Inquilab Logo

کورونا کیساتھ غلط معاشی پالیسیاں بھی عوام کو بھگتنی پڑرہی ہیں

Updated: March 23, 2020, 1:18 PM IST | Agency | Chandigarh

کانگریس نے حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کو نشانہ بنایا، کہاکہ خام تیل کے دام میں بھاری گراوٹ کے باوجود اس کا فائدہ عوام تک نہ پہنچاکر سرکار اپنا خزانہ بھر رہی ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ملک کی اقتصادی حالت بہت خراب ہے، کورونا سے نمٹنے کے لئے بھی پارٹی نے جامع حکمت عملی اور منصوبہ کا مطالبہ کیا

Petrol Station - Pic : INN
پیڑول اسٹیشن ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس پارٹی نے حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو ایک مرتبہ پھر نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک کورونا وائرس سے لڑنے کےلئے اپنی تمام تر قوت مجتمع کررہا ہے تو دوسری طرف مودی حکومت عوام کو معاشی محاذ پر کوئی راحت دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔   اس سلسلے میں پنجاب کانگریس کمیٹی کے صدر سنیل جاکھڑ نے کہا کہ کورونا کے قہر اور مرکزی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے مندی کی مار سے پریشان لوگوں کو مودی حکومت مہنگی پیٹرولیم مصنوعات بیچ کر لوٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تیل بازار میں کچے تیل کی قیمت اب اپنی سب سے نچلی سطح پر ہے، لیکن مرکزی حکومت ملک کے عوام کو مہنگا تیل بیچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت نازک دور سے گزر رہی ہے، ترقی کی شرح نچلی سطح پر ہے، روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں، لوگوں کی آمدنی کم ہو رہی ہے اور بینک بند ہونے کے دہانے پر ہیں۔ ایسے برے اقتصادی حالات میں ہی کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئے بحران سے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ان کے مطابق اقتصادی مندی کے ایسے حالات میں لوگ امید کرتے ہیں کہ ہماری حکومت ہمارے ساتھ کھڑی ہوگی لیکن اسے ملک کی بدقسمتی کہا جائےگا کہ اس مشکل دور میں ہندوستانی حکومت لوگوں کی مشکلوں کو حل کرنے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بے قابو کر کے ملک کے لوگوں اور کاروبار کو پوری طرح تباہ کرنے کا کام کر رہی ہے۔
پنجاب کانگریس کمیٹی کے صدر سنیل جاکھڑ نے کہاکہ کورونا کے قہر کی وجہ سے معیشت کو بڑا خطرہ ہے توہندوستانی حکومت نے ٹیکس اور بڑھا دیئے ہیں تاکہ لوگوں تک کچے تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ  نہ پہنچے۔ سنیل جاکھڑ نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مشکل اقتصادی حالات اور کورونا کے خطرے کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو قابو میں کیا جائے اور ہر صورت میں لوگوں کی مدد کی جائے۔
 پارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ جس میں کہا جارہا ہے کہ حکومت کو عوام کے فائدہ کے تمام اقدامات کرنے چاہئیں کیوں کہ  اس وقت وہ کورونا جیسی بہت بڑی آفت سے جوجھ رہے ہیں۔ ان حالات میں اگر حکومت پیٹرولیم کے دام کم کردے تو اس سے انہیں بڑی راحت ملے گی۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے دام بہت تیزی کے  ساتھ کم ہوئے ہیںجس کی وجہ سےسرکار کو کروڑوں ڈالرس کا فائدہ مل رہا ہے اس کے باوجودوہ اس کا فائدہ عوام تک پہنچنے نہیں دے رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اسے اپنے مالیاتی خسارہ کو پورا کرنے کے لئے زائد رقم درکار ہے اس لئے اس نے پیٹرولیم پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھادی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں متعدد دعوے کئے ہیں لیکن اس پر تنقیدیں ہی بہرحال ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK