خواتین کمیشن کی سابق چیئر پرسن کی ٹرسٹ کی تفتیش کا آغاز ، تنتر منتر کے بہانے روپے اینٹھنے والے اشوک کھرات کے ساتھ تعلق کی بھی جانچ ہوگی
EPAPER
Updated: March 24, 2026, 12:45 AM IST | Nashik
خواتین کمیشن کی سابق چیئر پرسن کی ٹرسٹ کی تفتیش کا آغاز ، تنتر منتر کے بہانے روپے اینٹھنے والے اشوک کھرات کے ساتھ تعلق کی بھی جانچ ہوگی
حال ہی میں خواتین کے جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار کئے گئے خود ساختہ جیوتشی اشوک کھرات کے معاملے میں پولیس کی جانچ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ اس میں کھرات کے ساتھ ہی خواتین کمیشن کی سابق چیئر پرسن روپالی چاکن کر کی مشکلیں بڑھنے والی ہیں کیونکہ پولیس نے اب چاکن کر کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے بلایا ہے ۔ ساتھ ہی اس ٹرسٹ کی چھان بین کی جا رہی ہے جس کی وہ ٹرسٹی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سنیچر کو اشوک کھرات تنازع کے سبب روپالی چاکن کو خواتین کمیشن کی چیئر پرسن کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔
پولیس نے گزشتہ ہفتے ناسک کے کیپٹن اشوک کھرات کو گرفتار کیا تھا جو جیوتش ویدیا اور تنتر منتر کے نام پر خواتین کا استحصال کیا کرتا تھا۔ اس کی گرفتاری کے بعد بحیثیت خواتین کمیشن کی سربراہ روپالی چاکن کر کو متاثرہ خواتین کا ساتھ دینا چاہئے تھا مگر انہوں نے اشوک کھرات کا دفاع شروع کر دیا۔ اس دوران چاکن کر کی کئی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں وہ کہیں اشوک کھرات کے پیر دھوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں تو کہیں ان کی قدم بوسی کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ چاکن کر ، کھرات کو اپنا ’گرو ‘ کہتے ہوئے نہیں تھکتی تھیں، حتیٰ کہ انہوں نے میڈیا میں یہ بیان بھی دے دیا کہ اشوک کھرات پر ایسے کئی عہدے قربان ہیں۔ بالآخر نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے انہیں بلایا اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی ہدایت دی۔
عہدے سے معزول ہونےکے بعد بھی روپالی چاکن کر کی مشکلیں کم نہیں ہوئی ہیں۔ اب پولیس نے ’شیونکا سنستھا ‘ نامی تنظیم کی تحقیقات بھی شروع کی ہیں۔ اس تنظیم کا سربراہ اشوک کھرات ہے جبکہ روپالی چاکن کر اس کی ٹرسٹی ہیں۔ اسلئے روپالی چاکن کر کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے بلوایا گیا ہے۔ چونکہ اشوک کھرات نے تنتر منتر کے بہانے دولت مندوں سے روپے بھی اینٹھے ہیں اور ان کی سرمایہ کاری کی ہے ، لہٰذا اس کی جائیداد اور سرمایہ کاری کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ یقینی طور پر اس جانچ کی زد میںروپالی چاکن کر بھی آئیں گی۔ فی الحال کہا نہیں جا سکتا کہ وہ کس حد تک ان سارے معاملات میں ملوث ہیں لیکن اس کی جانچ کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، یہ بات طے ہے۔