Inquilab Logo

بلدیاتی انتخابات میں اعظم خان کا یوگی کو انتباہ، اسمبلی الیکشن کے بعد ریاستی حکومت تبدیل ہوگی

Updated: May 03, 2023, 9:00 AM IST | rampur

اترپردیش میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تمام پارٹیاں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ ایک جانب جہاں بی جےپی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے

Senior Samajwadi Party leader Muhammad Azam Khan who is constantly on the target of the BJP government
سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمداعظم خان جو مسلسل بی جے پی حکومت کے نشانے پر ہیں

 اترپردیش میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تمام پارٹیاں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔   ایک جانب جہاں بی جےپی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے، وہیں دوسری جانب سماجوادی پارٹی بھی پیچھے نہیں رہنا چاہتی۔   ایسے میں اگر معاملہ رام پور کا ہو تو پھر سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان بھلا کیوں کر خاموش رہ سکتے ہیں جنہیں بی جے پی حکومت نے اول دن سے اپنے نشانے پر رکھا ہے۔ رام پور کی ایک انتخابی مہم میں انہوں نے ریاستی حکومت پر جم کر تنقید کی اور متنبہ بھی کیا۔ انہوں نے پولیس کو بھی خبردار کیا کہ ریاست میں اگلی بار سماجوادی پارٹی (ایس پی) کی حکومت آئے گی۔ اپنے کارکنان میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئےاعظم خان نے کہا کہ ’’توے سے روٹی جلد ہی پلٹ جائے گی۔ جن پولیس والوں نے آپ کے گھروں کے دروازے توڑے ہیں اور  آپ کو ٹھوکریں ماری ہیں، وہی پولیس والے اسی بوٹ پر کھڑے ہو کر آپ کو سیلوٹ (سلام) کریں گے۔‘‘
 اعظم خان نے رام پور میونسپل کونسل انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں مہم چلائی۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اچھے لوگ نہیں بچیں گے تو برے لوگ بھی کیسے بچیں گے؟ انہوں نے کہا کہ قدرت بہت وحشت ناک انتقام لیتی ہے۔رام پور کے نالاپر علاقے میں سابق ریاستی وزیر نے کہا کہ ’’روٹی کب توے پر پلٹ جائے کوئی نہیں جانتا۔ دیکھئے، یہ افسران ان کے ساتھ ہیں جو حکومت میں بیٹھے ہیں۔ وہ اب جانتے ہیں کہ سیاست دان اس حد تک من مانی کر سکتے ہیں۔ آنے والی حکومت اس سے بھی زیادہ کرسکتی ہے اور زیادہ کرے گی۔ آپ جانتے ہیں میرا کیا مطلب ہے؟ دیکھئے ایک لکیر کھینچی گئی ہے اور جب حکومت بدلے گی تو اس سے لمبی لکیر کھینچی جائے گی۔‘‘
  اپنی بات ختم کرنے کے بعداعظم خان نے مجمع  سے سوال کیا کہ یہ لمبی لائن کون کھینچے گا؟ تو عوام نے ’اعظم خان۔ اعظم خان‘ کے نعرے لگائے۔ اعظم نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہمیشہ اقتدار میں رہیں گے، انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ اگر اچھے لوگ نہیں ہوں گے تو برے لوگ کیسے زندہ رہیں گے؟‘‘ہیلی کاپٹر کے حادثے کو یاد کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ جب اللہ کسی پر مہربان ہوتا ہے تو وہ بلندی پر ہیلی کاپٹر کا بازو ٹوٹنے کے بعد بھی بچ جاتا ہے۔ وہ بھی اس حادثے میں شامل تھے۔
 خیال رہے کہ بدعنوانی اور چوری سمیت۹۰؍ سے زائد مقدمات کا سامنا کرنے والے سماجوادی پارٹی کے لیڈر کو گزشتہ سال اکتوبر میں ایم ایل اے کے طور پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔ رام پور کی ایم پی،ایم ایل اے عدالت نے انہیں ۲۰۱۹ء  میں کی گئی ایک تقریر  کےکیس میں قصوروار ٹھہرایا تھا اور انہیںتین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ رام پور میں اعظم خان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ کی سیٹ جیتنے کے ساتھ ہی یوپی اسمبلی انتخابات میں رام پور صدر اسمبلی سیٹ سے ریکارڈ۱۰؍ مرتبہ کامیابی حاصل کی  ہے اور ایک مرتبہ جیل میں رہ کر بھی کامیابی حاصل کی ہے۔
 ایک دن قبل سماجوادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو نے بھی یوگی حکومت کو نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ کوئی حکومت ہمیشہ کیلئے نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی کو نشانہ بنانے والے اس بات کو یاد رکھیں کہ کل ان کی حکومت بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ ان دنوں اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کافی گہماگہمی ہے جس میں ریاست کے تقریباً اہم لیڈر مصروف ہیں اور عوام سے رابطہ کررہے ہیں۔ 

azam khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK