Inquilab Logo

ٹیکہ کیلئے علماء اور ائمہ مساجد کے ذریعے طلبہ اور والدین کو سمجھانےکی کوشش

Updated: February 10, 2022, 10:25 AM IST | saadat khan

ایس ایس سی کے جن طلبہ نے ابھی تک کووڈ۱۹؍ سے تحفظ کا ٹیکہ نہیں لیاہے،انہیں اور ان کےسرپرستوں کیلئے اسکولوںمیں پروگرام منعقدکیا جارہا ہے۔ ہیڈماسٹر اور اساتذہ، علاقے کی بااثر شخصیات ، سماجی ادارے ، مدارس اورمساجد کے ذمہ داران کے ذریعے طلبہ سے ٹیکہ لینےکی درخواست کی جارہی ہے جس کا خاطرخواہ نتیجہ برآمد ہورہا ہے

A schoolboy receiving a vaccine against covid 19. (File photo)
ایک اسکولی طالب علم کووڈ ۱۹؍ سے تحفظ کا ٹیکہ لیتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)

ریاستی محکمہ ٔ  تعلیم نے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ سے کووڈ۱۹؍ سے تحفظ کا ٹیکہ لینےکی درخواست کی ہےمگر ابھی تک متعدد طلبہ نے یہ ٹیکہ نہیں لگوایا ہے جس میں اُردو میڈیم کے طلبہ کی تعداد زیادہ بتائی جارہی ہے۔ ایس  وجہ سے ایس ایس سی کے جن طلبہ نے ابھی تک  ٹیکہ نہیں لیاہے،انہیں اور ان کے والدین کو سمجھانےکیلئے اسکولوںمیں پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں اور ہیڈماسٹر اور اساتذہ،  علاقے کی بااثر شخصیات ، سماجی ادارے ، مدارس اورمساجد کے ذمہ داران اور علماکرام سے طلبہ کو ٹیکہ لگانےکی درخواست کی جارہی ہے جس کا مثبت نتیجہ برآمدہورہاہے ۔
 بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ایک آفیسر کے مطابق بورڈ امتحان کیلئے طلبہ سے دونوں ٹیکہ لینےکی اپیل کی گئی ہےمگر متعدد طلبہ نے ابھی تک ٹیکہ نہیں لگایاہے ۔ اس لئے ان طلبہ اور ان کے والدین سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ ٹیکہ لگوالیں۔ ان میں اُردومیڈیم کے طلبہ کی تعداد زیادہ بتائی گئی ہے ۔ اس لئے شہرومضافات کے کئی علاقوںکے اُردو میڈیم اسکولوںمیں جہاں اسکول انتظامیہ کی جانب سے اس بارےمیں پروگرام منعقد کئے جارہےہیں وہاں ان علاقوںکی سماجی تنظیموں، مدارس اور مساجد کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی جارہی ہے کہ وہ طلبہ کو ٹیکہ لینےکیلئے سمجھائیں اور بتائیں کہ ٹیکہ لینےمیں کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے ۔ اس طرح کی مہم سے کئی والدین اپنے بچوںکوٹیکہ لگوانے پر رضامند بھی ہوئے ہیں۔ دھاراوی ، وڈالا ، بائیکلہ اور ناگپاڑہ وغیرہ کے اُردومیڈیم اسکولوں کے طلبہ کم تعداد میں ٹیکہ لے رہےہیں ۔ اس لئےان علاقوںمیں اس طرح کی مہم چلائی جارہی ہے ۔
  دھاراوی کے ایک اسکول کے ٹیچر نے بتایاکہ ’’ ٹیکہ لینے کیلئے ہم کسی طالب علم یاان کے سرپرست پر دبائو نہیں   ڈا ل رہےہیں  لیکن انہیں سمجھا رہے ہیں کہ وہ ٹیکہ لے لیں ورنہ امتحان کے وقت کوئی مسئلہ پیدا ہوا توانہیں پریشانی ہوگی۔ جن طلبہ نے ٹیکہ نہیں لگایاہے، انہیں اور ان کے والدین کو سمجھانےکیلئے ہمارے اسکول میں گزشتہ دنوں ایک میٹنگ بھی منعقد کی گئی تھی جس میں والدین کو سمجھایا گیا تھاکہ ٹیکہ لینےمیں کوئی حرج نہیں ہے۔ ماہرین کے ذریعے ان کی رہنمائی کی جارہی ہے  ساتھ ہی علاقے کی بااثر  شخصیات، مدارس اور مساجد کے ذمہ داران کےذریعے بھی والدین کو سمجھانےکی کوشش کی جارہی ہے جس کا مثبت نتیجہ سامنے آرہاہے ۔ والدین اپنے بچوںکو ٹیکہ لگوانےکیلئے حلف نامہ بھی جمع کروا رہےہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK