Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاٹھی چارج، آنسوگیس مگر طلبہ اٹل، بھوک ہڑتال ختم، احتجاج جاری

Updated: July 21, 2026, 9:07 AM IST | New Delhi

’’چلو سنسد‘‘ نعرہ کے تحت پیر کو کاکروچ جنتا پارٹی کے پارلیمنٹ مارچ کوروکنے کیلئے دہلی پولیس نے اپنی پوری طاقت جھونک دی،رکاوٹیں کھڑی کیں، طلبہ اور نوجوانوں پر بے دردی سے لاٹھیاں برسائیں، آنسو گیس کے گولے داغے اور پانی کی توپوں  سے بوچھار کی مگر اُن کے حوصلے پست نہیں کرسکی.

On Monday, despite all the obstacles, a march was led by Sonam Wangchuk`s wife Gitanjali Angmo towards Parliament. (PTI)
پیر کو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سونم وانگ چک کی اہلیہ گیتانجلی آنگمو کی قیادت میں پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیاگیا۔ ( پی ٹی آئی)

 ’’چلو سنسد‘‘ نعرہ کے تحت  پیر کو کاکروچ جنتا پارٹی  کے پارلیمنٹ مارچ کوروکنے کیلئے دہلی پولیس نے اپنی پوری طاقت جھونک دی،رکاوٹیں کھڑی کیں، طلبہ اور نوجوانوں پر بے دردی سے لاٹھیاں برسائیں، آنسو گیس کے گولے داغے اور پانی کی توپوں  سے بوچھار کی مگر اُن کے حوصلے پست نہیں کرسکی۔ دن بھر کے ہنگامہ  کے بعد   جنتر منترخالی کروالیاگیا اور مظاہرین کے اسٹیج کو توڑ دیاگیا مگر شام ہوتے ہوتے ابھیجیت دِپکے اوردیگر مظاہرین  ایک بار  پھر جنتر منتر پہنچنے اور مورچہ سنبھالنے میں کامیاب ہوگئے۔  شام ساڑھے  ۸؍ بجے ایک بار پھر وہاں’’مودی جب جب ڈرتا ہے، پولیس کو آگے کرتا ہے‘‘ جیسے نعرے بلند ہو رہے تھے۔ اُدھر سونم وانگ چک نے بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ البتہ شبانہ اعظمی،  پرکاش راج اور یوگیندر یادو نے آئیسا کے تینوں  مظاہرین   نیہابورا، آمین اور منیش کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔ 

 نوجوانوں کے احتجاج نے تاریخ رقم کردی

  اس سے قبل  پارلیمنٹ مارچ کیلئے امڈنے والی بھیڑ نے   تاریخ رقم کردی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جنتر منتر پر اتنی بھیڑ اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی گئی۔  اجازت نہ ملنے کے باوجود اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے ہی طلبہ کی بڑی تعداد جنتر منتر پر پہنچنا شروع ہوگئی تھی جبکہ صبح ہوتے ہوتے جائے  یہ وسیع میدان چھوٹا پڑنے لگا اور آس پاس کی سڑکیں  مظاہرین  سے بھر گئیں۔ جیسے جیسے مظاہرین کی تعداد بڑھتی گئی، جنتر منتر اور اطراف کے علاقوں میں کشیدگی بھی بڑھتی چلی گئی۔ دہلی پولیس نے مظاہرین کو پارلیمنٹ جانے سے روکنے کیلئے جگہ جگہ مضبوط بیریکیٹنگ کی تھی۔ لیکن نوجوانوں کے جوش اور جذبے کے سامنے یہ سب ناکافی ثابت ہوئے۔ نوجوانوں نے تمام رکاوٹوں کو توڑ دیا اور پارلیمنٹ کی طرف بڑھنے لگے۔ 

 مظاہرین کے پہنچنے کی اطلاع پر پارلیمنٹ میں افراتفری 

 مظاہرین کے پارلیمنٹ کے قریب پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی  نہ صرف تمام گیٹ بند کردیئے گئے بلکہ جوانوں نے فائرنگ کیلئے پوزیشن تک سنبھال لی۔اسی افراتفری میں وزیراعظم مودی دوپہر ڈھائی بجے کے آس پاس ہی پارلیمنٹ   کے احاطہ سے ہنگامی طور پر  نکل گئے۔  مظاہرین کے پہنچنے کی اطلاع پر   یہاں سیکورٹی اہلکاروں کو دوڑتےبھاگتے ہوئے دیکھا  گیا۔

میٹرو اسٹیشن سے باہر نکلنے پر روک 

  مظاہرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے  پیر کو میٹرو کے جنتر منتر  اسٹیشن  اور دیگر اسٹیشنوں کےتمام بیرونی گیٹ بند کر دیئے گئے تاہم متعدر طلبہ میٹرو اسٹیشنوں کے اندر اے ایف سی گیٹ پھلانگتے ہوئے نظر آئے۔ سیکڑوں طلبہ نے میٹرو اسٹیشنوں کے اندر ہی احتجاج شروع کر دیا، جس کے باعث کچھ دیر کیلئے میٹرو نظام اور مسافروں کی آمدورفت  بھی متاثر رہی۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK