Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : شہر کو آلودگی سے بچانے کی مہم تیز

Updated: June 09, 2026, 7:05 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

عوامی مقامات پر تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف شہری انتظامیہ نے کارروائی کا آغاز کیا۔

Debris.Photo:INN
ملبہ۔ تصویر:آئی این این
 بلدیہ عظمیٰ نے شہر میں غیر قانونی طور پر تعمیراتی ملبہ اور دیگر فضلہ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں عوامی مقام پر تعمیراتی ملبہ اور رابٹ مٹی پھینکنے کے الزام میں ایک نجی ڈمپر مالک کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بابلا کمپاؤنڈ روڈ، اپسرا ٹاکیز کے عقب میں واقع علاقے میں میونسپل کارپوریشن کے صفائی محکمہ کی ٹیم نے اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران ایک نجی ڈمپر کو کھلے عام سڑک کے کنارے تعمیراتی و انہدامی فضلہ (کنسٹرکشن اینڈ ڈیمولیشن ویسٹ) اتارتے ہوئے پایا گیا۔ صفائی عملے نے موقع پر پنچ نامہ تیار کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے ثبوت جمع کئے۔ 
 
 
میونسپل حکام کے مطابق بڑی مقدار میں ملبہ پھینکے جانے سے علاقے میں گردوغبار اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا، جس سے مقامی شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق تھے۔ اس کے علاوہ سڑک پر ملبہ جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔میونسپل کمشنر انمول ساگر کی ہدایت پر متعلقہ ڈمپر مالک اور ذمہ دار افراد کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی گئی جس کے بعد پولیس نے متعلقہ قوانین کے تحت شکایت کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
 
 
واضح رہے کہ، میونسپل کارپوریشن نے حال ہی میں تعمیراتی ملبہ ٹھکانے لگانے کیلئے شہر میں ۴؍ مخصوص مقامات مقرر کئے ہیں اور تمام بلڈروں ، ڈیولپرز، ٹھیکیداروں اور شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ صرف انہی مقامات پر ملبہ منتقل کریں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مقامات کے علاوہ کسی بھی سڑک، میدان یا نالے میں ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی، جرمانہ اور فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK