آسٹریلیا نے سفید فام بالادستی کے دہشت گرد نیٹ ورک ’’ٹیروگرام ‘‘پر پابندی عائد کردی ۔ اب اس کا مواد حاصل کرنا، استعمال کرنا اور اس سے تعلق رکھنا قابل سزا جرم ہوگا۔
EPAPER
Updated: February 03, 2025, 5:08 PM IST | Canberra
آسٹریلیا نے سفید فام بالادستی کے دہشت گرد نیٹ ورک ’’ٹیروگرام ‘‘پر پابندی عائد کردی ۔ اب اس کا مواد حاصل کرنا، استعمال کرنا اور اس سے تعلق رکھنا قابل سزا جرم ہوگا۔
آسٹریلیا کے مقامی نشریاتی ادارے ایس بی ایس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ پینی وونگ نے ’’ ٹیرو گرام ‘‘آن لائن نیٹ ورک کے تعلق سے ایک بیان جاری کیا،یہ نیٹ ورک سفید فام بالادستی اور نسلی تشدد کو فروغ دیتا ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا میں کسی آن لائن ادارے پر انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ اب’’ ٹیرو گرام ‘‘ کے مواد کو استعمال کرنا، دستیاب کرنا، یا ان سے تعلق رکھنا ایک مجرمانہ فعل ہوگا۔‘‘ اس جرم کی سزا میں دس سال تک قید اور بھاری جرمانہ شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی نژاد امریکی سابق کونسلر کشما ساونت کا ویزا رد، سیاسی انتقام کا الزام
وونگ نے مزید کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی سرگرمیوں کی بیخ کنی کرنے اور آن لائن لوگوں کی شمولیت، اور بنیاد پرستی سے روکنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا نے انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کی پابندیوں کیلئے قوم پرست اور نسل پرست پرتشدد انتہا پسندانہ نظریات کو فروغ دینے والے چار دیگر گروہوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کیا۔
یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ ٹیروگرام ایک آن لائن نیٹ ورک ہے جو بنیادی طور پر ٹیلیگرام میسجنگ ایپ کے ذریعے کام کرتا ہے اور نو فاشسٹ، سفید فام بالادستی اور عسکریت پسند سرعت پسند نظریے کو فروغ دیتا ہے۔برطانیہ کےامور داخلہ کے دفتر کے مطابق یہ گروپ دہشت گردی کی پرتشدد کارروائیوں کے ذریعےمغربی دنیا کے خاتمے اور ایک نسلی جنگ چھیڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔برطانیہ نے ۲۰۲۴ء میں ٹیروگرام کو دہشت گرد تنظیم کے طور پراسے کالعدم قراردیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کی بسیار گوئی سے وہائٹ ہاؤس کے اسٹینو گرافر عاجز آگئے
ماضی میں کم ازکم دوحملوں کا تعلق ٹیروگرام سے ہے، ان میں سے ایک ترکی میں ایک مسجد کے باہر ایک ۱۸؍ سالہ نوجوان کے ذریعے ۵؍ افرادکو چھرا گھونپ کر ہلاک کرنا، اور دوسرا اکتوبر ۲۰۲۲ء میں سلواکیہ کے دارالحکومت براٹیسلاوا میں ایک ’بار ‘میں دو افرادپر جان لیوا فائرنگ۔ وونگ نے اعلان کیا کہ آسٹریلوی حکومت نے لبنانی گروپ حزب اللہ کے نئے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم پر بھی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ جنہیں گزشتہ سال اکتوبر میں حزب اللہ کے سابق رہنما حسن نصراللہ کی اسرائیلی فضائی حملےمیں شہادت کے بعد نیا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔