• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشین گیمز:ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے تمغہ پکا کیا، خواتین ٹیم کوارٹر فائنل میں باہر

Updated: September 22, 2026, 6:02 PM IST | New Delhi

ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نےایچینومیا سٹی میونسپل جمنازیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں میزبان جاپان کو شکست دے کر ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں اپنا تمغہ پکا کر لیا۔ ہانگژو ۲۰۲۳ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے اور اس طرح مسلسل دوسرے ایشین گیمز میں کم از کم کانسہ کا تمغہ یقینی کرلیا ہے۔

Badminton Team.Photo:X
بیڈمنٹن ٹیم۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے منگل کو ایچینومیا سٹی میونسپل جمنازیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں میزبان جاپان کو شکست دے کر ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں اپنا تمغہ پکا کر لیا۔ ہانگژو ۲۰۲۳ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے اور اس طرح مسلسل دوسرے ایشین گیمز میں کم از کم کانسہ کا تمغہ یقینی کرلیا ہے۔

 

عالمی رینکنگ میں ۱۴؍ویں مقام پر موجود لکشیا سین نے ابتدائی سنگلز مقابلے میں عالمی نمبر سات اور ۲۰۲۶ء عالمی چیمپئن شپ کے چاندی کا تمغہ فاتح کوڈائی ناروکا کو ۲۱۔۱۱، ۵۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے شکست دے کر ہندوستان کو برتری دلائی۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد لکشیا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرا گیم جیتا۔ فیصلہ کن گیم میں وہ ایک وقت ۱۳۔۱۹؍ سے پیچھے تھے، لیکن اس کے بعد مسلسل آٹھ پوائنٹس حاصل کرکے انہوں نے ہندوستان کو ۰۔۱؍ کی برتری دلا دی۔
ایشین گیمز کے موجودہ مردوں کے ڈبلز چیمپئن ساتوک  سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے ۲۰۲۱ء کے عالمی چیمپئن تاکورو ہوکی اور یوگو کوبایاشی کو ۱۸۔۲۱، ۲۲۔۲۴؍ سے شکست دے کر ہندوستان کی برتری  ۰۔۲؍ کردی۔ ہندوستانی جوڑی پہلے گیم میں ۷۔۱۱؍ سے پیچھے تھی، لیکن اس نے واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے گیم کے سنسنی خیز اختتام میں ہندوستانی جوڑی نے چوتھے میچ پوائنٹ کو کامیابی میں تبدیل کیا۔ اس کے بعد عالمی نمبر۲۰؍ آیوش شیٹی نے ۱۶؍ویں رینکنگ والے کوکی واتانابے کو ۱۰۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍سے شکست دے کر ہندوستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان کی خواتین ٹیم نے ایشین گیمزکے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیتا

خواتین کے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو جاپان کے خلاف کوارٹر فائنل میں ۱۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی اس کی تمغے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔ دو بار کی اولمپک تمغہ فاتح پی وی سندھو نے ابتدائی سنگلز مقابلے میں تین بار کی عالمی چیمپئن اکانے یاماگوچی کو سخت ٹکر دی، لیکن آخرکار۲۳۔۲۱، ۱۸۔۲۱، ۱۱۔۲۱؍ سے ہار گئیں۔ سندھو پہلے گیم میں ۱۵۔۱۸؍ سے پیچھے ہونے کے باوجود واپسی کرتے ہوئے کامیاب رہیں، لیکن یاماگوچی نے اگلے دونوں گیمز میں اپنا غلبہ قائم کیا۔ نوجوان اِنّتی ہڈا نے بھی عالمی نمبر سات توموکا میازاکی کے خلاف دونوں گیمز میں وقفے وقفے سے برتری حاصل کی، لیکن انہیں  ۱۶۔۲۱، ۱۸۔۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس سے جاپان نے ۰۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی امیدیں برقرار رکھیں۔ گزشتہ ماہ نئی دہلی میں عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی جوڑی نے عالمی نمبر تین جوڑی یوکی فوکوشیما اور مایو ماتسوموتو کو۱۶۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دی۔

یہ بھی پڑھئے:ایڈ شیرن جذباتی ہوگئے، کہا: دوستوں اور خاندان نے مجھے ’تنہا چھوڑ دیا‘

سابق عالمی چیمپئن نوزومی اوکوہارا نے چوتھے مقابلے میں تنوی شرما کو ۱۲۔۲۱، ۱۰۔۲۱؍ سے شکست دے کر جاپان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ اس کے ساتھ ہی ایشین گیمز میں خواتین کی ٹیم بیڈمنٹن میں ہندوستان کے دوسرے تمغے کا انتظار مزید بڑھ گیا۔ اس ایونٹ میں ہندوستان نے واحد تمغہ انچیون۲۰۱۴ء میں کانسہ کی شکل میں جیتا تھا۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم ہانگژو ۲۰۲۳ء میں بھی تھائی لینڈ کے ہاتھوں۰۔۳؍ سے شکست کھا کر کوارٹر فائنل میں ہی باہر ہوگئی تھی۔ ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں بیڈمنٹن کے انفرادی مقابلے جمعہ سے شروع ہوں گے، جن میں مردوں اور خواتین کے سنگلز اور ڈبلز مقابلے ۲۵؍ سے ۲۹؍ ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK