Inquilab Logo

جی سی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس،اہم امور پر تبادلۂ خیال

Updated: March 24, 2023, 1:18 PM IST | Riyadh

اسلامو فوبیا مخالف عالمی دن منانے کا خیر مقدم، مسئلۂ فلسطین ، تہران ریاض معاہدہ اور روس یوکرین تنازع زیر بحث

A scene from the GCC Foreign Ministers` meeting. (SPA)
جی سی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا ایک منظر۔ ( ایس پی اے)

سعودی عرب میں گلف کوآپریشن کونسل  (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ کے اہم  اجلاس میں   اسلامو فوبیا مخالف عالمی دن منانے کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ  عالمی برداری سے اسرائیلی مظالم روکنے کا مطالبہ کیاگیا ۔  تہران اور ریاض معاہدہ بھی زیر بحث آیا۔ اس دوران ر وس یوکرین تنازع پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ جمعرات کو جی سی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ اعلامیہ ۵۶؍ قراردادوں اور سفارشات پر مشتمل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزرائے خارجہ کا  ۱۵۵ ؍واں اجلاس بدھ کو ریاض میں جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ میں سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدرالبوسعیدی کی صدارت میں ہوا۔
  اجلاس میں خلیجی ممالک نے  اسلامو فوبیا مخالف عالمی دن منانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے ہر سال ۱۵؍ مارچ کو اسلاموفوبیا  مخالف عالمی دن منانے کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ اس دن مذہبی رواداری،  بین المذاہب مکالمہ  اور باہمی  اتحاد کا رجحان  عام کیا جائے گا۔ 
 اعلامیے میں فلسطینی عوام پر اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کی سخت مذمت اور اسرائیلی وزیر خزانہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی عوام کو ضروری تحفظ فراہم کرےاور جارحیت بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔خلیجی کونسل  نے مسجد اقصیٰ کا تقدس  پامال کرنے والے اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات  مجروح ہوتے ہیں۔
 مشترکہ اعلامیہ میں بیجنگ میں طے پانے والے  تہران ریاض  معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا اور اس  سلسلے میں فوری اقدام پر زور دیا گیا ۔  خلیجی کونسل نے روس یوکرین بحران   سے متعلق  اپنا موقف  واضح کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بحران کو حل کیاجائے،ریاستی خودمختاری کااحترام کیا جائے، داخلی امور میں مداخلت نہ کی جائے۔  کونسل نے  یوکرین کو جی سی سی ممالک کی جانب سے پیش کی جانے والی انسانی امداد کا خیرمقدم کیا ۔
  جی سی سی نے ترکی اورشام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر رنج و ملال کا اظہار کیا۔خلیجی ممالک نے ترکی اور شام کے عوام کو یقین دلایا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں وہ ان کےساتھ ہیں۔ جی سی سی کے عوام اور حکام انسانی بنیادوں پر دونوں ملکوں کی مدد کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 
  وزرائےخارجہ  کے اجلاس میں خلیجی کونسل نے خطے کی صورتحال  کے ساتھ ساتھ   دیگرقومی ا ور بین الاقوامی  مسائل کا جائزہ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK