Inquilab Logo

کشمیری پنڈتوں کی صورتحال پر کیجریوال اور اُدھومرکز پرحملہ آور

Updated: June 06, 2022, 11:33 AM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں بی جے پی کی حکومت آتی ہے کشمیری پنڈت ہجرت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، بی جےپی پر گندی سیاست کا الزام ،مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ پنڈتوں کو گھر واپسی کا خواب دکھایا گیا لیکن اب انہیںماراجارہا ہے

Maharashtra Chief Minister Uddhav Thackeray and Delhi Chief Minister Kejriwal have targeted the Center. Picture:INN
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرےاور دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے مرکزکو نشانہ بنایا ہے۔ تصویر: آئی این این

وادی کشمیر میںکشمیری پنڈتوںپر حملے  اور ان کے قتل کی وارداتوںپراپوزیشن پارٹیوںنے مرکزی حکومت کونشانہ بناتے ہوئے پنڈتوں کے تعلق سے  اس کی پالیسی  پر سخت تنقید کی ہے۔حال ہی میں ہوئے حملوں، قتل اور فائرنگ کے واقعات کے بعد کشمیری پنڈتوںنے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی دھمکی دی ہے جس کے بعد انہیںکیمپوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔  وا دی سے محفوظ منتقلی کیلئے وہ گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج بھی کررہے ہیںجبکہ کشمیری مسلمانوں  اور بالخصوص علماء نے ان سے کشمیر میں ہی رہنے کی درد مندانہ اپیل کی ہے۔اس پوری صورتحال میں شیوسینا ، عام آدمی پارٹی ا ور این سی پی  نے حکومت پرسخت الفاظ میں تنقیدکرتے ہوئےکشمیری پنڈتوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 
’بی جے پی کشمیر میں ناکام ہوچکی ہے ‘
  دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ بی جے پی کشمیر میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور ان کے پاس دہشت گردانہ حملوں کو روکنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنے لوگوں کی  موت کے بعد بھی بی جے پی حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یہ لوگ صرف میٹنگ پر میٹنگ کر رہے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں بی جے پی کی حکومت آتی ہے، کشمیری پنڈت ہجرت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ بی جے پی۳۰؍ سال  سال میں دو بار کشمیر میں برسراقتدار رہی اور کشمیری پنڈتوں کو دو بار ہجرت کرنی پڑی۔  کیجریوال نے کہا کہ ہم ملک بھر میں بھی دیکھ رہے ہیں، یہ صرف گندی سیاست کرتے ہیں۔ کیجریوال نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ سیاست نہ کی جائے، اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے کہا ’’بی جے پی نے۱۷۷؍ کشمیری پنڈتوں کو وادی کے اندر منتقل کیا اور اپنی فہرست کو عام کر دیا۔یہ دہشت گردوں کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ بس کرو اپنی میٹنگ، اب کشمیر ایکشن چاہتا ہے، ہندوستان ایکشن چاہتا ہے۔ بہت ہو گئی تمہاری میٹنگ، اب کچھ کر کے دکھاؤ!‘‘ کیجریوال نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ پی ایم ریلیف پلان کے تحت ۴۵۰۰؍کشمیری پنڈتوں کو کشمیر میں دوبارہ آباد کیا گیا ہے۔ انہیں نوکری دی گئی لیکن ایک بانڈ پر دستخط کرائے گئے کہ انہیں کشمیر میں ہی نوکری کرنی ہوگی۔ وہ ٹرانسفر کا مطالبہ بھی نہیں کر سکتے۔ اگر وہ ٹرانسفر کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ آج کشمیری پنڈت مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں اس بندھن سے آزاد کیا جائے۔اروند  کیجریوال نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ امیت شاہ سے کشمیر پر بات کرنے کے لیے وقت مانگیں گے اور سمجھیں گے کہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کیا منصوبہ ہے۔
’کشمیری پنڈتوں کوگھر واپسی کا خواب دکھایا گیا ‘ 
  مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی  وادی کشمیر میں ہندوؤں اور کشمیری پنڈتوں کو نشانہ بنانے کے اور قتل کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ شیوسینا کے سربراہ ٹھاکرے نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری پنڈت وادی سے نکل رہے ہیں۔کشمیری پنڈتوں کو `گھر واپسی کا خواب دکھایا گیا، لیکن انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مارا جا رہا ہے۔ پنڈتوں کی ہجرت ایک چونکا دینے والا واقعہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کشمیری پنڈت برادری کو یقین دلایا کہ مہاراشٹر مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔  
 انہوں نے کہا کہ  ۱۹۹۵ء میںجب مہاراشٹر شیوسینا اوربی جےپی کی  اتحادی حکومت بنی توشیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے نے کشمیری پنڈتوں کے بچوںکیلئے ریاست کے تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کو یقینی بنایا۔ریاستی حکومت کشمیری پنڈت  لیڈروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔این سی پی کے ترجمان مہیش تپاسے نے بھی کشمیری پنڈتوں کے مسائل کیلئے وزیر داخلہ امیت شاہ کو تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔مہیش تپاسے نے کہا کہ بی جے پی لیڈر صرف سیاسی فائدہ کیلئے کشمیر فائلز نامی فلم کی تشہیر میں لگے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر نے ہمیشہ کشمیری پنڈتوںکو محفوظ راستہ فراہم کیا جبکہ بی جےپی ان کے جذبات سے کھیلتی رہی ۔ واضح رہے کہ سیکڑوں کشمیری پنڈت نے کشمیر میںحال ہی میں ہوئی قتل کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔  کشمیری پنڈتوں نے اجتماعی ہجرت کی بھی دھمکی دی ہے۔ کولگام میں راجستھان کے ایک بینک منیجر کو بینک میں گھس کر ایک دہشت گرد نے گولی مار  دی تھی جبکہ اس سے قبل رجنی بالا نامی خاتون ٹیچر کوبھی قتل کردیاگیاتھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK