Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: محبوبہ کے ہاتھوں بوائے فرینڈ کا قتل

Updated: July 21, 2026, 12:55 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

ثبوت مٹانے کیلئے لاش بورے میں بند کرکے غسل خانہ میں چھپا دی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہاں ایک خاتون نے اپنے عاشق کو نہایت بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد لاش کو بوری میں بند کرکے فلیٹ کے غسل خانہ میں چھپا دی۔ تاہم فرار ہونے کے بعد بھیجی گئی ایک مختصر وائس میل نے اس پوری واردات کا پردہ فاش کر دیا اور پولیس کو ملزمہ تک پہنچنے کا اہم سراغ فراہم کر دیا۔

مان پاڑہ پولیس کے مطابق کے حاجی ملنگ روڈ پر واقع نیل کنٹھ سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں حمید اللہ اسلام اور حسیبہ نامی جوڑا گزشتہ ۶؍ ماہ سے رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ ۲؍ سے ۳؍ دن سے ان کا فلیٹ باہر سے بند تھا جس سے اچانک شدید تعفن اٹھنے لگا تو سوسائٹی کے مکینوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی اور تلاشی کے دوران باتھ روم میں رکھی ایک مشتبہ بوری کھولی گئی تو اس میں ایک مرد کی انتہائی سڑی گلی لاش برآمد ہوئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ۱۵؍ ڈبوں کی لوکل سے کلیان، دیوا اور ڈومبیولی اسٹیشن پر اتر سکتے ہیں

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول کو سر پر کسی دھاردار ہتھیار سے متعدد وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ملزمہ نے لاش کو بوری میں بند کیا اور اسے باتھ روم میں رکھ کر نل کھلا چھوڑ دیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزمہ نے لاش کو جلد گلانے کے لئے دانستہ طور پر باتھ روم کا نل کھلا رکھا تھا۔

سوسائٹی میں روزانہ پانی کی سپلائی شروع ہوتے ہی پانی براہِ راست بوری پر گرتا تھا جس کے باعث لاش تیزی سے گلنے لگی اور خون کے دھبے بھی پانی کے ساتھ بہہ گئے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ اس کا مقصد جرم کے تمام نشانات مٹا کر لاش کو بعد میں آسانی سے ٹھکانے لگانا تھا۔ واردات کے بعد ملزمہ حسیبہ کولکاتا فرار ہو گئی لیکن روانگی کے بعد اس نے مکان مالک کو ایک وائس میل بھیجا جس میں کہا تھا کہ فلیٹ کے باتھ روم کا نل کھلا رہ گیا ہے اور وہاں ایک ڈیڈ باڈی پڑی ہوئی ہے۔ یہ پیغام سنتے ہی مکان مالک کے ہوش اڑ گئے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: سونم وانگ چک کی حمایت میں زبردست احتجاج

مان پاڑہ پولیس کے سینئر انسپکٹر سندیپان شندے نے اس سلسلے میں بتایا کہ وائس میل کی بنیاد پر پولیس نے قتل کا معمہ سلجھانے میں اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے رکمنی بائی سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے جبکہ مفرور خاتون کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم کولکاتا روانہ کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK