Inquilab Logo Happiest Places to Work

خلاء باز شبھانشو شکلا کی آج زمین پر واپسی کیلیفورنیا میں اُترینگے

Updated: July 15, 2025, 7:23 AM IST | New Delhi

خلائی اسٹیشن سے زمین کیلئے روانگی سے قبل راکیش شرما کی طرح  علامہ اقبال کا مصرعہ دہرایا کہ ’’سارے جہاں سے اچھا ....‘‘

Shabhanshu Shukla (second from right in black) with other astronauts before departure from the space station.
خلائی اسٹیشن سے روانگی سے قبل شبھانشو شکلا(سیاہ لباس میں دائیں سے دوسرے) دیگر خلاء بازوں  کے ساتھ۔

ہندوستان کے خلائی مشن میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے    خلاء باز شبھانشو شکلا بین الاقوامی  خلائی اسٹیشن پر ۱۸؍ دن گزارنے کے بعد پیر کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام ۴؍ بجکر ۳۵؍  منٹ  پر زمین کیلئے روانہ ہوگئے۔  ان کا خلائی جہاز  ۲۲ء۵؍ گھنٹے کا طویل سفر مکمل کرنے  کے بعد  منگل (۱۵؍ جولائی) کو کیلی فورنیا کے سمندر میں  مقامی وقت کے مطابق  علی الصباح   ساڑھے ۵؍  بجے جبکہ  ہندوستانی وقت کے مطابق  سہ پہر۳؍ بجے   اُترےگا جسے اسپلیش لینڈنگ کہتے ہیں۔
 شبھانشو شکلا ایکسوم مشن -۴؍ کے اپنے دیگر ۳؍ ساتھیوں  کے ساتھ  ’ڈریگن‘ نامی اسی  خلائی طیارہ  سے لوٹ رہے ہیں جس سے وہاں گئے تھے۔  ان  کا خلائی طیارہ پوری کامیابی کے ساتھ پیر کو سہ پہر ٹھیک  ۴؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر  بین الاقوامی  اسٹیشن سے الگ ہوگیا ۔خلائی اسٹیشن سے اَن ڈاکنگ (الگ ہونے کے عمل) سے لے کر کیلیفورنیا کے سمندری ساحل  پر ’اسپلیش ڈاؤن‘  یعنی سمندر میں لینڈنگ  تک  پورا عمل آٹومیٹیڈ ہوگا اس میں کسی انسانی مداخلت کی ضرورت نہیں ہوگی۔یہ مشن امریکہ اور ہندوستان سمیت ہنگری  اور پولینڈ کیلئے بھی خلائی دنیا میں واپسی کی علامت ہے کیونکہ ان چاروں ممالک نے ۴؍دہائیوں بعد پھر سے خلا میں شراکت داری کی ہے۔ 
   بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)  سے واپسی سے قبل اتوار کو وہاں   منعقد کی گئی الوداعی تقریب کے موقع پر خلاباز شبھانشو شکلا نے کہا کہ ’’ ہندوستان آج بھی خلاء سے ’سارے جہاں سے اچھا‘ لگتا ہے۔‘‘  یہ وہی الفاظ ہیں جو  ۴۱؍ سال قبل ۱۹۸۴ء  میں خلاء میں جانے والے پہلے ہندوستانی  خلاباز راکیش شرما نے کہے تھے۔   خلائی اسٹیشن سے اپنے وطنوں کیلئے  الوداعی پیغام میں شبھانشو شکلا  نے کہا کہ ’’ہم آج بھی جاننا چاہتے ہیں کہ ہندوستان اوپر سے کیسا دکھتا ہے۔ آج کا ہندوستان  پرعزم  نظر آتا ہے،  بے باک  دکھتا ہے،  پر اعتماد  دکھتا ہے، اور فخر سے پُر معلوم ہوتا ہے۔ ان سب وجوہات کی بنا پرمیں کہہ سکتا ہوں کہ آج کا ہندوستان اب بھی ’سارے جہاں سے اچھا‘ لگتا ہے۔‘‘  اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’جلدی ہی  زمین پہ ملاقات کرتے ہیں۔‘‘ مشن کے دیگر ارکین  میں کمانڈر پیگی وِٹسن، سلاووش وِزنویوسکی، اور ٹیبور کاپو شامل تھے۔ مشن۲۵؍ جون کو فلوریڈا سے روانہ ہوا تھا اور خلائی جہاز ۲۶؍ جون کو آئی ایس ایس سے جڑ گیاتھا۔ شبھانشو شکلا  بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے اور خلاء میں جانے والے دوسرے ہندوستانی شہری بن گئے ہیں۔ پہلے خلا باز راکیش شرما نے۱۹۸۴ءمیں سوویت یونین کے مشن کے تحت سالیوت-۷؍خلائی اسٹیشن کا سفر کیا تھا۔شکلا نے خلائی اسٹیشن میں گزارے گئے  ۱۸؍ دنوں میں  ہر روز سورج کو ۱۶؍  بار طلوع اور غروب ہوتے دیکھا۔
 اس مشن کیلئے  ہندوستان کی خلائی ایجنسی اسرو نے تقریباً۵۵۰؍کروڑ روپے خرچ  ہیں۔ یہ تجربہ  ہندوستان کے انسانی خلائی مشن گگن یان  جو۲۰۲۷ء میں متوقع ہے،  کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں مددگار ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK