• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوونڈی :رفیع نگر قبرستان کھلا تو دیونار قبرستان بند کردیا گیا!

Updated: December 20, 2025, 11:34 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Govandi

بی ایم سی نے قبرستان بند کرنے کا نوٹس دیا۔ ہرچند ماہ بعد قبرستان بند اورشروع کرنے پر ٹرسٹیان برہم۔ کہا: مسئلے کا مستقل حل نیا قبرستان ہے، اسے تیزی سے تعمیر کیا جائے۔

Rafi Nagar Cemetery, which has been opened for burials. Picture: Inquilab
رفیع نگر قبرستان جو تدفین کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ تصویر: انقلاب
یہاںرفیع نگر قبرستان میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد۱۸؍دسمبربرو زجمعرات سے دوبارہ تدفین شروع ہوئی تو ایک دن بعد ہی  جمعہ ۱۹؍ دسمبر  سے دیونار قبرستان میں جگہ ختم ہوگئی اور تدفین بند  کردی گئی۔ اس طرح گویا تماشہ چل رہا ہے۔ یہ بند ،وہ چالو ، وہ بند تو یہ چالو ۔ ٹرسٹیان کا کہنا ہے کہ اس کا حل صرف اور صرف نیا قبرستان ہے مگر نئے قبرستان  کا کام بھی بہت سست رفتاری سے چل رہا ہے۔ اب تک دیوار کا کام بھی پورا نہیں ہوسکا ہے۔
   رفیع نگر قبرستان میں تدفین شروع کئے جانے کے تعلق سے قبرستان ٹرسٹ کے سیکریٹری مشتاق شیخ نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ سال بعد دوبارہ تدفین شروع کی گئی ہے، اس اثناء  میں پہلے کچھ دن میت دفنائی گئی تھی مگر بی ایم سی کی ہدایت پر بند کردی گئی تھی۔ بی ایم سی کی گائیڈ لائن کے مطابق ۱۸؍ ماہ سے قبل مدت میں باڈی گلتی نہیں ہے اور کچی قبریں کھودنے سے کئی دیگر  مسائل کا خدشہ ہے۔ ان سے یہ پوچھنے پر کہ کتنے دن اب تدفین کا مسئلہ نہیں ہوگا تو مشتاق شیخ نے کہا کہ یہ میت لائے جانے پر ہے ،اگر زیادہ میت لائی گئی تو جلد گنجائش ختم ہوجائے گی ورنہ ایک سال سے زائد مدت کیلئے اب مسئلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ چالو بند، چالو بند ، ایسا لگتا ہے کہ مذاق ہورہا ہے جبکہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے، اسے مستقل طور پر حل کرنا ضروری ہے لیکن اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ ٹرانزٹ کیمپ والے تیسرے قبرستان کے پلاٹ پر جس پر ۴۰۰؍ قبروں کی گنجائش ہے، کام جلد پورا کیا جائے ۔ کافی کوشش کی بعد مذکورہ پلاٹ پر کام شروع کرایا گیا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اب تک چہار دیواری کا کام بھی پورا نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ اب تک قبرستان کی تعمیر مکمل ہوجانی چاہئے تھی۔
دیونار قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن عرف منا نے انقلاب کو بتایا کہ ہم نے پہلے ہی متنبہ کیا تھا کہ رفیع نگر قبرستان جلد شروع کیا جائے کیونکہ دیونار قبرستان میں جگہ ختم ہونے والی ہے۔ بالآخر وہی ہوا اور بی ایم سی نے جمعہ۱۹؍ دسمبر سے بند کردیا اور نوٹس بھی جاری کردیا۔انہوں نے بھی یہ دہرایا کہ گوونڈی کی کثیر آبادی کو دیکھتے ہوئے قبرستان کیلئے مزید جگہ کی ضرورت ہے۔ جس پلاٹ پر نئے قبرستان کا کام چل رہاہے ،  وہ بہت سست ہے۔ جب وہ تیار ہوجائے گا اور امید ہے کہ اپریل۲۰۲۶ء سے اسے بھی شروع کردیا جائے گا تو یہ مسئلہ حل ہوجائے گا ورنہ اسی طرح ایک بند ہوگا تو دوسرا چالو۔لیکن بند چالو مسئلے کا حل نہیں ہے، مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے۔
ایم ایسٹ وارڈ کے ہیلتھ آفیسر کی دستخط سے ایک عوامی نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ دیونار قبرستان میں میت دفن کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔ اس لئے میں اپنے اختیارات کے مطابق یہ واضح کررہا ہوں کہ بی ایم سی کے ضابطے کے مطابق دیونار قبرستان ۱۹؍دسمبر سے بند کیا جارہا ہے۔ اس نوٹس میں یہ نہیں لکھا گیا ہے کہ کس تاریخ تک بند کیا جارہا ہے۔ایم ایسٹ وارڈ کے ہیلتھ آفیسر کاسلے کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی تدفین کا مسئلہ نہ ہو۔ جہاں تک ایک بند دوسرا چالو کا سوال ہے تو گنجائش ختم ہونے پر میت کی تدفین نہیں کی جاسکتی، اسی  لئے ایسا کیا جاتا ہے۔
واضح ہوکہ دیونار قبرستان میں۱۳۰۰؍ میت دفن کرنے کی گنجائش ہے اور رفیع نگر میں ۱۲۰۰؍ سے زائد قبروں کی گنجائش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK