شبلی کالج کے اساتذ ہ نے امید ظاہر کی کہ نئے صدر سابقہ صدور کی روایت کو نہ صرف برقرار رکھیںگے بلکہ شعبے کی عظمت میں اضافہ کریں گے
EPAPER
Updated: August 13, 2020, 9:40 AM IST | Meekash Azmi | Azamgargh
شبلی کالج کے اساتذ ہ نے امید ظاہر کی کہ نئے صدر سابقہ صدور کی روایت کو نہ صرف برقرار رکھیںگے بلکہ شعبے کی عظمت میں اضافہ کریں گے
ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد کو ہندوستان کی قدیم اورانتہائی معیاری ممبئی یونیورسٹی کا صدرشعبہ اردو بنائےجانے پران کے آبائی ضلع کے اعظم گڑھ کے علمی اور ادبی حلقوں میں خوشی کا ماحول ہے۔
اس سلسلے میں شبلی نیشنل پوسٹ گریجویٹ کالج اعظم گڑھ کے شعبۂ اردو کےسابق صدر ڈاکٹر شباب الدین نے کہا:’’ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد ضلع اعظم گڑھ کے موضع خالص پور میں ۱۹۷۵ء میں ایک علمی گھرانے پیداہوئے۔ وہ بچپن ہی سے بڑے ذہین تھے۔ ان کی ابتدائی تعلیم آبائی گاؤں، انجمن خیرالاسلام ممبئی،شبلی کالج اعظم گڑھ، الٰہ آباد اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی دہلی میں ہوئی ہے۔ انکی تعلیم وتربیت مختلف مزاج کے اداروں میں تکمیل کوپہنچی ہے، اسی لئے ان کے مزاج میں وسعت وگہرائی ہے ۔تاریخ اور لوک ادب پر گہری نظر ہے۔ اعظم گڑھ میں منعقد ہونے والے سیمیناروں میں ان کی مسلسل شرکت ہوتی رہی ہے۔ان کی ۵؍ کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ ممبئی جیسی یونیورسٹی کا صدر شعبہ اردو بنائے جانے پر مبارکباد پیش کرتاہوں اور جس عمر میں وہ صدر شعبہ اردو نامزد ہوئے ہیں، اس حساب سے ان کو کافی دنوں تک اس فرائض منصبی کو انجام دیناہے، اسلئے اہل علم کو ان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد سے قبل جن شعبہ صدور نے اس عہدے کو وقار بخشا ہے اس کو بحال رکھتے ہوئے وہ شعبہ کو مزید بلندی عطاکریں گے ۔‘‘
شبلی نیشنل پوسٹ گریجویٹ کالج کے شعبۂ تاریخ کے صدر ڈاکٹر علاؤالدین خان نے کہا: ’’ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد کانام محتاج تعارف نہیں ہے انہوں نے جواہر لعل یونیورسٹی دلی سے ’سید سلیمان ندوی کی سوانح نگاری حیات شبلی کی روشنی میں‘ کے عنوان پر ایم فل اور ممبئی یونیورسٹی سے ’آزادی کے بعد اردو ہندی کے ادبی ناول کاتحقیقی وتنقیدی مطالعہ‘ کے عنوان سے پی ایچ ڈی کی ہے۔۲۰۱۲ء میں ممبئی یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے وابستہ ہوئے تھے اور۱۰؍ اگست۲۰۲۰ء کو صدر شعبہ اردو کا چارج سنبھالنے کی خبر سے بے خوشی ہے اور ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد سے امید ہے کہ وہ ممبئی یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی عظمت میں اضافہ کریں گے ۔‘‘
سہ ماہی رسالہ ’ شاندار‘ کے ایڈیٹر نیاز جیراجپوری نے کہا:’’ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد کے مضامین رسائل وجرائد میں تواتر سے شائع ہوتے رہتے ہیں۔ اردو کے ساتھ ساتھ ہندی ادب کابھی اچھا مطالعہ ہے ۔ بالخصوص تاریخ اور لوک ادب پر ان کی گہری نگاہ ہے ۔ صدر شعبہ اردو نامزد ہونے پر مبارکباد۔‘‘