رقم نکال لئے جانےکے تعلق سے  اپنی ناراضگی کو دہرایا۔   سنجے شرساٹ نے کہا اس وقت لاڈلی بہن اسکیم کی رقم ۱۵۰۰؍ روپے سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے نہیں کی جا سکتی یہ ایک حقیقی صورتحال ہے۔ اسے ہمیں تسلیم کرنا ہوگا۔  یاد رہے کہ  مہایوتی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد لگاتار یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ لاڈلی بہنوں کی قسط ۱۵۰۰؍ سو روپے ماہانہ سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے کب کی جائے گی؟ وزیر برائے خواتین  واطفال ادیتی تٹکرے نے یہ کہہ کر اپنا دامن بچانے کی کوشش کی تھی کہ اگر اس تعلق سے کوئی فیصلہ کرنا ہے تو اجیت پوار اپنے بجٹ میں اس کا التزام کریں گے لیکن بجٹ میں اجیت پوار نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا۔ اس کے بعد  مہایوتی کے لیڈران  یہ کہہ کر اس سوال کو ٹالتے رہے کہ آئندہ کبھی اس تعلق سے اقدام کیا جائے گا۔ 
  فی الحال صورتحال یہ ہے کہ حکومت کے پاس لاڈلی بہن اسکیم کے تحت تقسیم کرنے کیلئے فنڈ نہیں ہے اور وہ دیگر وزارتوں کے بجٹ میں تخفیف کرکے لاڈلی بہنوں کو پیسے بانٹ رہی ہے۔ اس بار سنجے شرساٹ کے محکمے کی رقم کم کی گئی ہے  جس پر وہ چراغ پا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ  اگر آپ محکمہ سماجی انصاف کو بند کرنا چاہتے ہیں تو پھر بند کر دیجئے ۔ انہوں نے اس تعلق سے دیویندر فرنویس سے بات کرنے کا بھی اشارہ دیا تھا۔ اب تک فرنویس، ایکناتھ شندے یا اجیت پوار کا اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK