Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ اور ایران کے باہمی حملوں میں شدت ،خلیجی ممالک بھی لپیٹ میں

Updated: July 21, 2026, 10:15 AM IST | Tehran/Washington

تبریز، چاہ بہار، کنارک، بندر ماہ شہر اور بندر امام خمینی میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیںجبکہ جزیرہ قشم پرکم ازکم ۶؍ میزائلوں سے حملہ، ایران کی کویت اور اردن میںامریکی ٹھکانوں پر یلغار۔

A view of an armed Revolutionary Guard speedboat patrolling the Strait of Hormuz. US military personnel deployed in the region inspecting naval movements. Photo: INN
پاسداران انقلاب کی ایک مسلح اسپیڈ بوٹ کا آبنائے ہرمز میںگشت کا منظر خطے میں تعینات امریکی فوجی بحری نقل وحرکت کا معائنہ کرتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹ کام نے پیر کو علی الصباح ایران پر فضائی حملوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کیا، یہ مسلسل حملوں کا۹؍واں دن ہے۔سینٹرل کمانڈ کے مطابق حملوں میں ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، بحری عسکری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس، اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا ۔ اس سے قبل اتوار کوایرانی جوہری توانائی کے ادارے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امریکہ نے ایران کے جنوب مغربی حصوں میں سول جوہری توانائی کے ایک زیر تعمیر پلانٹ پر بھی حملے کئے۔ ایرانی جوہری ادارے نے اتوار کے روز امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی حملے وحشیانہ جارحیت کا اظہار اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: کیئر اسٹارمر مستعفی، اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم مقرر

کچھ رپورٹس کے مطابق تبریز، چاہ بہار، کنارک، بندر ماہ شہر اور بندر امام خمینی میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیںجبکہ جزیرہ قشم پرکم ازکم ۶؍ میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں۔تازہ حملوں سے ایک بار پھر لگتا ہے کہ امریکہ اور ایران بتدریج بھرپور جنگ کے قریب پہنچتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ سے لڑائی کے مستقل خاتمے کیلئے طے پانے والا عبوری معاہدہ عملی طور پر ناکام ہو چکا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری تجارتی سرگرمیاں بھی بڑی حد تک پھر معطل ہو گئی ہیں۔دونوں ممالک نے ایسے بنیادی شہری ڈھانچوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جن پر لاکھوں انسانوں کا انحصار ہے ۔ ان کشیدہ حالات کے نتیجے میں بروزپیر۲۰؍ جولائی کو عالمی منڈیوں میں برینٹ خام تیل کی قیمت۹۰؍ ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جس سے توانائی کا عالمی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے ان حملوں کے بعد کہا ’’ہم نے آج رات ایک بار پھر انہیں بہت سختی سے نشانہ بنایا، اور یہ کارروائی فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں کی گئی ہے۔‘‘

ایران کے کویت اوراردن پر حملے

ایران نے امریکہ کی جانب سے تازہ فضائی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت پر حملوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ بحرین میں ممکنہ میزائل حملے کے خدشے کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے پیر کو  دعویٰ کیا کہ انہوں نے کویت میں موجود امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور ایک ابتدائی انتباہی ریڈار نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ایک بیان میں مزید کہا گیا کہ علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی ایم کیو۹؍ ڈرونز کے ہینگر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ڈرونز آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ دوسری جانب بحرین میں امریکی سفارت خانے نے پیر کو علی الصباح ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایران دارالحکومت منامہ کے وسطی علاقوں میں غیر متعین مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے۔‘‘ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی اڈہ بھی ہے ۔ رائٹرز کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے پیر کو دعویٰ کیا کہ اس نے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے اردن کے شہر عقبہ میں واقع امریکی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، جب کہ کویت کے العدیری کیمپ، علی السالم ایئر بیس اور شام میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور سازوسامان پر بھی حملے کیے گئے جبکہ آبنائے ہرمز میں۲؍ آئل ٹینکروں کوتباہ کیا۔ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اردن کے عقبہ ایئر پورٹ پر موجود امریکی فوج کے سی ۱۷؍ ٹرانسپورٹ طیاروں اور پی۸؍ نگرانی طیاروں کو بیلسٹک میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ اردن کے موفق السلطی (الازرق) ایئر بیس پر امریکی افواج کے زیر استعمال۲۰؍ ہینگرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔ادھر ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمزمیں ۲؍ آئل ٹینکر دھماکوں کے باعث رک گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز امریکی دباؤ کے تحت اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ جب تک خطے میں امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، آبنائے ہرمز تیل، گیس یا دیگر تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے غیر محفوظ رہے گی۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء: دنیا بھر میں اسپین کی فتح کا جشن، خوشی کے موقع پر فلسطین کو بھی یاد رکھا گیا

 اب تک۱۷؍ امریکی فوجی ہلاک 

امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ شمالی عراق میں ایک امریکی فوجی ایرانی ڈرون کے بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران ہلاک اور ایک اہلکار معمولی زخمی ہو گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ واقعہ۱۸؍ جولائی کو پیش آیا تھا، تاہم ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق حال ہی میں اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے حملے میں۲؍ فوجی ہلاک ہوئے۔ امریکی فوج کے مطابق۲۸؍ فروری کو شروع ہونے والی ایران کے ساتھ جنگ میں اب تک۱۷؍ امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK