۳۶؍ لاکھ روپے مالیت کا سونا اور ایک کروڑ کی بی ایم ڈبلیو کار خریدنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا۔
شیلیش رامگوڈے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکیوں سے پیسے اینٹھتا تھا۔ تصویر:آئی این این
یہاں سوشل میڈیا کے ذریعے کی جانے والی مالی فریب دہی کا ایک نہایت چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ انسٹاگرام پر خود کو ریٖل اسٹار ظاہر کرنے والے ایک نوجوان نے مبینہ طور پر اعلیٰ تعلیم یافتہ اور روزگار رکھنے والی متعدد خواتین کو محبت کےفریب میں مبتلا کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی ہتھیا لی۔ وشنو نگر پولیس نے شکایات کی بنیاد پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے قبضے سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو کار بھی برآمد کرلی ہے۔
وشنو نگر پولیس کےمطابق ملزم شیلیش رامگوڈے،جوخود کو ایک یو ٹیوبر ، ریٖل اسٹار اور ویب سیریز کا اداکار بتاتا ہے اور باقاعدگی سے انسٹاگرام پر ایسی لڑکیوں کی تلاش کرتا تھا جو اچھی نوکریوں پر فائز ہوں جیسے کہ انجینئرز یا آرکیٹیک ہوں۔ وہ شادی کا جھوٹا وعدہ کر کے ان کا اعتماد حاصل کرتا اور پھر ایک من گھڑت کہانی سنا کر رقم اور زیورات کامطالبہ کرتا۔ملزم کا سب سے بڑا حربہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا جھوٹا ڈرامہ تھا۔وہ لڑکیوں کو بتاتا کہ اس کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ پڑا ہے اور اس کا ۲ ؍کلو سونا اور ایک کروڑ نقد رقم ضبط ہو گئی ہے۔اس بہانے وہ لڑکیوں سے یہ کہہ کر بڑی رقم اینٹھتا تھا کہ اسے معاملہ رفع دفع کرنےاور ضبط شدہ اثاثے چھڑوانے کیلئے پیسوں کی ضرورت ہے۔
وشنونگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر رام چوپڑے کی قیادت میں کی گئی کارروائی میں ملزم شیلیش رام گوڈے کو تھانے کے ہیرانندانی علاقے میں واقع اس کے رہائشی فلیٹ سے حراست میں لیا ۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک کروڑ روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو کار، تقریباً ۳۶ ؍لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور ۴؍ مہنگے آئی فون سمیت بڑی تعداد میں دیگر سامان برآمد کئے ہیں ۔ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رام گوڈے نے ڈومبیولی کی ایک آرکیٹیک لڑکی کو شادی کا وعدہ کر کے ستمبر ۲۰۲۴ ءسے اگست ۲۰۲۵ ءکے درمیان قسطوں میں ۹۲؍ لاکھ روپے سے زیادہ رقم اینٹھ لی۔ لڑکی نے اسے اس یقین پر رقم دی کہ وہ جلد ہی لوٹا دے گا۔پولیس نے بتایا ہے کہ صرف وشنونگر ہی نہیں بلکہ تھانے کے کاپورباوڑی پولیس اسٹیشن میں بھی ۲؍ دیگر لڑکیوں کو دھوکہ دینے کے معاملے میں اس کے خلاف شکایات درج ہیں۔