نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ممبئی پولیس کمشنر کے ساتھ قریش برادری اور سماجی کارکنان کی میٹنگ، پولیس کی جانب سے جی آر جاری کرنےکا وعدہ
EPAPER
Updated: August 06, 2025, 11:16 PM IST | Mumbai
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ممبئی پولیس کمشنر کے ساتھ قریش برادری اور سماجی کارکنان کی میٹنگ، پولیس کی جانب سے جی آر جاری کرنےکا وعدہ
گئورکشکوں کے تشدد کے خلاف قریش برادری نے مہاراشٹر بھر میں بڑے کے گوشت کا کاروبار بند کر رکھا ہے۔ اسی ضمن میں جمعرات کو فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے وفد کی نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار، ڈی جی پی رشمی شکلا اور ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں نائب وزیر اعلیٰ کو ۶؍نکات پرمبنی میمورنڈم دیا گیا۔قریش برادری کے مسائل سننے کے بعد ڈی جی پی نے اس تعلق سے جی آر جانے کرنے اورمطالبات پورے ہونے پرقریش برادری نے ہڑتال ختم کرنے کا اشارہ دیا۔
یاد رہے کہ گئورکشکوںکے تشدد اور پولیس کی زیادتی کے خلاف ،اورنگ آباد، بیڑ، جالنہ ، ناندیڑ، پربھنی اور ایوت محل جیسے ااضلاع میں قریش برادری نے اپنا کاروبار پوری طرح بند کر دیا ہے۔ وہ نہ جانور خرید رہے ہیں اور نہ گوشت فروخت کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے کسانوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ ان کے جانور فروخت نہیں ہو رہے ہیں۔ پہلے ہی سے تنگی کا شکار کسان اس کی وجہ سے اور بھی مصیبت میں ہیں۔ اگرہڑتال ختم کروانے پرتوجہ نہ دی گئی تودیہی علاقوں کے کسانوں میں خودکُشی کے واقعات میںاضافہ ہوسکتا ہے۔
وفد کی جانب سے حکومت سے کیاکہا گیا
وفد نے اپنی جانب سے متعدد اہم مسائل کی نشاندہی کی ۔ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی کہ گئو رکشا کے نام پردھاندلی کی جاتی ہے۔ اگرکوئی تاجر ٹرانسپورٹیشن کے اصولو ں کی خلاف ورزی کرتا ہے توپولیس ضابطے کے تحت کارروائی کرے ،نہ کہ کوئی تنظیم جانور کے تحفظ کی آڑ میںقانون ہاتھ میںلے ۔دوسرے پکڑے جانے کی صورت میںپولیس کارروائی کرکےجانور اصل مالک کولوٹا دے ، انہیں ضبط نہ کیا جائے ۔ اسی طرح ٹرانسپورٹیشن سسٹم میں پیچیدگیوں کوختم کیا جائے ۔نیزاس تعلق سے ایک حکمنامہ جاری کیا جائے جس میں اس بات کویقینی بنایاجائے کہ تاجروں کے ساتھ زیادتی نہیںہوگی اورقانون ہاتھ میںلینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
جانور کی خریداری پررسید ضرور لے لیں
اس پرڈی جی پی رشمی شکلا نے کہاکہ آپ جہاں سے بھی جانور خریدیں رسید ضرور لے لیں۔ دوسرے یہ کہ اگر کوئی مسئلہ پیدا ہو تو ۱۰۲؍ نمبرپرفون کرکےپولیس کی مدد حاصل کریں۔اس پراجیت پوار نے خود ہی پوچھاکہ ۱۰۲؍نمبرپر کتنی مدد مہیا کروائی جاتی ہے؟ توپولیس کمشنر دیوین بھارتی نے کہاکہ ’’مدد فراہم کروائی جاتی ہے ا ورہر ہفتے جائزہ بھی لیاجاتا ہے کہ کتنی شکایات آئیں اور پولیس نے کس طرح کی کارروائی اور مدد کی۔ اسی اثناء میں ٹرانسپورٹیشن نظام کی پیچیدگیو ںکےتعلق سےاجیت پوار نے مرکزی وزیرنتن گڈکری سے بھی بات چیت کی۔نتن گڈکری نےدہلی میں ریاستی اورمرکزی نمائندوں کی ایک مشترکہ میٹنگ کرکے اس مسئلے کوحل کرنے کا یقین دلایا ۔
اسکے بعد ڈی جی پی کی جانب سے حکمنامہ جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تو قریش برادری کے ذمہ داران نے بھی یہ اشارہ دیا کہ اگرہمارے مطالبات پر توجہ دی جاتی ہے اور قریش برادری کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے توہم بھی ہڑتال ختم کرنے کاباہمی صلاح ومشورے کےبعد اعلان کریں گے۔ اس موقع پرسابق ریاستی وزیرنواب ملک ، ایم ایل اے ثناء ملک، نجیب ملّا(این سی پی )، ایم ایل سی گھاڈکگے، شاکر شیخ (جماعت اسلامی)، فرید شیخ ( ممبئی امن کمیٹی )، عبدالحسیب بھاٹکر ایڈوکیٹ مجید قریشی ، منور احمد، جاوید قریشی ، نادر قریشی ، رفیق قریشی ، آصف قریشی، سراج قریشی، عارف چودھری اورجنید قریشی وغیرہ موجود تھے۔