خاتون سماجی کارکن نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار کی موت والے دن کھرات کی کریڈٹ سوسائٹی میں سب سے زیادہ رقم جمع کروائی گئی
EPAPER
Updated: April 07, 2026, 12:24 AM IST | Mumbai
خاتون سماجی کارکن نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار کی موت والے دن کھرات کی کریڈٹ سوسائٹی میں سب سے زیادہ رقم جمع کروائی گئی
معروف سماجی کارکن انجلی دمانیا نے ایک اور سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ جس دن نائب وزیر اعلیٰ کی موت ہوئی اس دن اور اس سے پہلے اور بعد والے دن اشوک کھرات کریڈٹ سوسائٹی میں سب سے زیادہ رقم لین دین ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بات کی جانچ کی جائے کہ اشوک کھرات کا اجیت پوار کی موت سے کوئی تعلق تھا؟
پیر کے روز انجلی دمانیا نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دران بتایا کہ اشوک کھرات کا ’سمتا کو آپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی‘ نام سے ایک مالی ادارہ ہے۔ جس طرح ہم بینک میں پیسہ جمع کرتے ہیںیا نکالتے ہیں تو ہمیں میسج آتا ہے۔ اسی طرح اشوک کھرات کے موبائل پر اس کریڈٹ سوسائٹی میں رقم جمع ہونے پر میسج آیا کرتا تھا۔ دمانیا کے مطابق اس مالی ادارے کے تعلق سے روزانہ ایک یا ۲؍ میسج اشوک کھرات کے موبائل پر آیا کرتا تھا لیکن جس دن اجیت پاور کی موت ہوئی یعنی ۲۸؍ جنوری کو اس کے موبائل پر ۱۹؍ میسج آئے جبکہ اس سے ایک روز قبل ۲۷؍ جنوری کو ۱۷؍ میسج آئے۔ ۲۸؍ جنوری کے بعد یعنی ۲۹؍ جنوری کو اس نمبر ۱۰؍ میسج آئے جس میں کریڈٹ سوسائٹی کے لین دین کی اطلاع تھی۔ ۳۰؍ اور ۳۱؍ جنوری کو بھی ۸۔ ۸؍ میسج اس نمبر پر موصول ہوئے۔ سماجی کارکن کا کہنا ہے کہ اشوک کھرات کا اجیت پوار کی موت سے بھی تو کوئی تعلق نہیں تھا؟ اس معاملے کی پوری سنجیدگی سے جانچ ہونی چاہئے۔ انہوں نےکہا کہ ’’ میں یہ ساری تفصیل’ داتے سر‘ ( مہاراشٹر کے ڈی جی پی سدا نند داتے) کو بھی بھیج رہی ہوں اور جانچ کا مطالبہ کر رہی ہوں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انجلی دمانیا نے اشوک کھرات سے فون پر سیاسی شخصیات کی گفتگو کی تفصیل میڈیا کے سامنے پیش کی تھی۔
خاتون سرکاری افسر پولیس کے رڈار پر
اس دوران اطلاع ملی ہے کہ اشوک کھرات معاملے میں ایک خاتون سرکاری افسر پولیس کے رڈار پر ہے۔ ایس آئی ٹی کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وقت ناسک میں تعینات ایک خاتون افسر کا دھوکہ باز اشوک کھرت سے تعلق ہے۔ شبہ ہے کہ اس نے اشوک کھرت کی انتظامی سطح پر مدد کی تھی۔ بدلے میں، اشوک کھرات نے بھی اپنے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے اس افسر کو اس کی مطلوبہ پوسٹنگ حاصل کرنے میں مدد کی تھی۔ شبہ ہے کہ کھرات نے اس خاتون افسر کے کالے دھن کو بھی منی لانڈرنگ کے ذریعے وہائٹ کروایا تھا۔
ذرائع نےبتایا کہ خاتون افسر اور اشوک کھرات کے درمیان مالی لین دین ہوا تھا۔ اس لئے امکان ہے کہ اس معاملے میں مذکورہ خاتون افسر سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ تاہم اس سے انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔یاد رہے کہ اشوک کھرات کے کابینی وزراء سے گہرے تعلقات تھے جس کی وجہ سے سرکاری افسران اس سے بہت جلد مرعوب ہو جایا کرتے تھے۔