موٹر گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی نےان ملازمین کو دوبارہ ملازمت دی جنہیں اے آئی کی خوش فہمی میں برطرف کردیا گیا تھا
EPAPER
Updated: July 01, 2026, 11:11 PM IST | Mumbai
موٹر گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی نےان ملازمین کو دوبارہ ملازمت دی جنہیں اے آئی کی خوش فہمی میں برطرف کردیا گیا تھا
یہاں موصولہ اطلاع کے مطابق موٹر گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی ’’فورڈ‘‘ نے کم وبیش ۳۵۰؍ ملازمین کو، جنہیں اے آئی کی خوش فہمی میں برطرف کردیا گیا تھا، دوبارہ بلا لیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اے آئی سے موٹر گاڑیوں کے خود کار کوالیٹی کنٹرول سسٹم سے جو اُمید کی گئی تھی، پوری نہیں ہوئی۔ دُنیا کی دیگر بڑی کمپنیوں کی طرح فورڈ نے بھی مصنوعی ذہانت کی دھوم کے پیش نظر بہت سے کام، بالخصوص معیار کو جانچنے کا کام، اے آئی کے سپرد کردیا تھا مگر اب اسے یہ اعتراف ہے کہ معیار کی اعلیٰ سطحی جانچ میں تجربہ کار ملازمین جو کردار ادا کرتے آئے ہیں وہ اے آئی کے بس کی بات نہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بلومبرگ کو دیا گیا ایک ماہر انجینئر کا یہ بیان نقل کیا گیا ہے کہ ’’مصنوعی ذہانت ایک غیر معمولی آلہ اور ذریعہ ہے مگر اسے جتنی اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں وہ اُتنی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے، ہم نے گزشتہ برسوں میں اپنے ملازمین اور اُن کی صلاحیتوں نیز تجربہ پر جتنی توجہ دینی چاہئے تھی نہیں دی۔ ‘‘ فورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کمار گلہوترا کا کہنا ہے کہ کمپنی کیلئے جن انجینئروں نے کافی کچھ دیا ہے اُن کا تجربہ متنوع ہوتا ہے ، وہ جانتے ہیں کہ کوالیٹی سے متعلق کون سے مسائل سر اُبھار سکتے ہیں اور اُنہیں کیسے حل کیا جانا چاہئے۔ ۲۵؍ جون کو جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں اس امریکی آٹوموبائل مینوفیکچرر نے اعلان کیا کہ اُس کے انجینئر ’’اندرونی محتسب‘‘ (انٹرنل آڈیٹر) کے طور پر خدمات انجام دینگے۔
ایسے دور میں جب متعدد ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ملازمین کو برطرف کیا، فورڈ کا اپنے ملازمین کو دوبارہ بلانا اور ملازمت دینا (ری ہائرنگ) یہ ثابت کرتا ہے کہ بہت سے کاموں میں انسانی ہاتھ کی جو اہمیت ہے وہ مشین کو حاصل نہیں ہوسکتی۔ یاد رہنا چاہئے کہ اسی فورڈ کمپنی کی مالک جم فرلے نے جون ۲۰۲۵ء کے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’اے آئی، بہت سے وہائٹ کالر لوگوں کو پیچھے دھکیل دیگی ۔
واضح رہے کہ فورڈ ملازمین کو واپس بلانے یعنی مشین پر انسانوں کو فوقیت دینے والی واحد کمپنی نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میک ڈونالڈ نے بھی اے آئی کے ذریعہ آٹومیٹک آرڈرنگ سسٹم کو اولیت دی تھی مگر اے آئی کی غلطیوں اور اس کی وجہ سے گاہکوں کو لاحق ہونے والی پریشانیوں کے سبب اس نے بھی انسانی خدمات بحال کیں۔ اسی طرح کلارنا (سویڈش فنانشیل ٹیکنالوجی کمپنی) نے کسٹمر سروس پر مامور ۷۰۰؍ افراد کو علاحدہ کردیا تھا مگر اس نے بھی اپنے بہت سے ملازمین کو واپس بلا لیاکیونکہ کسٹمر اُنہیں ملنے والی خدمات سے مطمئن نہیں تھے۔