سپر اسٹار سلمان خان کی رہائشی عمارت ’گلیکسی اپارٹمنٹ ‘پر فائرنگ اور ان کی جان کو لاحق خطرہ کی بناء پر ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، اس کے باوجود اسی ہفتے ۲؍ مختلف معاملات میں خود کو ان کا مداح بتانے والی ایک خاتون سلمان خان کے گھر کے دروازے تک پہنچ گئی جبکہ ایک دیگر شخص کمپائونڈ میں داخل ہوگیا۔
سلمان خان۔ تصویر: آئی این این
سپر اسٹار سلمان خان کی رہائشی عمارت ’گلیکسی اپارٹمنٹ ‘پر فائرنگ اور ان کی جان کو لاحق خطرہ کی بناء پر ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، اس کے باوجود اسی ہفتے ۲؍ مختلف معاملات میں خود کو ان کا مداح بتانے والی ایک خاتون سلمان خان کے گھر کے دروازے تک پہنچ گئی جبکہ ایک دیگر شخص کمپائونڈ میں داخل ہوگیا۔ پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ تفصیلات پولیس نے جمعرات کو بتائیں۔ واضح رہے کہ سلمان خان کو ’وائی‘ سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔
باندرہ پولیس نے ان دونوں افراد کے نام ایشا چھابریا (۳۶) اور جتیندر کمار سنگھ (۲۳) بتائے ہیں۔ ایشا کھارکی رہنے والی ہے جبکہ جتیندر کا تعلق چھتیس گڑھ سے ہے۔ اطلاع کے مطابق پہلا واقع منگل کو پیش آیا تھا جب سلمان خان کی سیکوریٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے صبح تقریباً پونے ۹؍ بجے جتیندر کو گلیکسی اپارٹمنٹ کے آس پاس ٹہلتے ہوئے دیکھا۔ اس وقت انہوں نے اسے وہاں سے چلے جانے کو کہا جس پر ناراض ہوکر اس نے اپنا موبائل فون زمین پر پٹخ کر توڑ دیا اور وہاں سے چلا گیا۔ تاہم اسی شام اسی عمارت میں رہائش پذیر ایک شخص کی کار میں بیٹھ کر وہ اس عمارت کے کمپائونڈ میں پہنچ گیا۔ اس وقت وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے دوبارہ روک لیا اور اس مرتبہ اسے باندرہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پوچھ گچھ میں جتیندر نے بتایا کہ وہ سلمان خان سے ملاقات کرنا چاہتا تھا لیکن پولیس اہلکار اسے عمارت میں جانے نہیں دے رہے تھے جس کی وجہ سے اس نے چھپ کر گھسنے کی کوشش کی تھی۔
دوسرا واقعہ بدھ کو ہوا جب ایشاچھابریا گلیکسی اپارٹمنٹ گئیں اور گیٹ پر کہا کہ اداکار نے انہیں اپنے گھر پر بلایا ہے۔ اس طرح وہ سلمان خان کے گھر تک پہنچ گئیں اور دروازہ کھٹکھٹانے پر جب اداکار کے ملازمین نے دروازہ کھول کر اس سے بات کی تو پتہ چلا کہ وہ خاتون جھوٹ بول رہی ہے ۔ اس پر انہوں نے اسے پولیس کے حوالے کردیا جسےگرفتار کرلیا گیاہے۔