ایران کے سپریم لیڈر نےکہا: جنگ اب شروع ہوئی ہے۔ ٹرمپ کو جنگ میں کودنے پر’’ناقابل تلافی نقصان ‘‘کا انتباہ دیا
EPAPER
Updated: June 19, 2025, 1:55 AM IST | Tehran
ایران کے سپریم لیڈر نےکہا: جنگ اب شروع ہوئی ہے۔ ٹرمپ کو جنگ میں کودنے پر’’ناقابل تلافی نقصان ‘‘کا انتباہ دیا
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدھ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا بھی مجاہدانہ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ’’ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں وہ جانتے ہیں کہ ایران دھمکیوں کی زبان کا اچھا جواب نہیں دیتا۔‘‘ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ’’ ہم مسلط کردہ جنگ یا امن کو قبول نہیں کریں گے‘‘، خامنہ ای نے امریکہ کو براہ راست متنبہ کیا کہ اگر اس نے ایران پر حملے کی جرأت کی تو اسے ’’ناقابل تلافی نقصان ‘‘ کاسامنا کرنا پڑےگا۔
ایران کبھی سرینڈر نہیں کریگا
انہوں نےٹرمپ کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور امریکہ کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔‘‘ بدھ کو سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی۔‘‘ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پیغامات کا براہ راست حوالہ دیئے بغیر سپریم لیڈر نے کہا کہ’ ’دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ اس سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے کیونکہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالتی۔‘‘ امریکی صدر کی دھمکیوں کے حوالے سے انہوں نے مزیدکہا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب نہیں دیتے۔
اسرائیل اور ٹرمپ دونوں کو انتباہ
انہوں نے کہا کہ’’ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی عوام اپنے شہداء کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔‘‘ٹرمپ کو للکارتے ہوئے خامنہ ای نے یہ بھی کہاہے کہ ’’امریکہ جانتا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت میں شامل ہونے پر اسے جو نقصان ہوگا، وہ اس نقصان سے کہیں زیادہ ہے جو وہ ہمیں پہنچا سکتا ہے۔‘‘
اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شمولیت کے امکانات کو انہوں نے امریکہ کی کمزوری سے تعبیر کیا۔ ایران کے سربراہ نے للکارتے ہوئے دہرایا کہ ’’جنگ کا جواب جنگ، بمباری کا جواب بمباری اور حملے کا جواب حملے سے دیا جائےگا۔‘‘
امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کی تیاری مکمل
سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ’’ہمیں پہلے ہی توقع تھی کہ اسرائیل کے ساتھ امریکہ بھی جارحیت کا حصہ بنے گا۔ اب یہ بات واضح بھی ہوتی جارہی ہے۔‘‘ اس بیچ امریکہ کے ایک اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی اڈوں پر حملہ عراق سے شروع ہو سکتا ہے اور ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت عملی اپنا سکتاہے۔ اس بیچ ایران کے ایک اعلیٰ افسر نے متنبہ کیا ہے کہ جنگ میں شمولیت سے قبل امریکہ ۵۰؍ ہزار ہلاکتوں کیلئے تیار ہوجائے۔ ‘‘