موبائل فون، لیپ ٹاپ، قابل اعتراض لٹریچر اور اسلحہ ضبط کرنے کا دعویٰ، ۲؍ کیس درج۔ ۱۲؍ افرادسے گھنٹوں پوچھ تاچھ کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی
EPAPER
Updated: June 03, 2025, 10:12 AM IST | Mumbai
موبائل فون، لیپ ٹاپ، قابل اعتراض لٹریچر اور اسلحہ ضبط کرنے کا دعویٰ، ۲؍ کیس درج۔ ۱۲؍ افرادسے گھنٹوں پوچھ تاچھ کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی
مہاراشٹر اینٹی ٹیرارزم اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے اتوار کی درمیانی شب سے پیر کی دوپہر تک ضلع تھانے میں بھیونڈی کے قریب واقع پڑگھا میں چھاپے ماری کے دوران تلاشی مہم انجام دی اور کئی موبائیل فون، لیپ ٹاپ اور اسلحہ ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس چھاپے ماری کے دوران تقریباً ۱۲؍ افراد کو پڑگھا پولیس اسٹیشن لے جاکر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی اور پھر واپس گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔اس معاملے میں ۲؍ کیس درج کئے گئے ہیں۔
اے ٹی ایس کے ذریعہ جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں سیاحوں پر حملوں کے بعد دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے والوں اور انہیں پناہ دینے والوں پر قدغن لگانے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے تاکہ ملک کی سلامتی، امن و امان اور قومی یکجہتی پر کوئی آنچ نہ آئے۔
ذرائع کے مطابق متذکرہ باتوں کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے تمام پولیس محکموں کو ہدایت دی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ غیرقانونی سرگرمیوںکو روکا جاسکے۔
اے ٹی ایس کے مطابق ماضی میں پڑگھا سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کے خلاف غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں کارروائی کی جاچکی ہے۔ یہاں دوبارہ اس طرح سرگرمیوں کی خبریں موصول ہوئی تھیں جس پر چھاپا ماریا گیا۔
اس علاقے میں رہائش پذیر ثاقب ناچن، جنہیں ماضی میں ۰۳۔۲۰۰۲ء ملنڈ بم دھماکہ کیس میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے ۱۰؍ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، اور سیمی کے دیگر ممبران کی رہائش گاہ کی تلاشی لینےکا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسران نے اس کام کیلئے عدالت سے ’سرچ وارنٹ‘ (تلاشی کا وارنٹ) حاصل کیا اور پھر یکم جون کی درمیانی شب سے ۲؍ جون کی دوپہر تک پڑگھا میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ یہ تھانے گرامن پولیس اور مہاراشٹر اے ٹی ایس کی مخلوط کارروائی تھی۔
تلاشی مہم کے دوران پڑگھا میں واقع بوریولی علاقے میں پولیس کی متعدد گاڑیاں اور پولیس کی بھاری جمعیت موجود تھی جس کی وجہ سے یہ علاقے پولیس چھائونی میں تبدیل ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً دو درجن مکانات کی تلاشی لی گئی۔ اس مہم کے دوران جن لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی ان میں سے ۶؍ افراد گھر پر موجود نہیں تھے۔
پولیس نے تلاشی کے دوران موبائل فون، لیپ ٹاپ، تلوار، چھرے، مشتبہ مالی لین دین کے حساب کتاب کے کاغذات، دہشت گردانہ سرگرمیوں اور غیرقانونی سرگرمیوں کیلئے اُکسانے والے جارحانہ مضامین ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ اشیاء ضبط کرنے کے علاوہ پولیس نے کئی گھنٹوں تک کئی افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی۔ اے ٹی ایس کے مطابق ضبط شدہ اشیاء کی بنیاد پر ۲؍ کیس درج کئے گئے ہیں۔
اس مہم کے دوران اے ٹی ایس کے ذریعہ ۱۲؍ افراد کو پڑگھا پولیس اسٹیشن لے جاکر گھنٹوں پوچھ تاچھ کی گئی اور پھر انہیں واپس گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ البتہ تفتیشی افسران نے وضاحت کی ہے کہ حسب ضرورت مزید افراد سے پوچھ تاچھ کی جاسکتی ہے۔