Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائیجر کے صحرا میں ٹرک خراب ہونے کے بعد کم از کم ۴۹؍ افراد پیاس سے ہلاک

Updated: June 10, 2026, 1:07 PM IST | New Delhi

دو افراد ۵۰؍ کلومیٹر سے زیادہ پیدل چل کر پانی کے ایک ذخیرے اور پھر قریبی قصبے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جہاں انہوں نے حکام کو اطلاع دی۔

Desert.Photo:INN
صحرا۔ تصویر:آئی این این

نائیجریا کے حکام کے مطابق شمالی نائیجر کے دور افتادہ صحرائے صحارا کے ایک علاقے میں ٹرک خراب ہونے کے بعد کم از کم ۴۹؍ افراد پیاس سے ہلاک ہو گئے۔ ٹرک کے خراب ہونے سے یہ لوگ کئی دنوں تک صحرا میں پھنسے رہے۔
مرنے والوں کا تعلق ایک ایسے گروہ سے تھا جو مالی سے واپس نائیجر جا رہا تھا تاکہ اپنے خاندانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکے  تاہم راستے میں ان کے پاس پانی ختم ہو گیا۔ یہ بات جمعہ کے روز اگادیز گورنریٹ نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں بتائی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ۴۹؍افراد اساماکا سے تقریباً ۸۰؍ کلومیٹر (۵۰؍ میل) مغرب میں ایک دور افتادہ علاقے میں پیاس سے جان کی بازی ہار گئے۔ اساماکا نائیجر اور الجزائر کے درمیان ایک اہم سرحدی گزرگاہ ہے اور مالی کی سرحد کے بھی قریب واقع ہے۔
گورنریٹ کے مطابق’’پانی سے محروم اور ڈرائیور، اس کے معاونین اور مسافروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود گاڑی کی مرمت نہ ہونے کے باعث یہ مسافر ایک ایسے سخت اور خطرناک ماحول میں پھنس گئے جہاں شدید گرمی اور ضروری سامان کی عدم دستیابی نے زندہ رہنا انتہائی مشکل بنا دیا تھا۔‘‘‘بیان میں مزید کہا گیا کہ امدادی کارکنوں نے ہلاک ہونے والوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:گھریلو تشدد کیس میں سپنا چودھری کو عبوری راحت مل گئی، شوہر پر پابندیاں عائد


دو افراد ۵۰؍ کلومیٹر (۳۱؍ میل) سے زیادہ پیدل چل کر ایک آبی ذخیرے تک پہنچنے اور پھر اساماکا جانے میں کامیاب ہو گئے، جہاں انہوں نے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔اگادیز ریجن کے گورنر جنرل ابرا بولاما عیسیٰ کی جانب سے جائے وقوعہ پر بھیجے گئے ایک وفد نے معلوم کیا کہ یہ ٹرک مالی کے شہر تلہاندیک سے کئی دنوں کا سفر طے کر کے آ رہا تھا، جو نائیجر کی سرحد سے تقریباً ۳۰۰؍ کلومیٹر (۱۸۷؍ میل) دور واقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ظہران ممدانی کی ٹرمپ کی فٹبال ورلڈ کپ پالیسی پر سخت تنقید

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹرک کیوں خراب ہوا یا مسافروں نے کتنے عرصے تک انتظار کیا۔ ڈرائیور، اس کے معاونین اور مسافروں کی گاڑی کو ٹھیک کرنے کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔اگادیز گورنریٹ نے کہا کہ ’’موقع پر حالات انتہائی افسوسناک تھے۔ درجنوں بے جان لاشیں خراب کھڑے ٹرک کے نیچے اور اس کے اطراف میں پڑی ہوئی ملیں۔‘‘ یہ صحرائی علاقہ افریقی ممالک سے یورپ جانے کے خواہش مند پناہ گزینوں اور تارکینِ وطن کے لیے ایک معروف گزرگاہ ہے، جہاں شدید گرمی اور صحرائی حالات کے باعث بہت سے لوگ پیاس یا بھوک سے جان گنوا دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK