خان یونس کیمپ میں اسپتال کے قریب شدید بمباری، بڑی تعداد میں عام شہری شہید، مغربی کنارہ میں فوجی کارروائیوں میں شدت، ۶؍ جاں بحق۔
EPAPER
Updated: December 09, 2023, 9:29 AM IST | Agency | Gaza
خان یونس کیمپ میں اسپتال کے قریب شدید بمباری، بڑی تعداد میں عام شہری شہید، مغربی کنارہ میں فوجی کارروائیوں میں شدت، ۶؍ جاں بحق۔
پورے غزہ میں زمینی اور فضائی حملے شدید تر کرنے کے ساتھ ہی اسرائیل نے مغربی کنارہ میں بھی فلسطینیوں کیلئے دائرہ حیات تنگ کردیا ہے۔ یہاں اسرائیلی فوجوں کی کارروائیوں میں ہرگزرتے دن شدت آتی جارہی ہے۔ جمعہ کو اسرائیلی فورسیز نے مغربی کنارہ کے علاقے توباس میں کم از کم ۶؍ فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔اُدھر پورے غزہ میں شدید بمباری کے ساتھ ہی خان یونس کیمپ کو بطور خاص نشانہ بنایا جارہاہے۔ ۲۴؍ گھنٹوں میں۳۵۰؍ سے زائد مزید ہلاکتوں کے ساتھ ہی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کرنےوالوں کی تعداد بڑھ کر ۱۷؍ ہزار ۱۷؍ ہزار ۷۸۷؍ ہوگئی ہے۔ زخمیوں کی تعداد ۴۶؍ ہزار ۴۸۰؍ ہے۔
مغربی کنارہ بھی نشانے پر
مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوجوں کے چھاپوں میں شدت آتی جارہی ہے۔ جمعہ کی صبح جنوبی تباس میں الفارا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوجیوں کے چھاپے میں ۶؍فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ شاہدین نے بتایا کہ کیمپ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوا، اس دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ کچھ ہی گھنٹوں بعد صہیونی فوجوں نے ایک مسجد کا محاصرہ کرلیا جس کی وجہ سے ٹکراؤ کی کیفیت پیدا ہوئی۔اس دوران فوج کی کارروائی میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ۷؍ اکتوبر کے بعد سے اسرائیل مغربی کنارہ میں ۲۴۳؍ فلسطینیوں کو قتل کرچکاہے۔
خان یونس میں شدید بمباری
خان یونس میں اسرائیل زمین، فضا اور سمندر ہر طرف سے بمباری کررہا ہے۔ جمعہ کو تل ابیب نے خود اس بات کی تصدیق کی کہ اس نے خان یونس رفیوجی کیمپ میں ۲۴؍ گھنٹوں میں۴۵۰؍ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ اسرائیلی فورسیز کا دعویٰ ہے کہ مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے۲؍ گھنٹے تک چلنے والے ان حملوں میں حماس کے جنگجوؤں کو بڑی تعداد کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔اس بیچ ایک اسپتال اور ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک مکان کو نشانہ بنا کر کئے گئے حملے میں بڑی تعداد میں لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسپتال کی کیفیت ناقابل بیان
حملے کے بعد اُس اسپتال کی کیفیت ناقابل بیان ہے جس کے قریب کی عمار ت کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں اسپتال کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہےجبکہ حملے میں زخمی ہونے و الے درجنوں افراد کو اسی اسپتال میں علاج کیلئے پہنچایا گیاہے۔ جو تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں، ان میں صاف دیکھا جاسکتاہے کہ اسپتال کے اندر کئی کمرے منہدم ہوگئے ہیں۔
غزہ کی سب سے بڑی اور پرانی مسجد العمری شہید
اسرائیلی فوج نے غزہ کی سب سے بڑی اور پرانی مسجد’مسجد العمری الکبیر‘ جو تاریخی اہمیت کی حامل تھی، کو بھی شہید کردیا۔ یہ مسجد ۵؍ ویں اور ۷؍ ویں صدی کے درمیان میں تعمیر ہوئی تھی۔ مسجد کی شہادت کے بعد کی تصویریں قدس نیوز نیٹ ورک نے جاری کی ہیں جن کی تصدیق الجزیرہ نے بھی کی ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو ہی اسرائیلی فورسیز نے خان یونس کیمپ میں عبدالکریم الشاعر مسجد کو بمباری میں شہید کردیا۔الجزیرہ کے صحافی ہانی محمود کے مطابق ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیلی حملے میں۳۵۰؍ افراد شہید ہوئےہیں۔ یہ حملے خان یونس کے ساتھ ہی رفح، شجاعیہ اور نصریت کے پناہ گزین کیمپوں میں کئے گئے۔