Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشوک کھرات کی بیوی فرار، بیٹا پولیس حراست میں

Updated: April 01, 2026, 11:31 PM IST | Nashik

کلپنا کھرات پر اپنے شوہر کے ساتھ مل کر زمین ہڑپنے کا الزام ہے ،فرضی بابا کو عدالت نے مزید ۱۴؍ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیجا

Ashok Kharat (in a mask) being led away from the court (Photo: Agency)
اشوک کھرات (نقاب میں) کو عدالت سے لے جایا جا رہا ہے ( تصویر: ایجنسی)

بابا گیری کے نام پر خواتین کا جنسی استحصال کرنے والے اشوک کھرات کی بدھ کے روز پولیس تحویل ختم ہوئی جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے اسے مزید ۱۴؍ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیا۔ یاد رہے کہ یہ صرف ایک معاملے کی پولیس تحویل ہے جس میں اس پر خواتین کے جنسی استحصال کا الزام ہے۔ ایک دیگر معاملے کیلئے اسے آج (جمعرات) کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ پولیس پھر سے تحویل  مانگے گی۔ 
 ناسک ڈسٹرکٹ کورٹ نے صرف ۵؍ منٹ میں شنوائی کو ختم کر دیا اور کھرات کو مزید ۱۴؍ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ پولیس کھرات کو نقاب اوڑھا کر عدالت لے کر آئی تھی۔ عدالت کا حکم ملتے ہی فوراً اسےگاڑی میں بٹھا کر دوبارہ لاک اپ تک پہنچا دیا گیا۔ یاد رہے کہ اشوک کھرات کے اوپر کم از کم ۸؍ معاملات درج ہیں۔ جبکہ  اس کے خلاف نئی شکایات درج کی جا رہی ہیں۔ اسے چوتھی بار پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
 اشوک کھرات کی بیوی کلپنا کھرات فرار
  اس سے قبل منگل کی رات ناسک میں کچھ ڈرامائی واقعات پیش آئے۔ شرڈی میں ایک زمین کو دھوکے سے ہڑپ لینے کے معاملے میں پولیس نے اشوک کھرات کے ساتھ اس کی بیوی کلپنا کھرات کو بھی ملزم بنایا ہے۔ اس کیس میں کلپنا کھرات کی گرفتاری بھی ضروری ہے لیکن اس سے پہلے کہ ایس آئی ٹی کی ٹیم کلپنا کھرات کو گرفتار کرنے  ناسک کے کرم یوگی نگر میں واقع اسکے گھر جاتی، وہ فرار ہوگئی۔ پولیس نے مکان کا محاصرہ کر لیا لیکن اندر سے دوروازہ نہیں کھولا گیا۔ کافی دیر بعد جب پولیس کو اندر آنے دیا گیا تو معلوم ہوا کلپنا کھرات گھر میں نہیں ہے۔ پولیس کو یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کہاں ہے۔ 
 بیٹا ہرش وردھن پولیس حراست میں  
  نتیجتاً پولیس نے کھرات کے بیٹے ہرش وردھن کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ ساتھ ہی کلپنا کھرات کو تلاش کرنے کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ اب  اشوک کھرات سے اس کے بیٹے کے سامنے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اشوک کھرات تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہا  ہے۔ اس لئے اس کے بیٹے کے سامنے اس سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔  فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ  اشوک کھرات کا بیٹا بھی کسی معاملے میں ملزم ہے یا نہیں؟ یا اسے صرف پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے؟البتہ پولیس کا کہنا ہے کہ اشوک کھرات کے تعاون نہ کرنے کی وجہ سے تفتیش آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے۔ وہ واضح معلومات فراہم نہیں کر رہا ہے۔ ایس آئی ٹی دیگر ذرائع سے معلومات اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کی بیوی کو گرفتار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر ایس آئی ٹی جنسی استحصال کے جرم کی تحقیقات پر توجہ مرکوز کرے گی اور اس کے بعد دیگر جرائم کی تفتیش کی جائے گی۔ اشوک کھرات کے سی اے، مندر کے پجاری اور ایک زیور کی دکان کے مالک سے بھی پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
 یاد رہے کہ اشوک کھرات کےدیپک کیسرکر،سنیل تٹکرے اور ایکناتھ شندے جیسے کئی اہم سیاستدانوں سے گہرے تعلقات تھےلیکن اب تک پولیس نے کسی بھی اہم لیڈر سے پوچھ تاچھ نہیں کی ہے۔ حتیٰ کہ اشوک کھرات کی سب سے قریبی اور ان کی تنظیم کی ٹرسٹی روپالی چاکن کر سے بھی صرف پوچھ تاچھ کی گئی ، انہیں ملزم نہیں بنایا گیا جبکہ اپوزیشن کئی بار روپالی چاکن کر کی گرفتاری کا مطالبہ کر چکا ہے۔

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK