Inquilab Logo

ممبئی کےتفریحی مقامات پر بچوں کی کووڈٹیکہ کاری کا منصوبہ

Updated: May 29, 2022, 4:29 AM IST | Mumbai

۱۲؍تا۱۷؍سال کے بچوں کو ٹیکے لگوانے میں عوام کی سردمہری سے نمٹنے کیلئے بی ایم سی نے نیا منصوبہ بنایا،سنیچر سےنافذ بھی کردیا گیا،رانی باغ جیسے مقامات پر کیمپ لگیں گے

Children under the age of 5 were vaccinated at Kamgar Nagar School in Kerala
؍۱۵سال سے کم عمر کے بچوںکو کرلا کےکامگار نگر اسکول میں ٹیکے لگائے گئے(فائل فوٹو:انقلاب، سید سمیر عابدی)

:کووڈ کے خلاف ٹیکہ کی مہم کو مہمیز دینے کیلئے بی ایم سی نے تفریحی مقامات پربچوں کو ٹیکے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ان تفریحی مقامات میںگیٹ وے آف انڈیا اور رانی باغ جیسے مقامات بھی شامل ہیں۔
 بی ایم سی کے محکمہ صحت میں ذرائع نے بتایا کہ تفریحی مقامات پر ٹیکہ کاری کی مہم کاسنیچر سے باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔کورونا کی تیسری لہر میں کمی آنے کے بعدویکسی نیشن سینٹروں پرٹیکہ لینے والوں کی تعدادمیں بھاری کمی آئی ہے۔شہری انتظامیہ کے پاس موجود اعدادوشمار کے مطابق فروری میں شہر بھر میں ۷؍لاکھ ۶۱؍ہزار ۶۸۸؍افراد نے کووڈ کا ٹیکہ لیا تھا لیکن مئی میں(۲۶؍مئی تک) محض ایک لاکھ۷۲؍ہزار ۶؍افراد نے ہی ٹیکہ لیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ مہینوں میںویکسین لینے والوں کی تعداد میں ۷۷؍ فیصد کمی درج کی گئی ہے۔
 شہری انتظامیہ کے ایک افسر نے کہا کہ’’ویکسین لینے والوں کی تعداد میں اس کمی کی متعدد وجوہات ہیں۔ تیسری لہرکے بعد کووڈ ۱۹؍ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں بڑی گراوٹ درج کی گئی ہےاس لئے وائرس سے متاثر ہونے کا ڈر لوگوں میں بالکل ختم ہوگیاہے۔ بیماری کی شدت میں بھی کمی آئی ہے اور لوگ محض عام دوائوں سے شفایاب ہورہے ہیں۔‘‘
 افسر نے کہا کہ تقریباً ۲؍سال تک اپنے گھروں میں قید رہنے والے عوام کیلئے تفریحی مقامات پر جانا زیادہ اہم ہوگیاہے اور ویکسی نیشن اب ان کی ترجیحات سے خارج ہوچکاہے۔انہوں نے کہا ’’لیکن عوام کو زیادہ محتاط رہنا چاہئے کیوں کہ کوئی نہیں جانتا کہ اگر وائرس نے اپنی ہیئت تبدیل کرلی تو کیا ہوگا۔ممبئی کی بالغ آبادی نے کووڈ مخالف ویکسین کے دونوں ڈوز لے لئے ہیں۔ اب ۱۸؍سال سے کم عمر کے شہری زیادہ خطرے میں ہیں اس لئے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو بھی جلد از جلد ٹیکہ لگوالیں۔‘‘
 ریاستی محکمہ صحت  کے اعدادوشمار کے مطابق ممبئی میں ۱۲؍سے ۱۴؍سال کے ۳؍لاکھ ۹۵؍ہزار ۸۸۲؍بچے ٹیکہ لگواچکے ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ ۷؍ہزار ۶۳۷؍ نے پہلا ڈوز لیا ہے جبکہ ۳۹؍ہزار ۲۱۴؍ نے دوسرا  ڈوز بھی لے لیا ہے۔اعدادوشمار میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ۱۲؍سے ۱۷؍سال کے ۱۰؍لاکھ ۸؍ہزار ۳۴۳؍ بچوں کو ویکسین لگواناچاہئے لیکن ان میں سے ۵؍لاکھ ۵۴؍ہزار ۳۸۸؍ نے اب تک اپنا پہلا ڈوز بھی نہیں لیا ہے۔
 بی ایم سی کی ایگزیکیٹیو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منگلا گومارے نے کہا کہ’’ویکسی نیشن کی تعداد کو بڑھانے کیلئے ہم نے شہر بھر میں مختلف تفریحی مقامات پر ویکسی نیشن کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘اس کے علاوہ بی ایم سی اسکولوں کے کھلنے کا انتظار کررہی ہے کیوں کہ اسکولوں میں کیمپ لگانے سے زیادہ فائدہ ہوتا ہےکیوں کہ ایک ہی چھت کے نیچے بہت سارے بچے مل جائیں گے جنہیں ٹیکہ لگایاجاسکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK