Inquilab Logo

بطوروزیراعظم جیسنڈا کی آخری تقریب میں شرکت

Updated: January 25, 2023, 10:29 AM IST | Washington

منگل کوجیسنڈا آرڈرن کی ۵؍ سالہ مدت مکمل ہوگئی ۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے طور پر آخری مرتبہ عوامی تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر انہوں نے نئے وزیر اعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Jacinda Ardern as Prime Minister for the last time in public. (AP/PTI)
جیسنڈا آرڈرن بطوروزیراعظم آخری بار عوام کے درمیان ۔ ( اےپی/ پی ٹی آئی)

 منگل کوجیسنڈا آرڈرن کی ۵؍ سالہ مدت مکمل ہوگئی ۔  انہوں نے  نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے طور پر آخری مرتبہ عوامی تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر انہوں نے نئے وزیر اعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق منگل کو جیسنڈا آرڈرن نے نامزد وزیراعظم کرس ہپکنز اور دیگر اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ایک مقامی تقریب میں شرکت کی جس کے بعد ان کا ۵؍ سالہ اقتدار مکمل ہوگیا۔تقریب کے موقع پر جیسنڈا آرڈرن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’’ گزشتہ ۲۰؍ سال سے  میری  کرس ہپکنز  سے دوستی ہے۔ ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتی ہوں۔ میں بطور دوست  انہیں ایک ہی مشورہ دے  رہی ہوں کہ وہ خود اپنا مقام پیدا کریں اور ایک لیڈر کے طور پر ابھریں۔ دراصل ایسی کوئی نصیحت نہیں ہے جو میں انہیں کرنا چاہوں گی۔ آئندہ صرف معلومات اور اپنےتجربات سے انہیں فائدہ پہنچا سکتی ہوں۔ باقی تو یہ ان ہی پر منحصر ہےکہ  وہ کس طرح حکومت چلائیں گی؟‘‘
 جیسنڈا آرڈرن نے استعفیٰ کے اعلان کے بعد سامنے آنے والے بیانات پر بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا،’’ بطور وزیراعظم مجھے عوام سے بہت پیار ملا،ہمدردی بھی ملی۔‘‘
 جیسنڈاآرڈرن کے اعلان پر ہونے والے تبصروں میں یہ تاثر دیا گیا کہ خاتون ہونے کے  سبب انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے خلاف طنزیہ بیانات دیئے گئے جو مستعفی ہونے کا سبب بنے لیکن جیسنڈا آرڈرن نے ان تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ،’’ میں نیوزی لینڈ اور اس کے عوام کیلئے بے  پناہ پیار کے ساتھ یہ عہدہ چھوڑ رہی ہوں۔میں نے یہ کام اکیلے نہیں کیا۔ میرے ساتھ نیوزی لینڈ کی خدمت کرنے والے بہترین لوگ تھےاور میں اس یقین کے ساتھ حکومت چھوڑ رہی ہوں کہ یہ اب بھی  باصلاحیت اور قابل افراد کے ہاتھوں میں ہے۔‘‘ نامزد وزیراعظم کرس ہپکنز نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،’’ میں عہدے کی تبدیلی پر خوش ہونے کے ساتھ ساتھ اداس بھی ہوں۔مجھے یہ عہدہ سنبھالنے پر فخر ہے لیکن سب کو یہ معلوم ہے کہ جیسینڈا میری بہت اچھی دوست ہیں۔‘‘یادر ہےکہ جمعرات کو وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے  غیر متوقع طور پر اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس نے نیوزی لینڈ کے عوام کو حیران کر کے رکھ دیا تھا۔جیسنڈا آرڈرن۵ ؍   سال سے زیادہ کے عرصے تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہیں اور اس دوران عالمی شخصیت بن کر ابھریں۔ اتوار کو لیبر پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے کرس ہپکنز کو وزیراعظم نامزد کیا ہے جو  آج (بدھ کو) حلف  لیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK