Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: ایک سالہ بچے نے کوبرا سانپ کو کاٹا، بچہ زندہ، سانپ مر گیا

Updated: July 27, 2025, 10:05 PM IST | Patna

بہار میں ایک سالہ بچے نے کوبرا سانپ کوکھلونا سمجھ کر اٹھایا اور کاٹ ڈالا، اس محیرت انگیز واقعے میں سانپ ہلاک ہو گیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بہار کے ضلع بتیاہ کے مغربی چمپارن میں ایک ایسا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک سالہ بچے نے کوبرا سانپ کو کھلونا سمجھ کر اٹھایا اور خود سانپ کو کاٹ ڈالا۔ سانپ تو فوری طور پر مر گیا، جب کہ بچہ بے ہوش ہو گیا اور اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ جمعہ کی دوپہر مغربی چمپارن کے ایک گھر میں یہ واقعہ پیش آیا۔لائیو ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق، گووندا نامی اس بچے کے گھر میں تقریباً۶۰؍ سینٹی میٹر (۲؍ فٹ) لمبا کوبرا سانپ گھس آیا۔ بچے کی دادی کے بیان کے مطابق، بچے نے سانپ کو کھلونا سمجھ کر اٹھا لیا اور پھر زور سے کاٹ کر اس کے دو ٹکڑے کر دیے، جس سے سانپ کی فوری موت واقع ہو گئی۔ سانپ کو کاٹنے کے بعد بچہ بے ہوش ہو گیا۔ اسے پہلے مجھولیہ لے جایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے بتیاہ سرکاری میڈیکل کالج اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیویکانت مشرا نے بتایا کہ ’’بچے میں زہر کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی اور وہ اب خطرے سے باہر ہے۔

مقامی افراد (انڈیا ٹوڈے کے حوالے سے) کا کہنا تھا کہ سانپ بچے کے بہت قریب آ گیا تھا، جس پر بچہ غصے میں بھرک کر اٹھا اور فوراً کاٹ لیا۔ ان کے مطابق یہ ایک جذباتی ردعمل تھا جس میں بچے نے دانت گاڑ کر سانپ کو ہلاک کر دیا۔ ماہرین کے مطابق شدید بارشوں اور بے ہنگم تعمیرات کی وجہ سے سانپ اپنے قدرتی مسکن چھوڑ کر آبادیوں میں گھس رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ جولائی میں گڑگاؤں شہر میں صرف ایک مہینے میں۸۵؍ سانپ بچائے گئے۔ واضح رہے کہ کوبرا دنیا کے مہلک ترین سانپوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ہندوستان میں ہر سال سانپ کے کاٹنے سے ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔ محض چند روز قبل لدھیانہ کے پاواٹ گاؤں میں دو بہنیں چھت پر سو رہی تھیں کہ سانپ نے کاٹ لیا، اور وہ چند منٹوں میں ہی جان کی بازی ہار گئیں۔ یہ واقعہ قدرت کے کارخانے کا ایک حیرت انگیز پہلو ہے، جہاں معمول کے برعکس ایک معصوم بچے نے مہلک سانپ کو کاٹ ڈالا اور خود بچ گیا۔ تاہم سانپوں سے احتیاط اور فوری طبی امداد کی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK