میانمار سے بے گھر ہوکر آنے والے روہنگیا خاندان اپنی روایتی زرعی مہارت سے بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنانے اور ماحول بحال کرنے میں مصروف؛ آم، پپیتے اور سبزیوں کی مشترکہ کاشت سے خوراک، آمدنی اور خواتین کو خودمختاری ملنے لگی۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 9:56 PM IST | Cox`s Bazar
میانمار سے بے گھر ہوکر آنے والے روہنگیا خاندان اپنی روایتی زرعی مہارت سے بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنانے اور ماحول بحال کرنے میں مصروف؛ آم، پپیتے اور سبزیوں کی مشترکہ کاشت سے خوراک، آمدنی اور خواتین کو خودمختاری ملنے لگی۔
بنگلہ دیش کے روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں ہزاروں خاندان اپنی روایتی زرعی مہارت اور جدید شجرکاری منصوبوں کو یکجا کرکے تباہ شدہ زمین کو دوبارہ سرسبز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میانمار سے نقل مکانی کرکے آنے والے یہ خاندان محدود جگہ، خراب مٹی اور پانی کی قلت کے باوجود پھل دار درخت، سبزیاں اور دیگر فصلیں اگا رہے ہیں۔ ان کی کوششوں سے نہ صرف خوراک کی پیداوار میں مدد مل رہی ہے بلکہ بارشوں کے دوران مٹی کے کٹاؤ اور زمین کھسکنے کے خطرات کم کرنے اور مقامی ماحول کی بحالی میں بھی پیش رفت ہورہی ہے۔ مونگابے کی تازہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے اداروں اور امدادی تنظیموں کے تعاون سے کیمپوں میں تقریباً ۱۰؍ لاکھ پودے لگائے جاچکے ہیں، جب کہ تقریباً ۲۰۰؍ ہیکٹر زمین کی بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ یہ کوششیں کاکس بازار کے کُتوپالونگ پناہ گزین کیمپ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں جاری ہیں، جہاں ۲۰۱۷ء میں روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد میانمار کی ریاست رخائن سے تشدد اور ظلم و ستم کے باعث فرار ہوکر پہنچی تھی۔ اس اچانک آمد کے بعد بنگلہ دیشی حکومت نے پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے تقریباً ۲۵۰۰؍ ہیکٹر محفوظ جنگلاتی زمین مختص کی۔ رہائشی پناہ گاہیں تعمیر کرنے اور ایندھن کی ضرورت پوری کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر درخت کاٹے گئے، جس کے نتیجے میں ۱۵۰۰؍ ہیکٹر سے زیادہ جنگلات ختم ہوگئے۔ کبھی گھنے استوائی جنگلات اور ایشیائی ہاتھیوں کی پناہ گاہ رہنے والی یہ زمین رفتہ رفتہ خالی پہاڑی ڈھلوانوں، ریتلی مٹی اور عارضی خیموں پر مشتمل بستی میں تبدیل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے: فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اہم فوجی ترجیح ہے، ایران کا بیان
درختوں اور قدرتی نباتات کے خاتمے کا سب سے سنگین اثر بارشوں کے موسم میں سامنے آیا۔ پہلے جنگلاتی زمین بارش کا پانی جذب کرلیتی تھی، لیکن درختوں کی جڑیں اور پودوں کی تہہ ختم ہونے کے بعد پانی تیزی سے ڈھلوانوں سے نیچے بہنے لگا۔ اس سے مٹی کا کٹاؤ بڑھا اور لینڈ سلائیڈنگ یعنی زمین کھسکنے کے واقعات پناہ گزینوں کے لیے موسمی خطرہ بن گئے۔ مون سون کی شدید بارشوں میں خیموں اور رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی بڑھ گیا۔ اب شجرکاری اور زرعی سرگرمیوں کے ذریعے ان ڈھلوانوں کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کیمپوں میں اس وقت ۱ء۱؍ ملین سے زیادہ روہنگیا پناہ گزین آباد ہیں اور ۱۵۹۰۰۰؍ سے زائد افراد گھریلو باغبانی کی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ ان میں بعض خاندان زرعی جنگلاتی نظام (Agroforestry) اپنا رہے ہیں، جس میں ایک ہی جگہ مختلف اونچائی کے درختوں، پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے۔ اس طریقے سے کم جگہ میں زیادہ فصلیں اگائی جاسکتی ہیں اور درختوں کی گہری جڑیں ریتلی زمین کو اپنی گرفت میں رکھتی ہیں۔ اس طرح خوراک کی پیداوار کے ساتھ زمین کو کٹاؤ سے بچانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
۴۷؍ سالہ روہنگیا کسان رشید احمد بن ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے میانمار میں اپنے آبائی علاقے رخائن میں کھیتی باڑی کی تھی۔ وہ بتاتے ہیں کہ ان کے خاندان میں چاول، سبزیاں اور پھل ایک ساتھ اگانے کا رواج تھا۔ آم، کیلے اور پپیتے کے درخت سبزیوں کی کیاریوں کے ساتھ لگائے جاتے، کیڑوں کو ہاتھ سے ہٹایا جاتا، جانوروں کی کھاد اور سڑے ہوئے پتوں سے مٹی کی زرخیزی برقرار رکھی جاتی اور اچھی فصلوں سے بیج محفوظ کیے جاتے تھے۔ اب وہ اسی علم کو بنگلہ دیش کے کیمپوں میں استعمال کررہے ہیں۔ ان کے بقول، ’’ہماری زمین ہم سے دور ہوسکتی ہے، لیکن ہمارے بزرگوں کا کھیتی باڑی کا شوق اب بھی ہماری زندگی کا حصہ ہے۔‘‘ یہاں کاشت کاری کے لیے جگہ بہت محدود ہے، اس لیے خاندانوں نے اپنے پرانے طریقوں میں تبدیلی بھی کی ہے۔ وہ آم اور پپیتے جیسے پھل دار درختوں کے نیچے لوکی اور کدو جیسی بیل دار سبزیاں اگاتے ہیں، جب کہ بانس کی جالیوں اور پناہ گاہوں کی دیواروں کو بھی سبزیوں کی بیلیں چڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بعض خاندان بوریوں میں پودے لگاتے اور عمودی باغبانی کے ذریعے کم جگہ میں زیادہ سبزیاں اگاتے ہیں۔ گھریلو کچرے سے تیار کی گئی نامیاتی کھاد اور جانوروں کی گوبر سے زمین کی زرخیزی بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پالک، چوَلائی اور دیگر پتوں والی سبزیوں کے علاوہ بینگن، مرچ، کدو اور لوکی بھی کاشت کی جارہی ہیں۔
ان سرگرمیوں میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر، عالمی ادارۂ خوراک و زراعت (ایف اے او)، عالمی غذائی پروگرام (ڈبلیو ایف پی) اور دیگر امدادی تنظیمیں تعاون کررہی ہیں۔ یو این ایچ سی آر کے ’سلمر‘ (SuLMER) منصوبے کے تحت ندی نالوں کی بحالی، ڈھلوانوں کو مستحکم بنانے اور گھریلو باغات متعارف کرانے پر کام کیا گیا ہے۔ کیئر (CARE) نامی امدادی تنظیم نے بوریوں اور عمودی باغبانی کی تربیت فراہم کی ہے، جب کہ ایف اے او اور ڈبلیو ایف پی بیج تقسیم کرتے وقت پناہ گزینوں کے روایتی تجربات، بیج محفوظ کرنے اور مختلف فصلیں ایک ساتھ اگانے کے طریقوں سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان منصوبوں میں ہزاروں خاندان شریک ہوچکے ہیں۔ ایف اے او اور یو این ایچ سی آر کی کوششوں میں تیزی سے بڑھنے والے درختوں کے ساتھ مقامی نسل کے ایسے درخت بھی لگائے جارہے ہیں جن کی جڑیں زمین میں گہرائی تک پھیلتی ہیں۔ تیزی سے بڑھنے والے پودے ابتدائی مرحلے میں زمین کو ڈھانپ کر مٹی کے کٹاؤ کو کم کرتے ہیں، جب کہ مقامی درخت طویل مدت میں ڈھلوانوں کو مضبوط بنانے اور حیاتیاتی تنوع کی بحالی میں مدد دیتے ہیں۔ ایف اے او نے خشک موسم میں کم پانی استعمال کرتے ہوئے پودے لگانے کے تجربات بھی کیے ہیں، جن کے آزمائشی مقامات پر پودوں کی بقا کی شرح ۱۰۰؍ فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھئے: ایران کیخلاف فتح اب قریب ہے، ڈونالڈٹرمپ کا بیان
اس منصوبے کا ایک اہم پہلو خواتین کی معاشی خودمختاری بھی ہے۔ ۵۸؍ سالہ امینہ خاتون نے کیمپ وَن ڈبلیو میں اپنی مدد آپ کے تحت ۶؍خواتین کا ایک گروپ منظم کیا، جس نے پناہ گاہوں کے درمیان موجود ایک چھوٹے سے خالی قطعۂ زمین پر نرسری قائم کی۔ یہ زمین خواتین کی ذاتی ملکیت نہیں ہے، کیونکہ بنگلہ دیشی قانون کے تحت پناہ گزین زمین کے مالک نہیں بن سکتے۔ تاہم کیمپ انتظامیہ اور یو این ایچ سی آر کے منصوبے نے انہیں اجتماعی باغبانی اور نرسری کے لیے عارضی طور پر اس جگہ کو استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہاں پپیتا، کیلا، کٹھل، لوکی، کدو، بینگن اور مرچ کے پودے تیار کیے جاتے ہیں۔ امینہ خاتون اور ان کی ساتھی خواتین مٹی تیار کرنے، بیج بونے، پودوں کو پانی دینے اور انہیں فروخت کے قابل بنانے تک تمام کام خود انجام دیتی ہیں۔ امینہ اضافی پودے اور سبزیاں کیمپ کے دوسرے خاندانوں کو فروخت کرتی ہیں، جس سے انہیں کچھ آمدنی ہوتی ہے اور وہ گھر کے لیے اضافی خوراک خریدنے میں بھی مدد کرسکتی ہیں۔ ان کے مطابق اس کام نے ان کا اعتماد بڑھایا ہے، اگرچہ معاشرے کے بعض افراد خواتین کے اس طرح عوامی سطح پر کام کرنے کو پسند نہیں کرتے۔ ان کی ساتھی مبیہ خاتون کا کہنا ہے، ’’جب خواتین درخت اگاتی ہیں تو وہ صرف پودے نہیں اگاتیں، بلکہ اپنے معاشرے کے لیے اعتماد، علم اور امید بھی پروان چڑھاتی ہیں۔‘‘
اس کے باوجود اس منصوبے کے سامنے کئی مشکلات موجود ہیں۔ زمین کی کمی، پانی کی قلت، معیاری بیجوں کی عدم دستیابی اور مالی وسائل کی محدود فراہمی کے باعث باغات اور نرسریوں کو برقرار رکھنا آسان نہیں۔ اس کے علاوہ امدادی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے درختوں اور بحال کیے گئے علاقوں کی طویل مدت تک حفاظت کے لیے مسلسل نگرانی اور مقامی برادری کی شمولیت ضروری ہے۔ یو این ایچ سی آر کی رپورٹ کے مطابق اگر زمین کے انتظام، دیکھ بھال کی ذمہ داریوں اور نگرانی کا واضح نظام نہ بنایا گیا تو بحال کیے گئے علاقے دوبارہ تباہ ہوسکتے ہیں۔ روہنگیا خاندانوں کے مستقبل کی غیر یقینی صورت حال بھی ان کوششوں کے لیے ایک بڑا سوال ہے۔ بنگلہ دیشی حکومت انہیں عارضی پناہ گزین تصور کرتی ہے اور حالات سازگار ہونے پر میانمار واپسی کی توقع رکھتی ہے، لیکن یہ واضح نہیں کہ واپسی کب ممکن ہوگی۔ ایسے میں یہ سوال بھی موجود ہے کہ اگر خاندان اپنے آبائی ملک واپس چلے گئے تو ان کے لگائے ہوئے درختوں، باغات اور بحال شدہ زمین کی دیکھ بھال کون کرے گا۔ اس کے باوجود مبیہ خاتون کے مطابق باغبانی محض خوراک حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ اپنی شناخت اور روایات کو زندہ رکھنے کا طریقہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کیمپ میں پودا اگانے سے مجھے رخائن میں اپنا گھر یاد آتا ہے اور بہتر مستقبل کی امید ملتی ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ اپنی روایات اگلی نسل تک پہنچاؤں۔‘‘