Updated: August 07, 2025, 9:11 PM IST
| Mumbai
موہت سوری کی فلم ’’سیارہ‘‘کے شریک مصنف سنکلپ سادھنا نے انکشاف کیاہے کہ فلم کااختتام لکھنے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد لی گئی تھی۔ یاد رہے کہ ’’سیارہ‘‘ ۱۸؍ جولائی ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہوئی تھی۔
اہان پانڈے اور انیت پڈا کی فلم ’’سیارہ‘‘بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔ فلم ناقد کومل نہتا کے ساتھ اپنے انٹرویو میں شریک مصنف سنکلپ سادھنا نے ’’سیارہ‘‘ کے اختتام کے تعلق سے عجیب و غریب انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے اختتام کو لکھنے میں چیٹ جی پی ٹی کی مدد لی گئی تھی۔ سنکلپ سادھنا نے بتایا کہ ’’ہم نے فلم کی پوری اسکرپٹ لکھ لی تھی صرف کلائمکس نہیں لکھ سکے تھے۔ہمیں نہیں معلوم تھا کہ فلم کا ریزلیوشن کیا ہوگا۔‘‘ چونکہ دباؤ بڑھ رہا تھا اس لئے ان کے ایک اسسٹنٹ چیتن نائیڈو نے فلم کا کلائمکس لکھنے کیلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد لینے کا مشورہ دیا تھا۔‘‘
سنکلپ سادھنا نے کہا کہ ’’میرا ایک اسسٹنٹ تھا چیتن نائیڈو جس نے مجھ سے کہا کہ میں صرف لطف کیلئے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کروں۔ ہم سنجیدگی سے اس کا استعمال نہیں کرنے والے تھے۔ ‘‘ جب ہم نے اس (چیٹ جی پی ٹی) سے پوچھا کہ اس فلم کا اختتام کس طرح کیا جانا چاہئے؟تو اس نے کہا کہ آخر میں ہیرو اور ہیروئن کو مار دینا چاہئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’فلم میں ہیروئن کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہم المناک اختتام پر غور کر رہے تھے۔موہت سوری بھی یہ سوچ رہے تھے ہیروئن کے حالات کو دیکھتے ہوئے فلم کا اختتام المناک ہوسکتا ہے۔ لیکن تب تک ہم نے فلم کا اختتام نہیں لکھا تھا۔ اس دن میں ٹریفک میں پھنس گیا تھااورمیرے ذہن میں اچانک یہ خیال آیا۔‘‘ یاد رہے کہ اہان پانڈے اور انیت پڈا نے اسی فلم کے ذریعے اپنے فلمی کریئر کی شروعات کی ہے۔