• Sat, 24 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدلا پور میں اسکول وین میں ۴؍ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش

Updated: January 23, 2026, 11:52 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

گرفتار ملزم کوکلیان کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ۲۷جنوری تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا

The accused was produced in the Kalyan Sessions Court, where there was tight security.
ملزم کو کلیان سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا،اس وقت سخت حفاظتی بندوبست تھا

  بدلاپور میں ایک اسکول وین ڈرائیور نے چار سالہ معصوم بچی کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی۔ اس واقعہ  کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جسے جمعہ کو کلیان سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عوامی اشتعال اور ماضی کے تلخ تجربات کے پیشِ نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے  بدلاپورریلوے اسٹیشن سمیت پورے شہر میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔
 تفصیلات کے مطابق بدلاپور (مغرب) کے ایک نجی اسکول میں زیر تعلیم چار سالہ طالبہ جمعرات کے روز معمول کے مطابق اسکول گئی تھی۔ جب دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک بچی گھر نہیں پہنچی تو والدین کی تشویش بڑھ گئی۔ والدہ نے فوری طور پر وین ڈرائیور سے رابطہ کیا جس کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد بچی کو گھر پہنچایا گیا۔ گھر پہنچتے ہی معصوم بچی کی حالت غیر تھی اور وہ بری طرح سہمی ہوئی تھی۔والدہ کے پیار سے پوچھنے پر معصوم بچی نے روتے ہوئے بتایا کہ وین ڈرائیور نے اس کے ساتھ نازیبا حرکتیں کیں اور اس کے نازک اعضاء کو چھوا۔ یہ سنتے ہی والدین کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی اور انہوں نے بغیر کسی تاخیر کے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا اور اس کی وین کو قبضے میں لے کر فارینسک ٹیم سے معائنہ کروایا تاکہ ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔جمعہ کے روز پولیس نے ملزم کو کلیان سیشن کورٹ میں جج پتروالے کے روبرو پیش کیا۔ استغاثہ نے واقعے کی سنگینی اور مزید تفتیش کی ضرورت پر زور دیا۔جس کے بعد عدالت نے ملزم کو ۲۷ جنوری تک پولیس ریمانڈ میں بھیجنے کا حکم صادر کیا۔
’’ اسکول انتظامیہ پر بھی سخت کارروائی کی جائے‘‘
 سابق وزیر تعلیم اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے ملزم کے ساتھ ساتھ اسکول اور تمام ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ نرسری میں پڑھنے والی بچی کیساتھ اسکول وین کے ڈرائیور کی جانب سے جنسی زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔جب اس کی شکایت کی گئی تو اسکول انتظامیہ نے دھیان نہیں دیا، ایسی لاپرواہ اور غیر ذمہ دارانہ روش اپنانے والے اسکول، اس کی انتظامیہ اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK