• Wed, 03 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلجیم یو این کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو تسلیم کرے گا، فلسطین نے خیر مقدم کیا

Updated: September 02, 2025, 10:00 PM IST | Brussels

بلجیم یو این کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو تسلیم کرے گا، وزیر خارجہ میکسیم پریوٹ نے کہا کہ ان کے ملک کا یہ اقدام اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کے احترام کرنے پر مجبور کرنے کیلئے اٹھا یا گیا ہے، فلسطین نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

Belgium Foreign Minister Maxime Prevot . Photo: X
بیلجیم کے وزیر خارجہ میکسیم پریوٹ۔ تصویر: ایکس

بیلجیم کے وزیر خارجہ میکسیم پریوٹ نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران بیلجیم سرکاری طور پر فلسطین کو بحیثیت  ریاست تسلیم کرے گا۔ساتھ ہی اسرائیل پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ۔اس سے قبل فرانس نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ برطانیہ، کنیڈا، اور آسٹریلیا نے بھی ایسا کرنے پر زور دیا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل نے دوسال سے غزہ میں قتل عام کی پالیسی روا رکھی ہے۔ ہمارا یہ اقدام اسرائیلی عوام کو سزا دینے کے مترادف نہیں ہے،بلکہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے پر مجبور کرنے کیلئے ہے۔
دوسری جانب فلسطین نے بیلجیم کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بیلجیم کے وزیر خارجہ کے اس بیان کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی جانب ایک قدم قرار دیا۔فلسطینی وزارت نے دیگر ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ اس عمل کو جلد شروع کریں، نسل کشی، بے گھر ہونے، بھکمری کو روکنے کے لیے کوششوں کو تیز کریں، اور مسئلہ کو حل کرنے اور فلسطین کی زمینوں پر اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے کے لیے ایک حقیقی سیاسی راستہ اپنائیں۔
واضح رہے کہ بیلجیم کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران فلسطین کو تسلیم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، اور ان۱۴۷؍ ممالک میں شامل ہو گئے ہیں جو پہلے ہی ایسا کر چکے ہیں۔ تاہم غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک ۶۳؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ عملاً غزہ کی پوری آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کی ناکہ بندی نے پورے خطے میں قحط کی صورتحال پیدا کردی ہے۔جبکہ اسرائیل کے ان مظالم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔  بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر نیتن یاہو اور اس کے سابق وزیر دفاع یوآو گالینٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ساتھ ہی اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK