Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ درد بہت گہرا ہے: ورلڈ کپ شکست کے بعد لیونل میسی نے خاموشی توڑی

Updated: July 21, 2026, 2:03 PM IST | Buenos Aires

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ۱۔صفر کی شکست کے ایک روز بعد ارجنٹائنا کے کپتان لیونل میسی نے پہلی بار اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک جذباتی پیغام میں میسی نے کہا کہ شکست کا درد ’’بہت گہرا‘‘ ہے، لیکن انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے، جس نے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے اسپین کو فتح پر مبارکباد بھی دی اور ارجنٹائنا کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

Lionel Messi. Photo: INN
لیونل میسی۔ تصویر: آئی این این

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں اضافی وقت میں ۱۔صفر کی شکست کے بعد ارجنٹائنا کے سپر اسٹار لیونل میسی نے پہلی مرتبہ اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ انسٹاگرام پر لکھے گئے اپنے پیغام میں میسی نے اعتراف کیا کہ اس شکست کا دکھ الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر بے حد فخر ہے۔ میسی نے لکھا، ’’درد بہت گہرا ہے اور یہ زخم شاید کبھی پوری طرح نہ بھر سکے، لیکن میں اپنے ساتھیوں پر فخر کرتا ہوں۔ ہم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ارجنٹائنا کبھی ہار نہیں مانتا۔ مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنا خود ایک بڑی کامیابی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پوری ٹیم نے آخری لمحے تک جدوجہد کی اور ملک کا سر فخر سے بلند رکھا۔ 

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Leo Messi (@leomessi)

۳۹؍ سالہ میسی نے اپنے پیغام میں ارجنٹائنا کے مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران دنیا بھر سے ملنے والی محبت اور حمایت ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ ٹرافی ان کے ہاتھ نہ آ سکی، لیکن ارجنٹائنا کے عوام کا اعتماد اور محبت ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے نئے عالمی چیمپئن اسپین کو بھی مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ یہ فائنل میسی کے شاندار بین الاقوامی کریئر کا تیسرا ورلڈ کپ فائنل تھا۔ اس سے قبل وہ۲۰۱۴ء میں جرمنی کے خلاف شکست کھا چکے تھے، جبکہ ۲۰۲۲ء میں فرانس کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بنے تھے۔ ۲۰۲۶ء کے ٹورنامنٹ میں بھی میسی نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی، متعدد اہم گول کیے اور ارجنٹائنا کو مسلسل دوسری مرتبہ فائنل تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں اسپین کے مضبوط دفاع کے سامنے ان کی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی۔ 

یہ بھی پڑھئے: فیفا ۲۶ء: اسپین کی انعامی رقم ۲۰؍ کرکٹ ٹیموں سے زیادہ

میسی کے اس جذباتی پیغام کو چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد نے پسند کیا اور ہزاروں مداحوں، سابق فٹبالرز اور کھیلوں کی شخصیات نے ان کے حق میں پیغامات لکھے۔ دوسری جانب، ارجنٹائنا کی ٹیم کو وطن واپسی پر بھی شاندار استقبال ملا، جہاں ہزاروں شائقین نے شکست کے باوجود اپنے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس دوران مستقبل میں میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں، اگرچہ انہوں نے اپنے پیغام میں اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK