Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ : ایس آر اے کے دفتر کے باہر کانگریس کا زبردست احتجاج

Updated: June 25, 2025, 11:03 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مظاہرین نے ’جھوپڑ پٹی کے مکینوں کی بازآبادکاری کا کام کرو ورونہ کرسیاں خالی کرو! ‘کے نعرے لگائے

Congress officials and workers protesting outside the SRA office.
کانگریس کےعہدیداران اور کارکنان ایس آر اے کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے۔ (تصویر: انقلاب)

 ممبئی کانگریس کے کارکنوں نے بدھ کو باندرہ مشرق  میں واقع ایس آر اے (سلم ری ہیبلیٹیشن اتھاریٹی) کے دفتر کے باہر مورچہ نکالا اور اس کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے الزام لگایاکہ مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت کے دور میں جھوپڑ پٹیوں کی بازآبادکاری کے پروجیکٹوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہو رہی ہے  اور ایس آر اے کا دفتر اب کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ ایس آر اے کے افسران ممبئی میں غریبوں کے حقوق پر  بلڈوزر چلا کر بلڈروں کیلئے کام کر رہے ہیں۔ مظاہرین   اپنے ہاتھوں میں نقلی نوٹوں کا ہار   اور پلے کارڈز لئے ہوئے تھے۔ وہ’’مہندر کلیانکر معافی مانگو!۔ جھوپڑا واسیوں کا کام کرو ورنہ کرسیاں خالی کرو‘‘ نعرے بھی لگا رہے تھے۔اس احتجاج میں ممبئی کانگریس کے ترجمان اور سلم سیل   کے صدر سریش چندر راج ہنس ، سابق کارپوریٹر ببو خان، اشرف اعظمی، سفیان نیاز احمد ونو، محسن حیدر، راجہ رہبر، کچرو یادو، سنکر سنگھ  اور دیگر لیڈران  ، عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔
 اس موقع پر  کانگریس کے ترجمان اور سلم سیل    کے صدر سریش چندر راج ہنس نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’رکن پارلیمان  ورشاگائیکواڑ نے ممبئی نارتھ سینٹرل لوک سبھا حلقہ اور ممبئی کے دیگرعلاقوں کے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیا  تھا اور اس سلسلے میں ایس آر اے کے سی ای او مہندر کلیانکر کے ساتھ پہلے سے طے شدہ میٹنگ کیلئے گئی تھیں۔ تاہم انہوں نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی اور رکن پارلیمان اور ممبئی والوں کی توہین کی۔ یہ جمہوریت کا تمسخر ہے اور شہری انتظامیہ کے افسران  بھی بی جے پی کی کٹھ پتلی بن چکے ہیں ۔ وہ آمروں کی طرح کام کر رہے ہیں۔ ‘‘
  مظاہرین جھوپڑ پٹیوں کے مسائل حل کرنے اورایس آر اے افسر مہندرکلیانکر کو ایم پی ورشا گائیکواڑ سے عوامی طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK