Inquilab Logo

اعظم خان کو ڈونگر پور کیس میں ۷؍ سال قید، ۹؍ لاکھ جرمانہ، پریشانیوں میں اضافہ

Updated: March 19, 2024, 5:38 PM IST | Rampur

ایک سال میں ۵؍ ویں  کیس میں  سزا، جوہر یونیورسٹی کی زمین کی لیز منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف الہ آبادہائی کورٹ میں داخل کی گئی پٹیشن بھی خارج۔

Azam Khan. Photo: INN
اعظم خان۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش کے دبنگ لیڈروں میں شمار ہونےو الے سابق کابینی وزیر محمد اعظم خاں کی پریشانیوں  میں  کمی کے بجائے اضافہ ہوتا چلا جارہاہے۔ ایم پی، ایم ایل اے کورٹ نے ۶؍ مہینے میں انہیں دوسری بار سزا سنائی ہے۔ انہیں زبردستی گھر میں  گھسنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے ۲۰۱۹ء کے ایک کیس میں عدالت نے ۷؍ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ 
اس سے قبل ۹؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو عبداللہ اعظم کے دو پیدائش سرٹیفکیٹ کے معاملہ میں انہیں ۷؍سال کی قید اور ۵۰؍ہزار روپے جرمانہ کی سزا ہوئی تھی۔ فی الحال اسی سزا کو وہ سیتا پور جیل میں کاٹ رہے ہیں۔ ڈونگر پور بستی کے رہنے والے احتشام نے ۲۰۱۹ء میں تھانہ گنج میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اعظم خان کی شہ پر نگر پالیکا کے سابق چیئرمین اظہر احمد خاں نے ریٹائرڈ سی او آل حسن خاں، ٹھیکیدار برکت علی، جبران، فرمان اور امیندر چوہان نے زبردستی مکان میں گھس کر مارپیٹ کی، گھر میں رکھا سامان لوٹ لیا اور بعد میں گھر پر بلڈوزر چلادیا۔ سرکاری وکیل نے ملزمین کے خلاف عدالت میں ۱۴؍گواہ پیش کیے، جنہوں نے واقعہ کی تصدیق کی۔ اس پرسیشن کورٹ نے اعظم خان کو دفعہ۴۵۲؍کےتحت ۷؍سال قید اور ۵؍ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ اس کے ساتھ ہی مختلف دفعات میں الگ الگ سزائیں اور جرمانہ کا حکم سنایا گیا ہے۔ اعظم خان پر کل ۹؍لاکھ روپے جرمانہ لگایا گیا ہے۔ 
اُدھر الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مولانا محمد علی جوہر ٹریننگ وریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت میں چل رہے رامپور پبلک اسکول کوسرکار کے ذریعہ رد کرنے سے متعلق حکم کو چیلنج کرنے والی عرضی کو خارج کردیا ہے۔ کورٹ نے فیصلہ سناتے وقت ریاستی سرکار کے فیصلہ پر مداخلت سے انکار کردیا جس نے مذکورہ ادارہ کیلئے دی گئی زمین کی لیز کو منسوخ کردیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK