• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان کی خواتین ٹیم نے ایشین گیمزکے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیتا

Updated: September 22, 2026, 4:05 PM IST | New Delhi

کپتان فاطمہ ثناء (۴۵؍ رن / ایک وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان کی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو ۳۱؍ رن سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیت لیا۔

Pakistani Players.Photo:X
پاکستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

کپتان فاطمہ ثناء (۴۵؍ رن / ایک وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان کی خواتین ٹیم نے منگل کے روز بنگلہ دیش کو ۳۱؍ رن سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستان کے  ۱۴۵؍ رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں پر۱۱۴؍ رنز ہی بنا سکی اور مقابلہ ۳۱؍رنز سے ہار گئی۔


بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے ۲۰؍ رنز کے اسکور پر اپنے تین وکٹ گنوا دیئے۔ جویریہ فردوس (چار)، دلارا اختر (۱۲؍رن) اور شوبھنا موستاری (۲؍رن) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ایسے مشکل  وقت کپتان نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے ۴۷؍ رنز جوڑے۔ ۱۴؍ویں اوور میں عائشہ ظفر نے نگار سلطانہ (۲۵؍ رنز) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کے بلے باز پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے آگے بے بس نظر آئے۔ تاہم شرمین اختر ایک سرا سنبھالے کھڑی رہیں۔ انہوں نے ۴۶؍ گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے  ناٹ آؤٹ ۴۶؍ رنز بنائے۔  ناہیدہ اختر ۱۰؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی طرف سے ام ہانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسمیہ رباب، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:مغربی بنگال کے ضمنی انتخابات کیلئے بی جے پی ہر حربہ استعمال کرنے پرآمادہ

اس سے پہلے منگل کو تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے ۴۶؍ رنز جوڑ کر پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ساتویں اوور میں ناہیدہ اختر نے گل فیروزہ کو بولڈ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ گل فیروزہ نے ۲۳؍ گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے ۳۱؍ رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں سائرہ جبین (پانچ) کو شورنا اختر نے اپنا شکار بنا لیا۔ ۱۰؍ویں اوور میں شوال ذوالفقار (۱۷؍رن) کو بھی شورنا اختر نے آؤٹ کیا۔ عائشہ ظفر (۹؍رن) اور ایمن فاطمہ (صفر) پر آؤٹ ہوئیں۔ ایک وقت پر پاکستان نے ۶۷؍ رنز پر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے تھے۔ ایسے مشکل وقت میں فاطمہ ثناء اور عالیہ ریاض کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے ۶۷؍ رنز کی شراکت داری ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے:غزہ: بچوں کے قتل پر اسرائیلی ماڈل کے بیان پر فرانسسکا البانیز کا ردعمل

۱۹؍ویں اوور میں رتو مونی نے عالیہ ریاض (۲۵؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ ۲۰؍ویں اوور میں ناہیدہ اختر نے فاطمہ ثناء کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ فاطمہ ثناء نے ۳۰؍ گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ۴۵؍رن  کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۵؍ رنز کا اسکور کھڑا کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور رتو مونی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سنجیدہ اختر میگھلا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK