Inquilab Logo Happiest Places to Work

آیت اللہ خامنہ ای کا انتباہ، ’’اسرائیل اپنی جارحیت پر پچھتائیگا‘‘

Updated: June 14, 2025, 3:14 PM IST | Agency | Tehran

ایرانی مسلح افواج نے بھی کہا کہ اسرائیل کے حملوں کا جو جواب ہو گا وہ تباہ کن ہوگا، اس کہانی کا انجام ہم لکھیں گے۔

Iran`s leader Ayatollah Khamenei. Picture: INN
ایران کے رہنما آیت اللہ خامنہ ای۔ تصویر: آئی این این

 اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا جواب انتہائی سخت اور تباہ کن ہوگا۔ جنرل اسٹاف کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی  آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ہدایت کے مطابق ایران اسرائیل کو ایسی سزا دے گا کہ وہ اپنی جارحیت پر نادم ہوگا۔یہ بیان ان حملوں کے بعد سامنے آیا ہے جو اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں پر  کئے۔ ان حملوں میں کئی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ ریاستی میڈیا اور عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کی لاشیں دیکھی گئیں۔
 جنرل اسٹاف نے کہا کہ ایران کے خلاف اس قسم کی کارروائی صرف فوجی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ ہماری قوم غمزدہ ضرور ہے، مگر یہ دکھ ہماری طاقت بنے گا اور دشمن کو ایسا جواب دیا جائیگا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔  واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کے اہم فوجی اور سویلین شخصیات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی جوہری اور عسکری صلاحیت کو کمزور کرنا تھا مگر ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ ان ’بزدلانہ حملوں‘ سے ایران کی قوتِ مزاحمت کو مزید تقویت ملی ہے۔ 
 ایرانی وزارت خارجہ اور دیگر سرکاری اداروں نے بھی ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو روکا جائے اور اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب ایرانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ تہران سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے جن میں شہریوں نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری اور انتہائی سخت ردعمل کا مطالبہ کیا۔

اسرائیلی حملہ: ٹرمپ نےہنگامی اجلاس طلب کیا
مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ڈونالڈ ٹرمپ نے فوری ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اسرائیل کے حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے۔ اس میں امریکہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، ہم ایران پر حملے میں شامل نہیں ہیں، ہماری پہلی ترجیح خطے میں امریکی افواج اور عملے کا تحفظ ہے۔ تاہم اب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حالات کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہےیہ اجلاس اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی نیتن یاہو سے اپیل کرچکے ہیں کہ وہ خطے کے حالات بگاڑنے کی کوشش نہ کریں۔ اسرائیل کے اس حملے کے بعد پورےمشرق وسطیٰ میں حالات دھماکہ خیز ہو گئے ہیں۔ 
اسرائیل اور ایران سے تحمل برتنے کی اپیل
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو غطریس نے اسرائیل اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے مشرق وسطیٰ میں تازہ کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل اور ایران دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اُنہوں نے مشرق وسطیٰ میں کسی بھی قسم کی فوجی کشیدگی کی شدید مذمت کی ہے۔ سربراہ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں پر تشویش ہے جو کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات کے دوران کئے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق سیکریٹری جنرل نے دونوں فریقوں سے اپیل کی کہ وہ ہر قیمت پر شدید تصادم سے گریز کریں کیوں کہ یہ خطہ مزید تنازعات اور تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ غطریس نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ ایٹمی مذاکرات جاری ہیں یہ حملے درست نہیں قرار دئیے جاسکتے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK