Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں اے ٹی ایس کے ۴۰؍ سے زائد مقامات پر چھاپے

Updated: May 14, 2026, 6:51 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ناسک، جلگائوں، ناندیڑ ، ناگپور ، اکولہ اور دیگر مقامات پر کل ۵۳؍ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی، پاکستانی گیگسٹر سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں ہونے کا الزام

ATS is keeping an eye on social media (Agency)
اے ٹی ایس کی سوشل میڈیا پر نظر ہے ( ایجنسی)

مہاراشٹر اینٹی ٹیرارزم اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے بدھ کے روز ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں ۴۰؍ سے زائد مقامات پر چھاپے مارکر ۵۰؍ سے زیادہ افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ یہ چھاپے مار کارروائی اس بنیاد پر کی گئی ہے کہ متذکرہ افراد سوشل میڈیا پر پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی اور اس کے گینگ کے ممبران سے رابطہ میں تھے جو ہندوستانیوں کو ملک مخالف کارروائیوں پر اکسا رہے تھے۔
 اے ٹی ایس کے ذریعہ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ۵۳؍ افرادکے نام اور پتے معلوم کرنے کے بعد ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ اگرچہ اے ٹی ایس افسران نے اس تعلق سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ذرائع کے مطابق ابتداء میں اس معاملے میں اکولہ سے ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی تھی تاہم کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
 بدھ کو صبح سے اے ٹی ایس نے کی مختلف ٹیموں نے ممبئی، میرا روڈ، پال گھر کے نالاسوپارہ، پونے، اکولہ، ناندیڑ، ناسک، جلگائوں، ناگپور اور دیگر کئی مقامات پر چھاپے مارے اور ۵۳؍ افراد سے پوچھ تاچھ کی۔ صرف ممبئی  ہی میں  ۱۰؍ افراد سے پوچھ تاچھ کئے جانے کی اطلاع ملی ہے۔کئی افراد کو اے ٹی ایس کے دفتر لاکر ان سے تفتیش کی گئی۔اے ٹی ایس کو مہاراشٹر سے مختلف افراد کے شہزاد بھٹی سے رابطہ میں ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد ان افراد کو تلاش کرکے ان سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس ان افراد کے سوشل میڈیا پر دستیاب مواد کا جائزہ لے رہی ہے کہ اس کے خلاف کیا قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
 اس سے قبل مارچ کے پہلے ہفتے میں بھی اے ٹی ایس نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی بنیاد پر گوونڈی اور کرلا میں چھاپے مار کارروائی کرکے موبائیل فون، لیپ ٹا پ اور دیگر الیکٹرانک آلات ضبط کئے تھے۔ اس معاملے میں بھی پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ملک مخالف کارروائیوں کیلئے نوجوانوں کو اکسانے والا مواد شیئر کرنے کی بنیاد پر کارروائی کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK