Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج جلوس عاشورہ: جنوبی ممبئی کی کئی اہم سڑکیں بند رہیں گی

Updated: July 06, 2025, 11:22 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ٹریفک محکمے کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے شہریوں کو متبادل راستہ اپنانے کا مشورہ دیا۔ کئی سڑکوں کو نوپارکنگ زون قرار دیا گیا۔ جےجے فلائی اوور سے ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

A scene from a procession taken out by Shiites on the 9th of Muharram in Bhandi Bazaar. Photo: INN.
اہل تشیع کی جانب سے بھنڈی بازار میں ۹؍ویں محرم کو نکالے گئے جلوس کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این۔

آج جلوس عاشورہ کے سبب ٹریفک نظام میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کئی اہم سڑکیں بند رہیں گی۔ ٹریفک محکمے کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے شہریوں کومتبادل راستہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ اسی کے ساتھ کئی سڑکوں کو نوپارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں ٹریفک پولیس کی گاڑیاں گشت کررہی ہیں اور لوگوں کو پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ گاڑیاں پارک نہ کریں اوراگر ان کی گاڑیاں کھڑی ہیں تو اسے ہٹالیں ۔ 
جے جے فلائی اوور پر حسب معمول ٹریفک جاری رہے گا۔ اس سے ہوکر سی ایس ایم ٹی، فلورا فاؤنٹین، چر چ گیٹ اورقلابہ وغیرہ کی جانب سے جایا جاسکتا ہے۔ ٹریفک نظام میں وقتی طور پر کی جانی والی تبدیلیاں ذیل میں درج کی جارہی ہیں۔ 
بند کی جانے والی سڑکیں اورمتبادل راستے 
آج ۱۰؍ویں محرم کو زینبیہ امام باڑہ سے جلوس نکلنے سے قبل دوپہر بعد سےٹریفک نظام میں کچھ اس طرح تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ 
رام چندر بھٹ مارگ، علامہ محمد اقبال چوک (جے جے جنکشن) سے نور باغ جنکشن تک بند رہے گا۔ اس کی وجہ سے جے جے جنکشن سے نور باغ جنکشن جانے والی گاڑیاں بھنڈی بازار چوک سے پی ڈی میلو روڈ کی طرف موڑ دی جائیں گی۔ اسی طرح گول دیول روڈ، بھنڈی بازار چوک سے ڈاکٹر محمد اقبال چوک (جے جے جنکشن) تک بند رہے گا۔ اس کے سبب گول دیول روڈ سے بھنڈی بازار چوک کی طرف جانے والی گاڑیاں باپو کھوٹے اسٹریٹ (پائیدھونی پولیس اسٹیشن) کی طرف موڑ دی جائیں گی۔ 
مولانا شوکت علی روڈ، دوٹانکی جنکشن سے ڈاکٹر محمد اقبال چوک (جے جے جنکشن) تک بندرہے گا۔ اس کے سبب مولانا شوکت علی مارگ سے آنے والی گاڑیاں دوٹانکی جنکشن سے بائیں یا دائیں مڑ کر ڈنکن روڈ سے جائیں گی۔ ایس وی پی روڈ، مولانا محمد علی جوہر چوک (بھنڈی بازار) سے سی ایس ٹی جنکشن تک بندرہے گا۔ متبادل راستہ کے طورپر گاڑیاں بھنڈی بازار جنکشن سے مانڈوی جنکشن سے سی ایس ایم ٹی، اوتار سنگھ بیدی چوک، پی ڈی میلو روڈ، ڈاکیارڈ اسٹیشن، بیرسٹر ناتھ پائی روڈ کی طرف سے جائیں گی۔ اسی طرح شیوداس چپسی مارگ، نور باغ جنکشن سے مہارانا پرتاپ چوک تک بندرہے گا۔ متبادل راستہ کے طور پر نور باغ جنکشن سے ڈاکٹر مہیشوری روڈ (سینڈھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن) سے ہوتے ہوئے واڑی بندر برج سے پی ڈی میلو روڈ کی طرف موڑ دی جائیں گی۔ 
ڈاکٹر مسکریہنس روڈ، شیوداس چپسی مارگ سے ہینکاک برج سے مصطفیٰ بازار جنکشن تک بندرہے گا۔ متبادل راستہ کے طور پر ڈاکٹر مسکریہنس روڈ سے مجگاؤں سرکل آنے والی گاڑیاں واڑی بندر برج، بیرسٹر ناتھ پائی روڈ، پی ڈی میلو روڈ سے جنوبی ممبئی کی طرف جائیں گی۔ اسی طرح مصطفیٰ بازار جنکشن، رے روڈ برج، بیرسٹر ناتھ پائی مارگ، پی ڈی میلو روڈ سے جنوبی ممبئی کی طرف جائیں گی۔ 
رامبھا بھوگلے مارگ تاکرناک بندر جنکشن سے مصطفیٰ بازار جنکشن تک بندرہے گا۔ متبادل راستہ کے طورپر رامبھا بھوگلے مارگ سے گاڑیاں تاکرناک بندر جنکشن سے بیرسٹر ناتھ پائی مارگ کی طرف موڑی جائیں گی۔ 
جینابھائی مُلجی راٹھوڑ مارگ، کاکلی چوک سے ہینکاک برج تک بندرہے گا۔ یہاں سے آنے والی گاڑیوں کیلئے ہینکاک برج، ڈاکیارڈ روڈ جنکشن، بیرسٹر ناتھ پائی مارگ، رے روڈ، سنت ساؤتا مارگ، ڈی بی اے روڈ سے گزار دی جائیں گی۔ 
بلونت سنگھ دھوڈی مارگ (نیسبت روڈ)، ڈاکیارڈ روڈ جنکشن سے نیسبت روڈ جنکشن تک بندرہے گا۔ یہاں سے آنے والے متبادل راستہ کے طو رپر ڈاکیارڈ روڈ جنکشن سے ڈی بی اے روڈ آنے والی گاڑیاں بیرسٹر ناتھ پائی مارگ، رے روڈاور سنت ساؤتا روڈ سے موڑی جائیں گی۔ 
اس تعلق سے آل انڈیا ادارۂ تحفظ حسینیت کے ذمہ دار ذوالفقار زیدی سے بات چیت کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ’’ جلوس ِ عاشورہ اور دیگر جلوسوں کے تعلق سے ٹریفک نظام کےبارے میں ایک سےزائد مرتبہ پولیس اہلکارو ں سے بات چیت کی جاچکی ہے۔ چونکہ جلوس ِ عاشورہ مرکزی جلوس ہوتا ہے اسی لئے زینبیہ امام باڑہ سے ۴؍بجے جلوس برآمد سے ۲؍ گھنٹہ قبل ہی ٹریفک بند کردیا جاتا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK